حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مورخہ 6؍ اپریل 2019ء کو جماعت احمدیہ برطانیہ کی واقفاتِ نَو اور 7؍ اپریل کو واقفینِ نَو کے اجتماعات میں شرکت اور بصیرت افروز خطاب
حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 6؍ اپریل 2019ء بروز ہفتہ جماعت احمدیہ برطانیہ کی واقفاتِ نَو (ناصرات و لجنہ) جبکہ اگلے روز مورخہ 7؍ اپریل بروز اتوار برطانیہ کے واقفینِ نَو (اطفال و خدام) کے نیشنل اجتماع کو برکت بخشی اور بصیرت افروز خطابات ارشاد فرمائے۔ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت اور رہنمائی سےبرطانیہ میں سال 2010ء سے باقاعدہ وقفِ نو کے سالانہ نیشنل اجتماع کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ ہر سال بہتری کی طرف مائل نظر آتا ہے۔
رپورٹ اجتماع واقفاتِ نَو (6؍ اپریل): لجنہ اماء اللہ برطانیہ کی معاونہ صدر برائے واقفاتِ نَو ڈاکٹر شہناز احمد صاحبہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے دوران برطانیہ کے 12؍ ریجنز (regions)میں واقفاتِ نَو کے ریجنل اجتماعات منعقد کیے گئےجبکہ 5؍ ریجنز نے واقفاتِ نَو کی ریجنل تربیتی کلاسز کا بھی انعقاد کیا۔ نیشنل اجتماع کی ٹیم نے اس سال کے دوران 9؍ ریجنز کا دورہ کیا۔ سال 2019ء کے سالانہ اجتماع میں 7؍ سال سے زائد عمر کی تمام واقفاتِ نَوکو شامل ہونے کی دعوت دی گئی اور اللہ کے فضل سے اس اجتماع میں 7؍ سے 15؍ سال کی 649؍ جبکہ 15سال سے زائد عمر کی 505؍ کل ملا کر 1154؍ واقفاتِ نَو نے شمولیت اختیار کی۔ اجتماع کا آغاز ساڑھے نو بجے صبح ناشتہ اور رجسٹریشن کے ساتھ ہوا۔ جس کے بعد افتتاحی اجلاس منعقد کیا گیا۔ صدر لجنہ اماء اللہ یو کے(قائمقام)محترمہ روبینہ ناصر صاحبہ نے اس اجلاس سے خطاب کیا۔
بعد ازاں واقفاتِ نَو کا سالانہ تحریری امتحان ہوا جس کے بعد مختلف عمروں کی ناصرات پر مشتمل گروپس کے لیے مختلف موضوعات پر ورکشاپس کا انتظام کیا گیا تھا۔ واقفاتِ نَو کی والداؤں کے لیے الگ سے ایک ورکشاپ بھی منعقد کی گئی۔
برطانیہ کی واقفاتِ نَو کے اجتماع کی اختتامی تقریب اس وقت ایک تاریخی ساز اور عالمی حیثیت اختیار کر گئی جب امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اس میں رونق افروز ہوئے اور انگریزی میں اس تقریب سے خطاب فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ پوری دنیا میں براہِ راست دیکھا اور سنا گیا۔(حضورِ انور کے خطاب کا اردو ترجمہ ان شاء اللہ الفضل انٹرنیشنل کی آئندہ کسی اشاعت کی زینت بنے گا۔)
رپورٹ اجتماع واقفینِ نَو(7؍ اپریل): سیکرٹری صاحب وقفِ نَو برطانیہ محترم مسرور احمد صاحب نے اس اجتماع کی اختتامی تقریب میں پڑھی جانے والی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امسال آغاز سے ہی واقفینِ نَو کی تربیت کی بابت حضورِ انور کی موصولہ ہدایات کی روشنی میں برطانیہ بھر کے صدران اور ریجنل مبلّغین سے رابطہ کیا گیا اورواقفینِ نَو کی تربیت کے لیے خصوصی کوششیں کی گئیں۔ نیز جامعہ احمدیہ یوکے کے تعاون سے انچارج شعبہ وقفِ نَو مرکزیہ محترم لقمان کشور صاحب کی جانب سے مہیا کردہ پروگرام کے مطابق بیس تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ ہمارے امسال کے اجتماع کا بنیادی themeبھی تربیت ہی ہے۔ واقفینِ نَو کی عمروں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے انہیں مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیاتھا جنہوں نے دن کے مختلف حصوں میں مختلف ورکشاپس میں حصہ لیا۔ ان میں بڑی عمر کے بچوں کے لیے جامعہ احمدیہ کا تعارف ، چھوٹی عمر کے بچوں کے لیے تربیتی اور تاریخِ اسلام کے موضوعات جبکہ تمام واقفین نَو کے لیے ‘وقفِ نَو کے حقیقی مقاصد’ کے عنوان پر محترم عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن کا خطاب بھی شامل تھا۔مزید برآں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی واقفینِ نَو کے لیے ہدایات کے موضوع پر ایک گفتگو بھی منعقد کی گئی۔امسال اجتماع میں شامل ہونے والے واقفینِ نَو وقفِ نَو کے سالانہ امتحان میں بھی شامل ہوئے۔ اس طرح آج 1310؍ واقفینِ نَو اورکل واقفاتِ نَو کے اجتماع کے دوران 1154؍ واقفاتِ نَو کُل ملا کر 2464؍افراد اس امتحان میں شامل ہوئے۔ دوپہر کے کھانے کے بعد محترم ڈاکٹر عبدالسلام صاحب کے بارہ میں ان کے بیٹے محترم احمد سلام صاحب نے ایک نہایت دلچسپ پریزینٹیشن پیش کی۔
آج کے اجتماع میں 7؍ سال سے زائدعمر کے تمام واقفینِ نَو کو مدعو کیا گیا تھا۔ ہمارے ریکارڈ کے مطابق برطانیہ میں اس گروپ کے واقفینِ نَو کی تعداد 2420؍ ہےچنانچہ اجتماع کی حاضری 1725؍ رہی جس میں ایک معمولی تعداد مہمانوں کی بھی شامل ہے۔ الحمد للہ
حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اپنی تمام تر مصروفیات میں سے وقت نکال کر اس اجتماع کی اختتامی تقریب کو بھی منوّر فرمایا او ر ایک بصیرت افروز خطاب فرمایا۔(اس خطاب کا اردو ترجمہ الفضل انٹرنیشنل کی آئندہ کسی اشاعت کی زینت بنے گا، ان شاء اللہ)
اللہ تعالیٰ تمام واقفینِ نَو کو حضورِ انور کی دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خدماتِ دینیہ بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭