متفرق شعراء
عطا ہوگا ہمیں سب کچھ محمد کی اطاعت سے(صلی الله علیہ وسلم)
چلیں قرآن و سُنّت پر، بچیں ہر اک ندامت سے
نہایت سہل ہو جینا، ہمیں اللہ کی رحمت سے
نہیں ڈالے خدا نے گردنوں میں،طوق، رسموں کے
بچیں دُکھ سے، اُٹھائیں فائدہ ہر ایک نعمت سے
اِسی میں برکتیں ساری، وہ ہے جس کام میں راضی
فقط اُس سے ڈرو پیارو! نہ دنیا کی ملامت سے
رہے ہر حال میں مّدِ نظر، حکمِ خداوندی
کہ دل کی ہر کلی گلزار ہوگی، اُس کی الفت سے
خدا کے سارے حکموں کو، جو دل سے ہم بجا لائیں
نوازے گا ہمیں پھر، دو جہاں میں اپنی نصرت سے
نہیں کچھ فائدہ بے کار رسموں اور رواجوں سے
عطا ہوگا ہمیں سب کچھ محمدؐ کی اطاعت سے
ہمیں یہ راز بتلایا ہے، اُس کے پیارے مہدیؑ نے
اگر سکھ چاہتے ہو تو، ملے گا اس کی برکت سے
کریں ہم نازؔ اِن کے واسطے آسان سب راہیں
رہیں نسلیں، ہماری چین سے آرام و راحت سے
(طاہرہ زرتشت نازؔ۔ ناروے)
مزید پڑھیں: عہدِ سالِ نو