تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن برطانیہ کا سالانہ اجلاس
تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن برطانیہ کا سالانہ اجلاس مورخہ 31؍ مارچ طاہر ہال بیت الفتوح میںمنعقد ہوا۔ نماز عصر کے بعد ایسوسی ایشن کی باسکٹ بال کی دو ٹیموں کے مابین انتہائی دلچسپ مقابلہ ہوا۔ تعلیم الاسلام کالج میں اپنے دور کے بہترین اور قومی سطح پر باسکٹ بال کھیلنے والے محترم مرزا عبد الباسط صاحب ، محترم حافظ مسعود صاحب ،محترم مرزا حفیظ صاحب اور محترم خالد رشید صاحب نے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اس کے علاوہ جناب فرید ڈوگر صاحب نے بھی عمدہ شارٹس کیں ۔ باسکٹ بال کے کھیل کےبعد باقاعدہ اجلاس کا آغازمکرم و محترم امام عطا المجیب راشد صاحب کی صدارت میں ہوا۔ مکرم ڈاکٹر عبدالباری ملک صاحب نے نظامت کے فرائض سر انجام دیے۔ مکرم ڈاکٹر طارق انور باجوہ نے تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز کیا۔ مکرم ڈاکٹر عبد الباری ملک صاحب، مکرم بشیر احمد اختر صاحب، مکرم ڈاکٹر سر افتخار احمد ایاز صاحب اور مکرم امام عطاءالمجیب راشد صاحب نے حاضرین سے مختصر طور پر خطاب کیا۔ اس کے بعد بیت بازی کا مقابلہ ہوا۔ دونوں ٹیمیں برابر رہیں۔
نماز مغرب کے بعد اجلاس کا دوسرا دور شروع ہوا۔ اس دور کی صدارت مکرم و محترم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ نے کی۔ تلاوت مکرم سید نصیر احمد صاحب جبکہ نظم مکرم عطاء الاعلی صاحب نے پیش کی۔ مکرم مبارک احمد صدیقی صاحب صدر تعلیم السلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن برطانیہ نے مختصر طور پر سالانہ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں قدم قدم پر امام وقت ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پر شفقت راہنمائی میسر ہے۔ ہم سب کو کوشش اور دعا کرنی چاہیے کہ ہم امام وقت کی توقعات پر پورا اترنے والوں میں سے ہوں۔ رپورٹ میں ساو ٹومے میں ایک پرائمری سکول کی تعمیر اور برکینا فاسو میں مسرور احمدیہ کالج کی تعمیر سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
اسکے بعد تقریب تقسیم انعامات عمل میں آئی۔ مکرم و محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ برطانیہ نے ایسوسی ایشن کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہا اور اپنی قیمتی نصائح سے نوازا ۔ خطاب کے بعد محترم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔ اسکے بعد حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ حاضرین کی تعداد دو سو کے قریب تھی۔
(رپورٹ شعبہ اشاعت۔ TICOSA)