امریکہ (رپورٹس)عالمی خبریں

مختصر عالمی جماعتی خبریں

(فرخ راحیل۔مربی سلسلہ، الفضل انٹرنیشنل،لندن)

 اس کالم میں الفضل انٹرنیشنل کو موصول ہونے والی جماعت احمدیہ عالمگیر کی تبلیغی و تربیتی مساعی پر مشتمل رپورٹس کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے۔

………………………

امریکہ

مڈویسٹ ریجن کا دوسرا سالانہ تربیتی اجتماع

 دسمبر کا مہینہ مڈویسٹ ریجن میں شدید سردی کا مہینہ ہے۔ خصوصاً شکاگو میں سردی، برف باری اور برفانی ہوائوں کی وجہ سے کسی قسم کی تقریب منعقد کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور اگر برف باری ہو جائے تو یہ بات نا ممکن معلوم ہوتی ہے۔

مکرم سید شمشاد احمد ناصر صاحب مربی سلسلہ شکاگوکی مرسلہ رپورٹ کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے گزشتہ 2 سالوں سے مڈ ویسٹ ریجن کو دسمبر کے مہینہ میں سکول کی تعطیلات کے دوران احباب اور بچوں کے لئے تربیتی اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔گزشتہ سال یہ اجتماع 19 اور20 دسمبر 2015ء کو مسجد بیت الجامع شکاگو میں ہوا۔

 اللہ تعالیٰ کے فضل سے گزشتہ 2 سالوں سے خلاف معمول ان دنوں میں برف باری نہیں ہوئی اور سردی کی شدّت میں بھی کمی رہی۔چنانچہ احباب، خواتین اور بچے دُور دُور سے تربیتی اجتماع میں شامل ہونے کے لئے آئے۔ الحمدللہ علی ذالک

اجتماع کے انعقاد کے بارہ میں ریجن کی کُل 11 جماعتوں کے صدران کی خدمت میں خطوط لکھے گئے اور بذریعہ فون بھی انہیں توجہ دلائی گئی۔

اجتماع کے مختلف اجلاسات منعقد کئے گئے جن میں لجنہ اور ناصرات کے الگ اجلاسات اور خدام اور اطفال کے الگ الگ اجلاسات شامل تھے۔

پہلا دن19؍دسمبر 2015ء

افتتاحی اجلاس مشترکہ اجلاس تھایعنی ناصرات، لجنہ، اطفال، خدام، انصار سب کے لئے تھا جس کی صدارت مکرم منعم نعیم صاحب نے کی۔ آپ نے احباب کو خوش آمدید کہا اور‘‘ہماری تعلیم’’ میں سے اقتباسات پڑھ کر سنائے۔اس سیشن میں مکرم ڈاکٹر احسان اللہ ظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے اپنا پیغام بھیجا جسے مکرم مرزا مغفور احمد صاحب نائب امیر امریکہ نے پڑھ کر سنایا۔ اس کے علاوہ دو تقاریر ہوئیں جن کا موضوع تھا ‘‘اخوت’’ اور ‘‘قول و فعل میں تضاد سے بچنا’’۔

اطفال کا سیشن تمام خدام اور انصار نے بھی سنا۔ بچوں نے درج ذیل موضوعات پر تقاریر کیں :1۔ درود شریف کی اہمیت۔2۔ سوشل میڈیا کے اثرات۔3۔ اطفال الاحمدیہ میں مالی قربانی کی اہمیت اور فوائد۔ 4۔Bullying : Leading The charge against bullying in school.5۔Peer pressure in school۔6۔ استغفار کی اہمیت اور طاقت اور اس کا استعمال۔ سیشن کے آخر پر اطفال کو ریمارکس دیئے گئے اور خلافت کی اہمیت اور برکات پر روشنی ڈالی گئی۔

 خدام الاحمدیہ کے سیشن میں درج ذیل عناوین پر خدام نے تقاریر کیں :1۔ فیملی لائف، جماعت اور Job کے کاموں میں کس طرح بیلنس رکھا جا سکتا ہے۔2۔ نماز باجماعت اور روزانہ تلاوت خوشی اور کامیابی کی کنجی ہیں ۔3۔Nobody (husband/wife) is perfectایک دوسرے کی کس طرح پردہ پوشی کرنی چاہئے۔4۔ نوجوانوں اور بچوں کے مشکل سوالات کا کس طرح جواب دینا ہے۔

اس سیشن کے آخر پر بھی ریمارکس دیئے گئے اور خدام کو نصائح کی گئیں ۔

جس وقت اطفال اور خدام کے سیشنز ہو رہے تھے اسی وقت ناصرات الاحمدیہ اور لجنہ اماء اللہ کے بھی الگ الگ سیشنز ہوئے۔ ناصرات کے سیشن میں سچائی کے موضوع پر Presentation دی گئی اور اس کے بعد دوسری شرط بیعت کے بارہ میں ایک ورکشاپ ہوئی۔

لجنہ اماء اللہ کے سیشن کا مرکزی موضوع تھا ‘‘ہمارے گھر ہمارے لئے جنت ہیں’’ ۔ اس سیشن میں ‘‘سوسائٹی کی اخلاقی بیماریوں’’کے بارے میں ایک ورکشاپ منعقد ہوئی۔

نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد ایک اور سیشن ہوا اور ایک ورکشاپ ہوئی جس کا عنوان تھا ‘‘مَیں دین کو دنیا پر مقدم رکھوں گی’’۔ خدام نے بھی نماز مغرب کے بعد گروپس میں اپنی دیگر ورکشاپس کیں اور پھر سب کے سامنے زیر بحث موضوع کے بارہ میں جوابات پیش کئے۔

نماز عشاء کے بعد پہلے دن کا آخری سیشن ہوا۔یہ سیشن مشترکہ سیشن تھا یعنی ناصرات، لجنہ، اطفال، خدام، انصار سب کے لئے تھا۔ مکرم مرزا مغفور احمد صاحب نائب امیر امریکہ کی صدارت میں اس سیشن کاآغاز تلاوت اور نظم سے ہوا۔پہلی تقریر قرآن، حدیث اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے ارشادات کی روشنی میں درج ذیل موضوع پر ہوئی: ‘‘غیر فعّال احباب کو کس طرح فعال بنایا جائے ’’۔دوسری تقریر مالی قربانی پر ہوئی۔ہر دوتقاریر کے بعد سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔ سوالات کی کثرت کے باعث مکرم مرزا مغفور احمد صاحب نے فیصلہ کیا کہ سوالوں کے جواب ہی دئیے جائیں وہ اپنی تقریر نہیں کریں گے۔یہ سیشن بہت دلچسپ رہا اور اور سب نے اسے پسند کیا۔ الحمدللہ۔

سوالات کے جوابات مکرم امام اعظم اکرم صاحب، مکرم صاحبزادہ مرزا نصیر احسان صاحب۔ مکرم صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب۔ مکرم فلاح الدین شمس صاحب اور مکرم سید شمشاد احمد ناصر صاحب نے دیئے۔

دوسرا دن 20؍دسمبر2015ء

اتوار کے دن با جماعت نماز تہجدکا اہتمام کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد درس بھی ہوا۔

10بجکر 30منٹ پر مکرم محترم مرزا نصیر احسان صاحب نیشنل سیکرٹری صاحب مال امریکہ کی صدارت میں اختتامی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد تین تقاریر ہوئیں جن کے عنوانات یہ تھے: ‘‘خلافت انسانیت کے لئے ایک مشعل راہ ہے ’’۔Actions of an Ahmadi Muslim ۔

 Heart to Heart ۔ آخر میں مکرم مرزا نصیر احسان صاحب نے صدارتی ریمارکس دیئے جس کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال حاضری 650 سے زائد رہی جبکہ گزشتہ سال 450 تھی۔

اجتماع کے موقع پر نیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ نے رشتہ ناطہ کے بارہ میں ایک ورکشاپ بھی کی جس میں رشتہ ناطہ کے بارے میں مسائل کا ذکر کر کے حل پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ مالی امور کے بارہ میں ریجن کے تمام سیکرٹریان مال کی نیشنل سیکرٹری صاحب مال امریکہ کے ساتھ بھی ایک میٹنگ ہوئی۔جس میں انہوں نے مالی امور کے بارہ میں ہدایات دیں ۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button