قراردادِ تعزیت بروفات مکرم مودود احمد خان صاحب (امیر جماعت کراچی)
(از ممبران صدر انجمن احمدیہ پاکستان)
ہم ممبران صدر انجمن احمدیہ پاکستان مکرم مودود احمد خان صاحب امیرضلع کراچی کی وفات پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کرتے ہیں ۔جماعت احمدیہ کے یہ دیرینہ خادم مورخہ 14 جولائی 2018 کو78 سال کی عمر میں کراچی میں وفات پاگئے۔انا للّٰہ وانا الیہ راجعون
آپ 12 اپریل1941 میں مکرم نواب مسعود احمد خان صاحب اور صاحبزادی طیبہ صدیقہ صاحبہ کےہاں قادیان میں پیدا ہوئے ۔ آپ حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہ اور حضرت نواب محمد علی خان صاحب کےپوتے اور حضرت ڈاکٹر میر محمد اسمعیل صاحب کے نواسے تھے۔
جب محترم مودوداحمد خان صاحب کی پیدائش ہونے والی تھی تو آپ کی دادی حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ نے آپ کی والدہ محترمہ کو درج ذیل اشعارلکھ کر دیے۔
میرے مولاکٹھن ہے راستہ اس زندگانی کا
میرے ہر ہر قدم پر خود رہِ آسان پیداکر
تیری نصرت سے ساری مشکلیں آسان ہو جائیں
ہزاروں رحمتیں ہوں فضل کے سامان پیداکر
جو تیرے عاشق صادق ہوں فخرِ آلِ احمد ہوں
الٰہی نسل سے میری تو وہ انسان پیدا کر
( درّعدن صفحہ 73)حاشیہ ۔‘‘اس وقت ان کو پہلا بچہ ہونے کو تھا۔ مودوداحمدخان سلمہ تعالیٰ ’’
1996ء میں آپ امیر جماعت کراچی مقرر ہوئے ۔ 2016ء میں کراچی کی امارتوں کے قیام کے بعدآپ امیر ضلع کراچی مقررہوئے۔اس سے قبل نائب امیر اور سیکرٹری امور خارجہ کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔2007ء میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آپ کو صدر انجمن احمدیہ پاکستان کا ممبر مقرر کیا۔ آپ تحریک جدید انجمن احمدیہ کے بھی ممبر تھے ۔اس کے علاوہ آپ فضل عمر فاؤنڈیشن ، ناصر فاؤنڈیشن اور طاہر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر بھی تھے۔
آپ نے اپنے دورِ امارت میں کراچی کے احباب کا ایک مہربان بزرگ کی طرح خیال رکھا۔آپ عاجزی اورشفقت کے ساتھ سب کو ساتھ لے کرچلنے والے تھے۔ جماعتی خدمت کرنے والوں کی بہت قدر کرتے۔ سند ھ کے اسیران کے لیے بڑا کام کیا۔ کراچی کے شہداء کی فیملیزکا بہت خیال رکھا۔
آپ کم وبیش ہرروز اپنے کام سے سیدھے جماعتی دفتر آتے اور رات گئے تک جماعتی ذمہ داریوں کے لیے بیٹھتے تھے۔ہر آنے والے کو بڑی محبت اوراحترام سے ملتے ۔ مہمان نوازی کا وصف بھی بہت عمدہ تھا۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 19جولائی2019ء کے خطبہ جمعہ میں تفصیل کے ساتھ آپ کا ذکرِخیر کیا ہے حضورفرماتے ہیں:
‘شکووں سے شدید نفرت تھی اور یہ تو ہر کوئی ان کے متعلق کہتا ہے میں بھی گواہ ہوں ، سخت نفرت تھی اورمنع کیا کرتے تھے، کبھی کسی کے خلاف بات نہیں سنی ۔چغل خوری کے بھی یہ بہت زیادہ خلاف تھے اور ایک نصیحت جو آپ نے کئی بار کی یہ تھی کہ زندگی میں کسی سے امید نہ لگا نا جو کرنا ہے اپنی طاقت سے کرو تاکہ بعد میں کسی سے شکوہ نہ پید ا ہو۔’
‘سادہ طبیعت خوش اخلاق،ہمدرد ،منکسر المزاج اور شفقت کرنے والے تھے جن سے بھی آپ کا تعلق رہا ایسا ہی تھا کہ ہر کوئی کہتا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا کہ جیسے ہم سے سالہا سال کا تعلق ہے چاہے وہ جماعت کا چھوٹے سے چھوٹا کارکن ہو یا سینئر ممبر ہو ۔ خلافت سے انکا بے انتہاء ادب کا اور پیار اور اخلاص کا تعلق تھا ۔ان کے بیٹے کہتے ہیں مجھے اور میری بہن کو اور دوسرے بچوں کو بھی ہمیشہ تلقین کرتے کہ ہفتے میں ایک بار تم نے ضروری طور پر خلیفہ وقت کو اپنے حالات بتانے کا خط لکھنا ہے اور فیکس کرنی ہے اور اس تعلق کو بڑھانا ہے ۔’
فرمایا :‘خلافت کی اطاعت حقیقت میں بہت زیادہ تھی۔اور بڑا احترام تھا۔میرے خلیفہ منتخب ہونے کے بعد انہوں نے نہایت عاجزی سے،بلکہ جب حضرت خلیفہ رابع رحمہ اللہ نے ناظر اعلیٰ مقرر کیا ،اس وقت بھی انہوں نے نظام کا احترام کرتے ہوئے،ہر طرح سے وفا اور عزت کا سلوک کیا۔’
غرض آپ عاجزی و انکساری کا مرقّع تھے۔ خلافت کی محبت آپ کی رگوں میں رچی بسی تھی او ر احترام نظام جماعت کا وصف ہر ساتھ کام کرنے والے کو دکھائی دیتا تھا ۔ آپ ایک ہردل عزیز شخصیت تھے۔
دو سال قبل کینسر کی وجہ سے بیمار ہوئے، لیکن ٹھیک ہو گئے تھے اب اچانک بیمار ہوئے اور اللہ کو پیارے ہو گئے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بچے ہیں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ۔بیٹا مامون احمد ہے جو لاء کے شعبے سے وابستہ ہے جبکہ بیٹی شادی شدہ ہے اور اپنے شوہر کے ساتھ کینیڈا میں مقیم ہے۔
اللہ تعالیٰ ان سے مغفرت اور رحمت کا سلوک فرمائے۔ان کے درجات بلند فرمائے۔ان کے بچوں کو ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
ہم ممبران صدرانجمن احمدیہ پاکستان محترم مودوداحمد خان صاحب کی وفات پر حضورانور کی خدمت میں اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ اسی طرح ہم آپ کی اہلیہ محترمہ ،آپ کےبیٹے مامون احمدصاحب ،آپ کی صاحبزادی صاحبہ آپ کے بھائی محترم نواب منصوراحمد خان صاحب اور جملہ لواحقین سےبھی محزون دل کےساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ سب کو اس صدمہ میں صبرکی توفیق دے اور مرحوم کو اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین
والسلام۔ ہم ہیں ممبران صدرانجمن احمدیہ پاکستان
٭…٭…٭