حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(21؍ستمبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 31,253,976

صحت یاب ہونے والے: 22,838,629

وفات یافتگان: 965,193

٭…امریکی پروفیسر نوم چومسکی نے متنبہ کیا ہے کہ آب و ہوا کے بحران ، ایٹمی جنگ کے خطرے اور بڑھتی آمریت پسندی و جابریت کی وجہ سے دنیا انسانی تاریخ کے سب سے خطرناک موڑ پر ہے اور انسانوں کے ناپید ہونے کا اتنا خطرہ اس سے پہلے کبھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ میں ایسا کچھ نہیں تھا۔مجھے واضح طور پر یاد ہے کہ یہ خطرہ تھا کہ نازی ازم یوریشیا کے بیشتر حصے پر قبضہ کرسکتا ہے ، یہ بے کار تشویش نہیں تھی۔ امریکی فوجی منصوبہ سازوں نے یہ اندازہ لگایا تھا کہ جنگ امریکہ کے زیر اقتدار خطے اور جرمنی کے زیر اثر خطے کے ساتھ ختم ہوگی لیکن اس کے باوجود، یہ خوفناک حد تک زمین پر منظم انسانی زندگی کے خاتمے کی طرح نہیں تھا جس کا ہمیں آج سامنا ہے۔

٭…ٹرمپ انتظامیہ کے خصوصی نمائندہ برائے ایران ایلیٹ ابرامز نے کہا کہ ایران پر اقوام متحدہ کی تمام پابندیاں عملی طور پر رواں ہفتے رات 8 بجے کے بعد نافذ ہو جائیں گی۔ واشنگٹن کا یہ اقدام اسے سفارتی تنہائی کا شکار بنا سکتا ہے کیونکہ چین اور روس کے علاوہ امریکہ کے یورپی اتحادی اس اقدام کی مخالفت کر چکے ہیں۔جرمنی، برطانیہ اور فرانس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک خط میں لکھا کہ ایران کے خلاف دوبارہ پابندیوں کا نفاذ قانونی تقاضوں کے برعکس ہوگا۔

٭…امریکی صدارتی انتخابات کے لیے بعض ریاستوں میں ابتدائی ووٹنگ 18؍ستمبر بروز جمعہ سے شروع ہوگئی ہے۔

٭…لیبیا کے وزیراعظم فائز سراج نے آئندہ ماہ کے آخر تک اپنے عہدے سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں بحران کے فریقین کے درمیان مشاورت اور ملاقاتوں کا خیر مقدم کیا جس کا مقصد پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے اجرا سے قبل اداروں کو یکجا کرنا ہے۔ فائز سراج نے مزید کہا کہ وہ نئے وزیر اعظم کو اقتدار حوالے کرنے تک اقتدار میں رہیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکراتی کمیٹی اکتوبر کے اختتام سے قبل اپنا مشن پورا کر لے گی۔

٭…چین نے آبنائے تائیوان کے قریب اپنی خودمختاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوجی مشقیں ایک ایسے وقت میں شروع کردی ہیں جب ایک سینئر امریکی عہدےدار تائیوان کے دورے پر ہیں۔

٭… ترک حکومت نے یونانی اخبار میں صدر طیب اردگان سے متعلق توہین آمیز شہ سرخی کی مذمت کرتے ہوئے یونان کے سفیر کو طلب کر لیا۔ ترکی وزارت خارجہ کے مطابق ترکی نے یونان پر زور دیا ہے کہ اخبار کے خلاف کارروائی کرے۔

٭…چین میں حکومت کے زیر اثر اخبار گلوبل ٹائمز کے ایڈیٹر نے جون میں ہونے والی جھڑپ میں چین کو ہونے والے جانی نقصان کا ذکر کیا ہے جسے بھارت میں چین کی جانب سے اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کے اعتراف کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

٭…بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے 61 سالہ راجیو شرما فری لانس جرنلسٹ سمیت 3افراد کو چین کے لئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا اوران کی رہائش گاہ سے محکمہ دفاع سے متعلقہ کچھ خفیہ دستاویزات قبضے میں لے لیں۔ صحافی کے ساتھ چینی خاتون اور اس کے نیپالی پارٹنر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو مبینہ طور پر راجیو شرما کو معلومات کی فراہمی پر بھاری رقم دے رہے تھے۔

٭…بھارتی افواج نے اعتراف کیا ہے کہ جولائی میں کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے جو تین نوجوان اچانک لاپتہ ہوئے تھے انہیں بھارتی سپاہیوں نے ضلع شوپیاں میں ایک آپریشن کے دوران ہلاک کردیا تھا۔

٭…اسرائیل میں امریکی سفیر ڈیوڈ فرائڈ مین کا کہنا ہے کہ امریکہ فلسطینی صدر محمود عباس کو ہٹانے پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ امریکہ کی جانب سے محمود عباس کی جگہ سابق الفتح کے رہنما محمد دہلان کو فلسطین کا صدر بنایا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل کے ساتھ خلیجی ممالک کے تعلقات قائم کرنے کے اعلان کی مختلف فلسطینی تنظیموں کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینیوں کی سالانہ امداد بند کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہر سال فلسطین کو 75کروڑ ڈالرز امداد کے باوجود فلسطینی امریکہ کی بُرائی کرتے نہیں تھکتے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ ٹھیک نہیں ہے اور میری حکومت فلسطین کی امداد بند کر دے گی۔

٭…امریکی صدر کا کہنا ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی چینی ایپلی کیشنز کے ذریعے امریکہ کی قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور معیشت کو خطرے میں ڈالنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اتوار سے امریکہ بھر میں وی چیٹ ڈاؤن لوڈ کرنے پر مؤثر پابندی عائد ہو گی تاہم ٹک ٹاک کے موجودہ صارفین 12 نومبر تک یہ ایپ استعمال کر سکیں گے، 12 نومبر کے بعد ٹک ٹاک پر بھی امریکہ میں مکمل پابندی عائد ہوگی۔

٭…بیلاروس میں 9؍ اگست کو ہونے والے متنازعہ صدارتی انتخابات کے بعد صدر Alexander Lukashenko کے خلاف عوام کی جانب سے مظاہرے مسلسل جاری ہیں۔ صدر کا کہنا ہے کہ یہ مظاہرے مغربی ممالک کے ایماء پر ہورہے ہیں۔ جمعرات 17؍ ستمبر کو صدر نے فوج کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا اور ہمسایہ ممالک پولینڈ اور Lithuania سے منسلک اپنی سرحدیں بند کردیں۔

٭…پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ساتھ انسداد سائبر کرائمز ونگ کو سوشل میڈیا پر جرائم کے خاتمے کے حوالے سے فیس بک انتظامیہ نے ڈیٹا شیئرنگ پر اتفاق کر لیا۔فیس بک انتظامیہ نے سائبر کرائم کا مقابلہ کرنے اور سوشل میڈیا صارفین کی سائبر سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے ایف بی آئی کی پالیسی کے مطابق رابطے کی حامی بھر لی۔

٭…پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سونے اور تانبے کے اربوں ڈالر مالیت کے ریکوڈک پراجیکٹ میں ورلڈ بینک کے ثالثی ٹرائیبیونل کی جانب سے عائد کردہ چھ ارب ڈالر کے جرمانے کے فیصلے کے خلاف پاکستان نے حکمِ امتناعی حاصل کرلیا ہے اور اس اقدام سے جرمانے کی ادائیگی کے سلسلے میں پاکستان کو مئی 2021ء تک ریلیف حاصل ہوگیا ہے۔

٭…امريکہ کی رياست کيلیفورنيا اور ديگر مغربی رياستوں کے جنگلات ميں لگی خطرناک ترين آگ ماہ اگست سے مسلسل بھڑک رہی ہے۔ ان جنگلات کا دھواں سمندر پار شمالی يورپ کے کئی علاقوں کی فضاؤں کو آلودہ کر چکا ہے۔ ماہرين سيٹيلائيٹ کی مدد سے جنگلات کی آگ کے اثرات کو پوری دنيا ميں مانيٹر کر رہے ہیں اور اسے انتہائی شديد قرار ديا گیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں ميں مزيد دھواں يورپ کو لپيٹ ميں لے گا۔

٭…سوڈان میں جولائی سے ہونے والی شدید بارشوں سے 115؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہزاروں بے گھر ہونے والے لوگ آنے والی بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے شدید خطرے کا شکار ہیں۔

٭…برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ کووِڈ 19 انفیکشن (کورونا وائرس) کی دوسری لہر برطانیہ میں آنے والی ہے۔ لندن کے میئر صادق خان نے تصدیق کی ہے کہ کورنا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لندن اسمبلی کے اراکین نے نئے سال کی آمد پر ہونے والے روایتی آتش بازی کے مظاہرے کو منسوخ کیا ہے، اس سال یہ مظاہرہ کورونا کی وجہ سے نہیں ہو گا۔

٭…برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں سکولز دوبارہ کھلنے کے چند دن بعد ہی کورونا وائرس کی وجہ سے 15؍سکولوں کے ایک ہزار سے زائد بچوں کو آئیسولیٹ کر دیا گیا ہے۔ پرائمری سکولوں میں کوروناوائرس کے مثبت کیسز سامنے آئے تھے۔ سیکنڈری سکولوں کے بھی 200 طلبہ کو گھروں میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔ مذکورہ اسکولوں کے کلاسز کو مکمل طور پر ڈی انفیکٹ اور سینی ٹائز کر دیا گیا ہے، اساتذہ کو بھی گھروں میں قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

٭…پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہےاور اس بنا پر کھولے ہوئے سکول بند اور مزید کلاسوں کا اجرا موخر کیا جاسکتا ہے۔

٭…ایران میں محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر ملک میں ریڈ الرٹ (red alrert)کا اعلان کیا ہے۔ ایران کو کورونا وائرس کی تیسری لہر کا خدشہ ہے۔

٭…عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ براعظم یورپ میں Covid-19 کے پھیلاؤ میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ہفتہ وار بنیادوں پر ریکارڈ ہونے والے کیسز کی تعداد اس سے قبل وبا کے انتہا پر ہونے والے کیسز کی تعداد سے بڑھ گئی ہے۔ برطانیہ کے بعض علاقوں میں مزید احتیاطی پابندیاں لگائی جارہی ہیں۔ فرانس اور سپین کے بعض علاقوں میں بھی پابندیاں لگائی جارہی ہیں۔

٭…امریکہ نے کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ زمینی سرحد پر کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے غیر ضروری آمدورفت پر لگی پابندی کو 21؍اکتوبر تک بڑھا دیا ہے۔ امریکہ کی تیس ریاستوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

٭…کورونا وائرس کے حوالے سے کی گئی نئی تحقیق کے مطابق کراچی میں خون کی بیماریوں کا علاج کرنے والے صفِ اول کے ادارے نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ اس تحقیق کو آکسفورڈ یونیورسٹی پریس جرنل برائے پبلک ہیلتھ کی جانب سے شائع کیا گیا۔

فٹ بال: ہفتہ 19؍ستمبر کو انگلش پریمئر لیگ کے میچ میں Everton نے West Brom کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔ Leedsنے Fulhamکو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ Crystal Palace نے Manchester Unitedکو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔

ٹور ڈی فرانس:UAE-Team Emirates کے Tadej Pogacar نے اس سال کی ٹورڈی فرانس ریس جیت لی ہے۔ انہوں نے 19؍ ستمبر ہفتہ کے روز ہونے والی انفرادی ٹائم ٹرائل کی ریس میں Primroz Roglic کے برتری کو ختم کردیا تھا۔ اتوار کو ہونے والی سٹیج جس میں سائیکل سوار پیرس جاتے ہیں ایک فارمیلیٹی ہوتی ہے جس میں کوئی بھی سائیکل سوار ریس لیڈر کو چیلنج نہیں کرتا۔ Pogacar ٹور ڈی فرانس کی تاریخ کے کم عمر ترین فاتح ہیں۔ اس سال کے ٹور میں انھوں نے تین مرحلوں میں فتح بھی حاصل کی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button