پہلا انٹرنیشنل احمدیہ پرنٹنگ ٹریننگ پروگرام
غانا میں جدید پرنٹنگ پریس کی تنصیب
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی آمد کے مقصد یعنی ‘‘تکمیل اشاعت ہدایت ’’کے لیے اللہ تعالیٰ اپنے وعدہ وَ اِذَا الصُّحُفُ نُشِرَتْ کے مطابق ہمیشہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی جماعت کو نت نئی ایجادات اور ترقیات سے نوازتا رہتا ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں :
’’اور نشر صحف سے اس کے وسائل یعنی پریس وغیرہ کی طرف اشارہ ہےجیساکہ تم دیکھ رہے ہوکہ اللہ تعالیٰ نے ایسی قوم کو پیدا کیا جس نے آلات طبع ایجاد کیے۔دیکھو کس قدر پریس ہیں جو ہندوستان اور دوسرے ملکوں میں پائے جاتے ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کافعل ہے تا وہ ہمارے کام میں ہماری مددکرے اور ہمارے دین اور ہماری کتابوں کو پھیلائےاور ہمارے معارف کو ہر قوم تک پہنچائے تا وہ ان کی طرف کان دھریں اور ہدایت پائیں۔‘‘
(آئینہ کمالات اسلام روحانی خزائن جلد 5صفحہ473)
اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے جرمنی کے ایک مخلص احمد ی خاندان کے افراد مکرم رانا شہزاد خان اور ان کے بھائی مکرم رانا مسعود ارشد خان صاحب کو ایک مکمل جدید پریس کی مشینری رقیم پریس غانا کو پیش کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ اس جدید مشینری جس میں کمپیوٹر سے پلیٹ بنانے والی مشین، کمپیوٹرائزڈ پانچ یونٹ پر مشتمل پرنٹنگ مشین ، کمپیوٹرائزڈ کٹنگ مشین کے علاوہ فولڈنگ و کولیٹنگ مشینیں بھی شامل ہیں۔
ان مشینوں کی آمد کے بعد رقیم پریس غانا کا شمار افریقہ کے پریسوں میں جدید ترین پریس کے علاوہ غانا کےجدید ترین پریسوں میں ہوتاہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب رقیم پریس غانا ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں لٹریچر بہت ہی کم وقت میں پرنٹ کر سکتاہے۔
ان تمام مشینوں کو چلانے کے لیے ایک ٹریننگ پروگرام رکھا گیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مکرم مظفر احمد ملک صاحب انچارج رقیم پریس یوکے کی نگرانی میں رقیم پریس غانا میں افریقہ کے احمدیہ پریسوں کے لیے ایک جامع ٹریننگ پروگرام کی منظوری عطا فرمائی۔
پروگرام کے لیے یورپ اور افریقہ بھر سے نمائندگان غانا پہنچے۔ مہمانوں کے قیام و طعام کا انتظام احمدیہ مسلم مشن ہاوس ٹیما میں کیا گیا تھا۔
29؍مارچ تا 10 اپریل 2019ء کو منعقد ہونے والے اس پروگرام میں 10 ممالک سے 20 نمائندگان نے شرکت کی۔
اس ٹریننگ پروگرام میں شاملین کو پرنٹنگ کےتین شعبہ جات (Pre Press, Press, Post Press (Finishing کی ٹریننگ مختلف سیشنز میں دی گئی۔اورتمام شاملین نے پرنٹنگ کے شعبہ میں اپنے تجربات کا ایک دوسرے سے تبادلہ بھی کیااور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت سے نئے تکنیکی نکات سیکھے ۔
اس ٹریننگ پروگرام کے دوران شاملین کو جماعت کے مختلف اداروں اور تاریخی مقامات کا دورہ بھی کروایا گیا۔ 10 اپریل 2019ء کو اس پروگرام کا اختتام ہوا۔مکرم ملک مظفر احمد صاحب نے جماعت احمدیہ غانا کی روایت کے مطابق خصوصی طورپر تیار کر دہ مفلر جس پر احمدیہ مسلم مشن غانا تحریر شدہ تھا تمام شاملین میں تقسیم کیے۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کو جماعت کے لیے بابرکت فرمائے اورحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی زیر قیادت حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے پیغام کو دنیا کے کناروں تک پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے ، آمین۔
(رپورٹ رفاقت احمد ڈوگر ، انچارج رقیم پریس غانا)
٭…٭…٭