افریقہ (رپورٹس)

تکمیلِ حفظ قرآن: مدرسۃ الحفظ گھانا کے ایک اور طالب علم کا اعزاز

خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 20؍مئی 2022ء عزیزم مسرور احمد متعلم مدرسۃ الحفظ گھانا نے تکمیل حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی۔ الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ یہ سعادت عزیزم و سلسلہ کے لیے مبارک فرمائے اور بچے کے لیے مزید کامیابیوں کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین۔

عزیزم 2 جولائی 2008ء کو گھانا میں پیدا ہوئےاور ٹی آئی احمد یہ سکول اکرافو سے JHS1 مکمل کرنے کے بعد مدرسۃ الحفظ میں داخل ہوئے۔ خداتعالیٰ کے فضل سے سکول میں ہر کلاس میں اول آتے رہے۔ عزیزم نے ایک سال تین ماہ اور بیس دن میں قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا۔ عزیزم پہلے پاکستانی نژاد گھانین حافظ ہیں اور مدرسۃ الحفظ گھانا (جس کا آغاز خلافتِ خامسہ کے مبارک دور میں یکم مارچ 2005ء میں ہوا) کے اب تک سب سے کم مدّت میں حفظ مکمل کرنے والے حافظ ہیں۔ الحمدللہ۔ یہ بچہ مکرم محمد اسلم صاحب مرحوم سابق کارکن دارالضیافت ربوہ کا پوتا، مکرم نعیم اللہ رفیق صاحب مرحوم آف دارالنصر غربی حلقہ منعم کا نواسہ اور خاکسار کا بیٹا ہے۔ عزیزم کو مدرسۃ الحفظ بھجوانے سے قبل یسرناالقرآن اور صحت تلفظ کے ساتھ قرآن کریم ناظرہ پڑھانے کی سعادت اس کی والدہ محترمہ عطیۃ الہادی صاحبہ کو ملی۔ بحیثیت استاد مورخہ 20 مئی کو خاکسار نے عزیزم سے آخری سبق سنا اور اس خوشی کے موقع پر عزیز نے اپنے جیب خرچ سے تمام طلباء میں شیرینی تقسیم کی۔ عزیزم وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے اورسیکنڈری سکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں داخلے کا خواہشمند ہے تاکہ مزید علم حاصل کر کے سلسلہ کی خدمت کر سکے۔ مدرسۃ الحفظ کے آغاز سے اب تک اس ادارے سے 76طلباء قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ اس وقت مدرسۃ الحفظ میں زیرِ تعلیم طلباء کی تعداد 20 ہے۔ احباب کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جملہ طلباء کو تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم کرنے، اسے ہمیشہ یاد رکھنے، اس پر عمل پیرا ہونے اور دوسروں کو سکھانے کی توفیق عطا فرمائے نیز ہم سب کو خلافتِ احمدیہ کے زیرِ سایہ قرآن کریم کی بہتر ین رنگ میں خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔آمین۔

(رپورٹ: حا فظ مبشر احمد جاوید(مربی سلسلہ)۔ انچارج مدرسۃ الحفظ گھانا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button