واقفین نو (برطانیہ) کے نیشنل سالانہ اجتماع کا انعقاد
اختتامی تقریب میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی
بابرکت شمولیت اور اہم نصائح پر مشتمل خطاب
28 ؍فروری 2016 بروز اتوار طاہر ہال مسجد بیت الفتوح لندن میں شعبہ وقف نو جماعت احمدیہ برطانیہ کے زیر اہتمام سات سال سے اوپر کے واقفین نو کا نیشنل سالانہ اجتماع منعقد ہوا۔ صبح سے دوپہر تک واقفین نَو کو اُن کی عمروں کے لحاظ سے تین مختلف گروپس میں تقسیم کرکے مختلف مساعی عمل میں لائی گئیں ۔
یہ تین گروپس سات سے گیارہ سال تک، بارہ سے اٹھارہ سال تک اور اٹھارہ سال سے زائد عمر کے واقفین نَو پر مشتمل تھے۔
مختلف پروگراموں میں جامعہ احمدیہ یوکے کے طلباء کی طرف سے جامعہ کے بارہ میں ایک پریزنٹیشن، اسی طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے حوالہ سے ایک Interactive پروگرام نیز جماعت کے نظام شوریٰ سے متعلق ایک معلوماتی تقریر شامل تھے۔
تمام واقفین نو کا آن لائن امتحان بھی لیا گیا۔ یہ نظام پہلی دفعہ متعارف کروایا گیا اور اس سے امتحان کی مارکنگ اور نتائج کی تیاری میں بہت سہولت رہی۔
برطانیہ میں سات سال سے اوپر کے 1884 واقفین نو ہیں ۔ اس سال اجتماع میں 1269 واقفین نو شامل ہوئے۔ اختتامی اجلاس میں بعض واقفین نو کے والدین کے علاوہ دیگر مہمانان بھی شامل ہوئے۔
اختتامی اجلاس کی کارروائی حضورانور خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی تشریف آوری پر تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔ تلاوت کے انگریزی اور اردو ترجمہ کے بعد حضرت مصلح موعودؓ کی نظم ’نونہالان جماعت مجھے کچھ کہنا ہے‘ کے بعض منتخب اشعار پڑھے گئے جس کے بعد مکرم مسرور احمد چودھری صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو نے اجتماع کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے انگریزی زبان میں خطاب فرمایا جس میں حضور انور نے وقف کی اہمیت اور اس کے تقاضوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے نہایت اہم نصائح فرمائیں ۔
(حضور انور کے اس خطاب کی تفصیلی رپورٹ الفضل انٹرنیشنل کے کسی آئندہ شمارہ میں شائع کی جائے گی۔ انشاء اللہ)
دعا کے ساتھ یہ اجتماع بخیروخوبی اختتام پذیر ہوا۔




