صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام حضرت سر چودھری ظفر اللہ خان صاحب ؓ کے دستِ مبارک سے نائیجیریا میں پہلی احمدیہ مسجد ’’بیت فضل لیگوس‘‘ کا سنگ بنیاد
نائیجیریا مشن کی تاریخ میں 12؍ امان/ مارچ1943ء/ 1322ہش کا دن بڑی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس روز آنریبل حضرت چودھری محمد ظفر اللہ خاں صاحبؓ نے اپنے سفر امریکہ و انگلستان سے واپسی پر لیگوس کی پہلی احمدیہ مسجد کا سنگ بنیاد بعد نماز عصر رکھا۔ مبلغ نائیجیریا حکیم فضل الرحمن صاحب نے ایڈریس پیش کیا جس کے جواب میں چودھری صاحب نے روحانیت سے لبریز تقریر فرمائی۔
[ایڈریس اور اس کا جواب الفضل 4؍ ہجرت/ مئی 1943ء/ ۱۳۲۲ہش میں شائع شدہ ہے۔]
اس تقریب پر نائیجیریا کی سب مشہور جماعتوں نے اپنے نمائندے بھیجے۔ ہز ایکسی لنسی گورنر، چیف سیکرٹری اور دوسرے معزز حکام اور غیر سرکاری یورپین اور افریقن نیز سرعزیز الحق صاحب اور بمبئی کے نامزد گورنر ہز ایکسی لنسی سر جان کالول بھی موجود تھے اور غیر معمولی طور پر بہت بڑا مجمع تھا۔ سامعین حضرت چودھری صاحب کے خطاب سے بہت متاثر ہوئے اور پریس نے اس کی وسیع پیمانہ پر اشاعت کی۔
ہندوستان کے اخباروں میں سے اخبار ’’سٹیٹس مین‘‘(کلکتہ) نے اپنی 14۔ مارچ 1943ء کی اشاعت میں حسب ذیل خبر دی۔
’’جمعہ کے روز سر ظفر اللہ خاں صاحب نے لیگوس میں پہلی مرکزی احمدیہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس تقریب میں گورنر نیز سر عزیز الحق صاحب ہائی کمشنر برائے ہند (لنڈن)بھی موجود تھے۔ نائیجیریا کے احمدی مسلمان اپنے مرکز کے ساتھ گہرا اور عقیدت مندانہ تعلق رکھتے ہیں۔ مرکز نے نئی مسجد کی تعمیر کے لئے پانچ ہزار روپیہ کی گرانقدر امداد دی ہے‘‘۔(ترجمہ)
حکیم فضل الرحمٰن صاحب مبلغ نائیجیریا نے اپنے ایڈریس میں بتایا اس مسجد کے لئے پانچ ہزار روپیہ تو مرکزی بیت المال نے دیا ہے اور ایک ہزار پونڈ کے قریب نائیجیریا کے احمدیوں نے جمع کیا ہے۔ نائیجیریا کے اطراف و اکناف سے جو عطیے موصول ہوئے ہیں وہ اس کے علاوہ ہیں۔
لیگوس کی پہلی عالیشان مسجد قریباً ساڑھے پانچ ماہ میں پایہ تکمیل کو پہنچی۔ اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے اس کا نام ’’مسجد فضل‘‘ رکھا اور فرمایا کہ لنڈن کی پہلی مسجد کا نام بھی ’’مسجد فضل‘‘ ہے۔ اس کا نام بھی ’’مسجد فضل‘‘ رکھا جائے۔ اس مسجد پر جو حکیم فضل الرحمٰن صاحب مبلغ نائیجیریا کی نگرانی میں تعمیر ہوئی قریباً ایک ہزار پونڈ خرچ ہوئے۔ لیگوس کے احمدیوں نے جن میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل تھے، مسجد کی زمین کا ملبہ اٹھانے، بنیادیں کھودنے، بنیادیں بھرنے اور فرش لگانے کا کام خود کیا۔
مسجد لیگوس کا افتتاح 27۔ ظہور/ اگست 1943ء/ 1322ہش کو جمعہ ہی کے دن ہوا جس کی خبر نائیجیریا پریس نے بھی شائع کی۔
(تاریخ احمدیت جلد نہم (سابقہ ایڈیشن) صفحہ 468-469)