فلسطین، سوڈان اور دیگر مسلمان ممالک کے لیے دعا کی تحریک
(۲۲؍مارچ ۲۰۲۴ء، اسلام آباد، ٹلفورڈ) امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۲؍مارچ ۲۰۲۴ء میں فرمایا:
دعاؤں میں فلسطینیوں کو بھی یاد رکھیں، جنگ کے علاوہ بھوک اور بیماری سے اب بچوں اور معصوموں کی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ اب تو یو این کے ادارے بھی یہ کہنے لگ گئے ہیں کہ یہ انسان کا پیدا کردہ قحط اور بھوک ہے، آفت ہے جو اسرائیلی حکومت کی سختی اور ڈھٹائی کی وجہ سے پیدا ہورہی ہے۔ اگر راستے کھل جائیں اور امداد جلد پہنچ جائے تو ابھی بھی بہتری آسکتی ہے۔
اسی طرح سوڈان کی عوام کے لیے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ان کے لیڈروں اور صاحبِ اقتدار لوگوں کو عقل دے۔ وہاں بھی بھوک اور بیماری سے لوگ مر رہے ہیں اور اپنے ہی لوگ اپنے ہم وطنوں پر ظم کر رہے ہیں۔ یہ سب اس لیے کہ ہوا و حوس ہے اور قرآنی تعلیم کو بھول گئے ہیں۔ اور جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھیجا گیا ہے، اس زمانے میں، اسے ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔
اسی طرح بہت سے دوسرے مسلمان ممالک کی حالت ہے، وہاں بھی کافی تکلیف دہ صورت حال ہے۔ حکومتیں اپنی عوام پہ ظلم کر رہی ہیں، آپس میں لوگ لڑ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان پر رحم کرے۔
پاکستان کے ہمارے احمدی اسیران کے لیے دعا کریں۔ یمن کے اسیران کے لیے بھی دعا کرتے رہیں۔ پاکستان میں عمومی حالات کے لیے بھی دعا کرتے رہیں، اللہ تعالیٰ وہاں احمدیوں کو محفوظ رکھے۔ (آمین)