Kale (قالے) بینن میں مسجد کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بینن کو مورخہ 12؍جون 2020ء کو پاراکو ریجن کی ایک کمیون بمبریکے کے گاؤں KALE(قالے )میں ایک خوبصورت مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
اوائل 2015ء میں پاراکو ریجن کے مبلغ سلسلہ مکرم مظفر احمد ظفر صاحب کی مساعی اور لوکل مشنری مکرم عبد الکریم محبی صاحب کی انتھک کوششوں سے یہ فولانی گاؤں جماعت احمدیہ کی آغوش میں آیا۔
گاؤں کے احباب کی قربانیوں اور ضرورت کے پیش ِ نظر یہاں ایک مسجد کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیاجس پر لوکل گاؤں کے احمدیوں نے لبیک کہتے ہوئے ایک قطعہ اراضی جماعت کے نام کر دی اور ابتدائی طور پریہاں ایک عارضی نماز گاہ بھی بنا لی۔
18؍دسمبر 2019ء کو اس وقت کے ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم میاں قمر احمد صاحب نے نیشنل مرکز کی اجازت سے مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا۔
اپریل 2020ء میں مسجد کی تکمیل ہوئی اور ماہِ جون کی 12 تاریخ بروز جمعۃ المبارک تقریبِ افتتاح منعقد ہوئی۔
افتتاح کے لیے نیشنل نائب امیر مکرم ابراہیم حمزہ صاحب، ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم مظفر احمد ظفر صاحب، مبلغ سلسلہ مکرم داؤد احمد صاحب اور Djougou(جُگّو)ریجن کے لوکل مبلغ مکرم الحاجی محمود صاحب پر مشتمل ایک جماعتی وفد گاؤں میں گیا۔
تقریبِ افتتاح
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع فولانی ترجمہ سے ہوا جو ایک مقامی خادم مکرم عبدالرزاق صاحب نے کی۔
تلاوت کے بعد جماعت کے صدر صاحب اور گاؤں کے چیف صاحب نے جماعتی وفد کی آمد پر خوش آمدید کہا اور اظہارِ تشکر کیا اور جما عت کی ترقیات کے لیے دعا ئیں دی۔ نائب امیر مکرم الحاج ابراہیم حمزہ صاحب نے احباب جماعت کو تربیتی امور کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مسجد کو آباد رکھنے کی تلقین فرمائی۔ اس کے بعد مکرم الحاجی محمود صاحب نے جماعتی مالی نظام اور مالی قربانی کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔
تقریب کے آخر پر ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم مظفر احمد ظفر صاحب نے خلافت احمدیہ سے محبت اور وفا کے تعلق کو قائم کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ رسمی افتتاح کے بعد الحاجی محمود صاحب نے خطبہ جمعہ دیا اور نمازِ جمعہ ادا کروائی۔ اس تقریب میں 105؍افراد نے شرکت کی۔
(رپورٹ: منتظر احمد نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)