حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ۔ اہم عالمی خبروں کا خلاصہ

٭…۱۲؍اپریل ۲۰۲۴ء کو آسٹریلیا کے معروف شہر سڈنی میں ویسٹ فیلڈ بوندی (Bondi) جنکشن پر یاک شاپنگ مال میں ایک چاقو بردار شخص کے لوگوں پر حملے میں سات افراد ہلاک ہوگئےجبکہ نامعلوم حملہ آور خاتون پولیس آفیسر کی فائرنگ سے مارا گیا۔ واقعے کی ویڈیوز بھی منظر عام پر آگئیں۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور نے لوگوں پر چاقو کے وار کیے، متعدد لوگوں کو زخمی کیا جن میں سے سات افراد جان کی بازی ہار گئے۔ لوگوں میں ہلچل مچنے پر ایک پولیس اہلکار نے حملہ آور پر فائرنگ کر دی اور وہ موقع پر ہی مارا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت کا عمل اور حملے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ واقعہ میں آٹھ ماہ کے بچے اور اس کی ماں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیاتھا۔اس واقعہ میں ایک احمدی پناہ گزین ۳۰؍سالہ فراز طاہر وہاں بطور سیکیورٹی گارڈ تعینات تھے، دوسروں کا دفاع کرتے ہوئے بوندی جنکشن کے ہولناک چاقو حملے میں جاں بحق ہوگئے۔ فراز طاہر نے اپنے آبائی ملک پاکستان میں ظلم و ستم سے تنگ آکر صرف ایک سال قبل آسٹریلیا میں آکر پناہ لی تھی۔ وہ جماعت احمدیہ کے فعال رکن تھے۔

٭…جرمنی کی اسرائیل کے لیے فوجی امداد اور اسرائیل کی حمایت کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں نکاراگوا کی درخواست پر دو روزہ سماعت ہو ئی۔ جرمنی پر الزام ہے کہ وہ نسل کشی کے جرم کی روک تھام کے کنونشن کے تحت اپنی ذمے داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ دوسری جانب جرمنی کے سرکاری ملازمین نے حکومت سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کر دیا۔چھ صد جرمن ملازمین نے چانسلر اولاف شولز اور دیگر سینئر وزراء کو خط لکھا ہے کہ اسرائیل کو فوری طور پر ہتھیاروں کی فراہمی بند کی جائے۔ یاد رہے گذشتہ سال جرمنی نے اسرائیل کو ۳۵۴؍ملین ڈالرز مالیت کے ہتھیاروں کی برآمدات کی منظوری دی تھی۔اسرائیل کے ہتھیاروں کا ۹۹؍فیصد امریکہ اور جرمنی سے آتا ہے۔

٭…برطانیہ آنے والے افراد کی تعداد محدود کرنے کےلیے نئے قواعد لاگو ہوگئے۔برطانیہ میں ہنرمند اور فیملی ویزا پر آنے والوں کےلیے کم از کم تنخواہ کی شرط میں اضافہ کردیا گیا۔سکلڈ ورکرز کے برطانوی ویزا کےلیے تنخواہ کی حد ۲۶؍ہزار ۲۰۰؍سے بڑھا کر ۳۸؍ہزار ۷۰۰؍پاؤنڈ کردی گئی۔فیملی ویزا کےلیے کم از کم تنخواہ کی حد بھی ۱۸؍ہزار ۶۰۰؍سے بڑھا کر ۲۹؍ہزار پاؤنڈ کردی گئی۔فیملی ویزا پر مقیم افراد پر ویزا کی تجدید کے وقت نئے قواعد کا اطلاق نہیں ہوگا۔

٭…برطانوی میڈیا نے تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ برطانوی مسلمان دیگر افراد سے سالانہ چار گنا زائد عطیات دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس مقامی آبادی کے افراد نے ۱۶۵؍پاؤنڈ کے عطیات دیے جبکہ مسلمانوں نے ۷۰۸؍پاؤنڈ کے عطیات دیے۔۷۵؍ہزار سے ایک لاکھ پاؤنڈ کمانے والے سب سے زیادہ چیریٹی دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں مسلمان بڑی مقدار میں پاؤنڈز عطیہ کرتے ہیں،۶۱؍فیصد مسلمان زکوٰۃ مسلم چیرٹیز اور ۱۴؍فیصد سیکولر تنظیموں کو دیتے ہیں۔ یہ تحقیق تین ہزار افراد سے کی گئی، جن میں مسلمانوں کی تعداد ایک ہزار تھی۔

٭…کینیڈا اور بھارت کے درمیان سفارتی تناؤ میں مزید اضافہ ہوگیا۔کینیڈا نے بھارت میں ڈپلومیٹک مشنز سے درجنوں بھارتی عملے کو فارغ کردیا۔کینيڈا نے موقف اپنایا ہے کہ سفارتی عملے کی کمی کے سبب ڈپلومیٹک مشنز کو منظم کرنا مشکل ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کا آغاز گذشتہ برس کینیڈا میں سکھ راہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد ہوا تھا۔ یاد رہے کہ کینیڈین وزیرا‏عظم نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام بھارتی حکومت پر عائد کیا تھا۔

٭…ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں اسرائیلی کمپنی کے پرتگالی جہاز پر قبضہ کرلیا۔پرتگالی جہاز ایم ایس سی ایریز اسرائیلی ارب پتی ایال اوفرکی کمپنی کا ہے۔ ایرانی قبضے میں لیے گئے جہاز پر فلپائن کا ۲۰؍رکنی عملہ ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی اسرائیلی کمپنی کا جہاز قبضے میں لینے کی تصدیق کردی ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق قبضے میں لیے گئے بحری جہاز کو ایرانی پانیوں میں منتقل کیا جارہا ہے، فلپائنی فلیگ والا بحری جہاز اسرائیلی بزنس مین کی کمپنی کا ہے۔

٭…سینکڑوں مسلح اسرائیلی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک گاؤں پر دھاوا بول دیا۔فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے کئی گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگادی، حملے میں ایک فلسطینی شہید اور پچیس زخمی ہوگئے۔ اس سال یہ اسرائیلی آبادکاروں کے سب سے بڑے حملے میں سے ایک ہے۔

٭…۲۰۲۴ء کا پہلا مکمل سورج گرہن ۸؍اپریل کو مغربی امریکہ کے علاقوں میں ہوا۔ ان علاقوں میں مکمل سورج گرہن قریباً ۸۰۰؍سال بعد ہوا ہے۔ یہ سورج گرہن یورپ کے مغربی حصوں امریکہ، کینیڈا، میکسیکو میں براہ راست عوام نے دیکھا، اس طرح دنیا کے جزوی حصوں میں مکمل اندھیرا چھا گیا۔سورج گرہن کے مناظر کو براہ راست دیکھنے کے لیے آنے والے عوام الناس کا کہنا تھا کہ وہ اس لمحے سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔ان علاقوں میں ایک بڑی تعداد نے اس موقع پر نماز کسوف ادا کی ۔ عوام الناس کا کہنا تھا کہ یہ منظر ان کی زندگی کا یادگار لمحہ ہے۔ ناسا کے خلائی سٹیشن سے بھجوائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرۂ ارض پر چاند کا سایہ کس طرح گزر رہا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button