نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضر وغائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 23؍جنوری 2016ء بروز ہفتہ قبل از نماز ظہر حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لاکر مکرم آفتاب احمد بٹ صاحب (آف لندن) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

مکرم آفتاب احمد بٹ صاحب (آف لندن) 21 جنوری2016ء کو 76 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم مکرم فضل الٰہی بٹ صاحب آف نیروبی کے بڑے بیٹے تھے جن کا تعلق کڑیا نوالہ ضلع گجرات پاکستان سے تھا۔ آپ 1975میں نیروبی سے یوکے شفٹ ہو ئے تھے۔ مرحوم نرم مزاج اور سب سے پیار کرنے والے مخلص اور باوفا انسان تھے۔ جماعت اور خلافت کے ساتھ گہرا تعلق تھا۔ اپنی جواں عمری میں کینیا میں جماعتی کاموں ، خاص طور پر خدمت خلق میں بہت خوشی سے حصہ لیتے تھے۔ پسماند گان میں اہلیہ کے علاوہ چار بچے اور متعدد پوتے پوتیاں یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ مکرم نثار احمد بٹ صاحب سابق سیکرٹری مال یوکے اور مکرمہ شفقت کھوکھر صاحبہ سیکرٹری مال لجنہ اماء اللہ یوکے کے بڑے بھائی تھے۔

اس کے ساتھ ہی درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی :

(1)محترمہ قیصر احمد صاحبہ (اہلیہ محترم محمد احمد صاحب مرحوم سابق صوبائی امیر تامل ناڈو و چنئی)

 15 جنوری 2016 ء کو 76 سال کی عمر میں وفات پاگئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دو صحابہ سید ارادت حسین صاحب ؓکی پوتی اور سید وزارت حسین صاحب ؓ کی نواسی تھیں ۔ مرحومہ کی شادی محترم محمد احمد صا حب آف چنئی سے ہوئی تھی جن کی وفات 2002ء میں ہوئی۔ آپ صوم وصلوۃ کی پابند، مہمان نواز، خوش مزاج، نرم زبان اور ہر ایک سے پیار اور محبت سے ملنے والی خاتون تھیں ۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ کے بڑے بیٹے مکرم شیراز احمد صاحب کو قادیان میں بطور ناظر تعلیم و نائب ناظر اعلیٰ خدمت بجالانے کی توفیق مل رہی ہے اورآپ کی بیٹی لجنہ اماء اللہ نارتھ لنڈن کی جنرل سیکرٹری اور لجنہ اما ء اللہ East Region کی نائب صدر کے طور پر خدمت کی توفیق پارہی ہیں ۔

(2)مکرمہ مبشرہ بیگم صاحبہ( اہلیہ مکرم صوفی محمد اسحاق صاحب مرحوم مبلغ سلسلہ مشرقی افریقہ۔ حال ربوہ)

4 جنوری2016 ء کو80 سال کی عمر میں وفات پاگئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت میاں محمد صاحب ؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں ۔ آپ نے مشرقی افریقہ میں اپنے میاں کے ساتھ بڑی وفا اور وقف کی روح کے ساتھ خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کو ایک لمبا عرصہ یوگنڈا میں بطور نیشنل صدر لجنہ اماء للہ خدمت کی توفیق ملی۔ آپ نے وہاں ایک بڑی تعداد میں احمدی اور غیر احمدی بچوں کو قرآن کریم پڑھایا۔ ربوہ آنے کے بعد آپ 10 سال تک اپنے حلقہ دارالعلوم غربی کی صدر رہیں ۔پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، اللہ پر توکل کرنے والی، بہت دعاگو، ہمسایوں اور رشتہ داروں کا خیال رکھنے والی، نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔آپ نہایت کفایت شعار، بے حد مہمان نواز اور سلیقہ مند خاتون تھیں ۔ آپ نے اپنے بچوں کی نہایت عمدہ تربیت کی۔ صاحب رؤیا اور کشوف تھیں ۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے یاد گار چھوڑے ہیں ۔

(3)مکرم چوہدری احسان اللہ صاحب (آف نبی سرروڈ۔ سندھ)

16جنوری 2016 کو 94 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو لمبا عرصہ سندھ میں جماعت کی زمینوں کی نگرانی کی توفیق ملی۔ آپ نے اپنی جماعت کے صدر اور مجلس شوریٰ کے ممبر کی حیثیت سے بھی خدمت کی توفیق پائی۔ اسیر راہِ مولا ہونے کا شرف بھی حاصل ہوا۔ متوکل علی اللہ تھے اورآپ کی خلافت سے محبت

 بے مثال تھی۔ نظام جماعت کی پابندی اور اطاعت کا خاص خیال رکھتے۔ جماعتی تحریکات اور چندہ جات کی ادائیگی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے۔ نماز با جماعت کی خاص پابندی کرتے اوربچوں کو بھی اس کی تحریک کیا کرتے تھے۔ غریب پرور، دوسروں کی ضرورتوں کو پورا کرنے والے، نہایت نیک اور مخلص انسان تھے۔ آپ کی ساری اولاد خدمت دین کی توفیق پا رہی ہے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور چھ بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ مکرم ڈاکٹر سمیع اللہ طاہر صاحب انچارج احمدیہ ہسپتال اپاپا نائیجیریا کے والد تھے۔

(4)مکرمہ کنول ناز صاحبہ ( اہلیہ مکرم عتیق الرحمان صاحب۔ جرمنی)

30 نومبر2015 ء کو 40 سال کی عمر میں بعارضہ کینسر وفات پاگئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ لجنہ میں مقامی سطح پر سیکرٹری تحریک جدید، سیکرٹری وقف جدید اور سیکرٹری تعلیم کے علاوہ مختلف جماعتی عہدوں پر تاوقت بیماری خدمت سرانجام دیتی رہیں ۔ بچوں کو ترتیل کے ساتھ قرآن کریم پڑھاتی تھیں ۔ ماہانہ آمدنی کے ملتے ہی سب سے پہلے چندہ ادا کیاکرتی تھیں ۔ نمازوں کی پابند، بہت شفیق، ملنسار، ہر مالی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی، بہت نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔ جماعتی پروگراموں میں بڑے اہتمام اور شوق سے حصہ لیا کرتی تھیں اور وقت سے پہلے پہنچتی تھیں ۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹی اورایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں ۔

(5)مکرمہ غلام فاطمہ صاحبہ( اہلیہ مکرم ملک غلام محمد صاحب مرحوم۔لالیاں )

30دسمبر 2015کو 75 سال کی عمر میں وفات پاگئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت محمدیار صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بہو تھیں اور مکرم ملک محمد خان صاحب سابق نائب افسر حفاظت خاص کی ہمشیرہ تھیں ۔ آپ کے میاں اپنے خاندان میں اکیلے احمدی تھے۔ آپ کو قرآن کریم سے بہت محبت تھی۔آپ کو کثیر تعداد میں اپنوں اور غیروں کے بچوں کو قرآن کریم پڑھانے کی توفیق ملی۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجدگزار، دعا گو، ہمدرد، ہر ایک کی خدمت کرنے اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنے والی، خلافت کی شیدائی، نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔ پسماندگان میں چھ بیٹیاں اورچاربیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ مکرم حنیف احمد ثاقب صاحب (مربی سلسلہ) کی ساس تھیں ۔

(6)مکرم صوبیدار دین محمد بھٹی صاحب (آف سیالکوٹ)

9نومبر 2015کووفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے تقریباً 20سال جماعت سیالکوٹ کینٹ صدر کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پائی۔آپ کو اپنی جماعت میں خوبصورت مسجد اور مربی ہاؤس تعمیر کروانے کی بھی توفیق ملی۔مرحوم نیک سیرت، ہمدرد، غریب پرور، احمدیت کے وفادار، نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

(7)مکرمہ حلیمہ طاہرہ صاحبہ( اہلیہ مکرم ماسٹر عبد السمیع خان صاحب۔آف ربوہ)

5جنوری 2016کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم چوہدری عبد المومن صاحب کاٹھ گڑھی کی بیٹی تھیں ۔ جنہوں نے لمبا عرصہ ناصرآباد اور محمود آباد سٹیٹس میں خدمت کی توفیق پائی۔ خلافت سے وفا اورپیار کا تعلق تھا۔ نظام جماعت کی اطاعت گزار، نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔ آپ مکرم عبدالمغنی زاہد صاحب مربی سلسلہ ضلع لاہور کی ہمشیرہ تھیں ۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 27؍جنوری 2016ء بروز ہفتہ قبل از نماز ظہر حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لاکر مکرمہ حمیدہ بیگم صاحبہ (اہلیہ مکرم چوہدری عبد الکریم صاحب مرحوم۔کرائیڈن) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

مکرمہ حمیدہ بیگم صاحبہ( اہلیہ مکرم چوہدری عبد الکریم صاحب مرحوم۔کرائیڈن) 23 جنوری 2016ء کو 82 سال کی عمر میں وفات پاگئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی حضرت مولوی محمد اسحاق صاحب ؓ آف کھریپٹر ضلع قصور کی بیٹی تھیں ۔ آپ جون 2013ٌٰٰٗٔٔٗٗٗٗٗء میں پاکستان سے یوکے شفٹ ہوئی تھیں ۔ ملاقات کی شدید خواہش کے باوجود بوجہ بیماری حضور انور سے ملاقات نہ کر سکیں ۔ انتہائی نیک، پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجدگزار اور قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت کرنے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں ۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور دوبیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔

اس کے ساتھ ہی درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی :

(1)مکرمہ صابرہ بیگم صاحبہ( اہلیہ مکرم محمد یٰسین شریف صاحب مرحوم آف سکندرآباد، انڈیا)

16 دسمبر2015 ء کو85 سال کی عمر میں وفات پاگئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم سیٹھ یوسف احمد الہٰ دین صاحب مرحوم کی ساس تھیں ۔ جب تک صحت اجازت دیتی رہی جلسہ سالانہ قادیان میں ہر سال شامل ہوتی تھیں ۔ آپ صوم و صلوٰۃ کی پابند، خلافت کی اطاعت گزار اور وفادار نیک اور ہمدرد خاتون تھیں ۔ پسماندگان میں چار بیٹیاں اور دو بیٹے یاد گار چھوڑے ہیں ۔

(2)مکرم رحیم خان صاحب( آف اڑیسہ۔ انڈیا)

 4 جنوری2016 ء کو 64 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے لمبا عرصہ جماعت کی خدمت کی توفیق پائی۔ آپ صوبائی سیکرٹری امور عامہ بھی رہے۔ اس کے علاوہ لوکل کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے نمایاں کام کیا۔ لوکل جماعت میں مسجد کی تعمیر اور اخراجات میں معاونت کی توفیق پائی۔ چندوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ غریب پرور، نظام خلافت اور نظام جماعت کے اطاعت گزار، انسانیت کی خدمت کرنے والے نیک اور شفیق انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ کے سب بچے جماعت کی خدمت کی توفیق پا رہے ہیں ۔

(3)مکرم سیف اللہ ہنجرا صاحب( ابن مکرم محمد اکرم ہنجرا صاحب مرحوم آف کینیڈا)

21دسمبر2015 ء کو اپنے روزگار پر کام کرتے ہوئے بلندی سے گر کر چند روزشدید زخمی رہنے کے بعد 25 دسمبر2015 ء کو 40 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد کو اپنے خاندان میں پہلا احمدی ہونے کا شرف حاصل ہے۔ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے مگر ہر دلعزیز تھے۔ سب کا خیال رکھتے، نہایت شفقت کرنے والے تھے۔ ایک لمبا عرصہ اپنی جماعت کے سیکرٹری مال رہے۔ آپ انتہائی عاجز، منکسر المزاج، خلافت سے گہری وابستگی رکھنے والے اور جماعت کے وفادار، بہت نیک اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار کمسن بچے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ مکرم محمد ظفر اللہ ہنجرا صاحب مربی سلسلہ لاس اینجلس کے چھوٹے بھائی تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button