کرسمس اور سالِ نَو کے آغاز پر مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کی جانب سے ملک گیر سماجی خدمات اور وقارِ عمل
مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے ممبران سماجی خدمات کے ذریعہ خوشیاں پھیلاتے ہوئےموسم سرما کی تعطیلات گزاررہے ہیں۔ چھوٹے سے چھوٹا رضا کار بھی کرسمس کے دنوں میں چاکلیٹ، پھول اور کھلونے پیک کرکے ملک بھر کے چلڈرن ہسپتال اور کیئرہومز میں پہنچارہا ہے۔ نیز NHS سٹاف کی اس عالمی وبا کے دوران اَن تھک خدمت انسانیت کو سراہتے ہوئے خدام الاحمدیہ کے ممبران انہیں تحائف پیش کررہے ہیں۔
ہر سال کی طرح امسال بھی مجلس خدام الاحمدیہ نے نئے سال کا آغاز تہجداور نماز فجرکی ادائیگی کے بعد اپنے شہروں، قصبوں اور ٹاؤنز کی سڑکوں کی صفائی کرتے ہوئے کیا۔ایک محتاط اندازے کے مطابق 343 مقامات پر کیے جانے والے اس ملک گیر وقارِ عمل میں ساڑھے چھ سو سے زائد خدام جبکہ اڑھائی سو سے زائد اطفال نے حصہ لیا۔ اس کارِ خیر میں سوا سو کے قریب دیگر ممبرانِ جماعت بھی شامل ہوئے۔
ڈاکٹر انس رانا صاحب (مہتمم خدمتِ خلق مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ) کا کہنا ہے: جیسا کہ ہم سب مشاہدہ کر رہے ہیں کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کا ہماری عائلی زندگی، معاشی اور ذہنی حالات پر گہرا اثر ہورہا ہے۔ اس صورت حال میں اسلام ہر مسلمان کو صدقہ و خیرات کرنے اور ضرورت مندوں کی اعانت کرنے کی ترغیت دلاتا ہے۔ہمارے پیارے رسول پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا فرمان ہے کہ کسی کے ساتھ نیکی کرنا بھی صدقہ ہے۔ اسی لیے ہم اپنے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہیں کہ فارغ بیٹھے رہنے کی بجائے ہمیں ان تعطیلات کو خدمت انسانیت میں مشغول رہ کر گزارنا چاہیے۔ اگرچہ بحیثیت مسلمان ہم Christmas نہیں مناتے، لیکن یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم معاشرے میں ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں اوران ناساز گارحالات میں ہر طرح سے ایک دوسرے کی مددو معاونت کریں۔
اب تک اس عالمی وبا کے دوران مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ نے 21,022گھرانوں تک خوراک و ادویات پہنچا کر انسانیت کی خدمت کی توفیق پائی ہے۔ پھر PPE کے 6,290 یونٹس فرنٹ لائن ورکرز تک پہنچائے گئے۔ اسی طرح گورنمنٹ کی طرف سے بھی 673,000کی تعداد میں PPE یونٹس ورکرز تک پہنچائے گئے۔ تا حال مجلس خدام الاحمدیہ نے 1,702 کھانے (meals)طلباء اور ان کے اہل خانہ کو، 10,036 کھانے فرنٹ لائن ورکرز کو اور 1,066 کھانے بے گھر افراد تک پہنچانے کی توفیق پائی ہے۔
مجلس خدام الاحمدیہ کی یہ تمام سر گرمیاں گورنمنٹ کی مجوزہ احتیاطی ہدایات کو ملحوظ رکھتےہوئےسر انجام دی جارہی ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کی جانب سے کیے جانے والے بے لوث خدمتِ خلق کے کاموں میں برکت ڈالے اور ان کے مثبت ثمرات سے نوازے۔آمین
(رپورٹ: ندیم احمد۔ معاون صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے)