بھارت کے سات بڑے شہروں کے بُک فیئرز میں جماعت احمدیہ کی شمولیت اور تبلیغ اسلام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماہ نومبر؍دسمبر۲۰۲۳ء میں ہندوستان کی جماعتوں کو سات بڑے شہروں میں منعقد ہونے والے بُک فیئرزمیں جماعتی بُک سٹال لگا کر تبلیغ اسلام کے حوالہ سے مساعی کی توفیق ملی۔
جماعت احمدیہ آگرہ صوبہ یوپی، پونڈچری (یونین ٹریٹری)، پٹنہ صوبہ بہار، جمشیدپورصوبہ جھارکھنڈ، کوچی صوبہ کیرلہ اور جنوبی بنگال اور ڈبروگڑھ صوبہ آسام کی طرف سے ان شہروں میں منعقد ہونے والے بُک فیئرز میں جماعتی بُک سٹال لگا ئے گئے۔
جماعتی بُک سٹال میںمختلف زبانوں میں جماعتی لٹریچرکے ساتھ ساتھ موجودہ حالات کے پیش نظر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب’عالمی بحران اور امن کی راہ‘کو نمایاں کیا گیا۔ اسی طرح جماعت کی طرف سے شائع کردہ قرآن کریم کے مختلف تراجم بھی جماعتی بُک سٹالز میں رکھے گئے جو زائرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
ان بُک سٹالز پر آنے والے زائرین کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور اسلام اور قرآن مجید کی امن بخش تعلیمات کے حوالہ سے ان کے استفسارات کے جواب بھی دیے گئے اوراسلام کے متعلق ان کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔
سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قیام امنِ عالم کے حوالہ سے ارشادات پر مشتمل خوبصورت Flexesبھی جماعت کےبُک سٹالز میں آویزاں کیے گئے۔ ان بُک سٹالز میں تشریف لانے والوں کو لیف لیٹس اور دلچسپی ظاہر کرنے والے تعلیم یافتہ طبقہ کو جماعتی لٹریچر تحفۃً پیش کیے گئے۔ مقامی اخبارات اور نیوز چینلز نے بھی جماعت احمدیہ کے سٹالز کے متعلق خبریں شائع کیں جن میں قیام امن کے حوالہ سے جماعت کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
اللہ تعالیٰ ان بُک سٹالز کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)