مختصر عالمی جماعتی خبریں
اس کالم میں الفضل انٹرنیشنل کو موصول ہونے والی جماعت احمدیہ عالمگیر کی تبلیغی و تربیتی مساعی پر مشتمل رپورٹس کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے۔
﴿مالی(مغربی افریقہ)﴾
مجلس انصار اللہ مالی کے چھٹے نیشنل اجتماع کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ مالی کو اپنا چھٹا نیشنل اجتماع مؤرخہ 16،17 ستمبر 2016ءمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔اجتماع کے انعقاد کے لئے ریجن ’’ساں‘‘ کا انتخاب کیا گیا جو دارالحکومت ’’باماکو‘‘ سے تقریباً 450 کلومیٹر کے فاصلہ پر شمال کی جانب واقع ہے۔ اس ریجن میں جماعت کا اپنا مشن ہے اور مرکزی مشنری کے علاوہ 2 لوکل مشنریز بھی کام کر رہے ہیں۔نیز ’’ساں‘‘ میں جماعت کا اپنا ریڈیو (Radio Tolerance)بھی ہے۔
اجتماع کا انعقاد’ساں‘ کے جماعتی مشن ہاؤس کے قریب ایک سکول میں کیا گیا جسے قبل از وقت وقار عمل کے ذریعہ تیار کیا گیا اور اس کی تزئین و آرائش کی گئی۔
15ستمبر2016ء کی شام سے مالی کے دیگر ریجنز سے وفود کی آمد شروع ہو گئی تھی۔ 16 ستمبربروز جمعۃ المبارک مکرم امیر صاحب جماعت مالی اور مکرم صدر صاحب انصاراللہ مالی نے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اجتماع کا آغاز جمعۃالمبارک کے دن نماز تہجد سے ہوا اور نماز جمعہ اور نماز عصر کی ادائیگی کے بعد افتتاحی اجلاس میں مکرم امیرصاحب مالی نے فَاسْتَبِقُوا الْخَیْرَات کے موضوع پر تقریر کی اور انصار کو جماعت میں اجتماعات کی اہمیت اور افادیت کے بارہ میں بتایا اور مختصراً انصار اللہ کی تاریخ بیان کی۔ اس کے بعد صدر انصار اللہ مکرم باشاکا تراورے صاحب نے انصار کو اجتماع میں خوش آمدید کہا اورانہیں اجتماع میں بھر پور حصہ لینے کی طرف توجہ دلائی۔ افتتاحی تقریب کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔
مکرم بلال احمدناصر صاحب مبلغ سلسلہ باماکو کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق مختلف علمی اور ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ اختتامی تقریب میں مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
60 جماعتوں کے 518 انصار نے اجتماع میں شرکت کی۔الحمد للہ۔ نیز ریجن ساں کی مختلف سیاسی، مذہبی اور سوشل شخصیات نے بھی شرکت کی۔ریجن ساں میں جماعتی ریڈیو کے علاوہ 3 پرائیویٹ ریڈیوز پر اجتماع کی خبر دی گئی اور اجتماع کے بعد ان 3 ریڈیوز نے اجتماع کی کارروائی کی رپورٹ بھی نشر کی۔
﴿جنوبی افریقہ﴾
ساؤتھ افریقہ کی جماعت کیپ ٹاؤن میں انٹرفیتھ پروگرام کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کیپ ٹاؤن کے زیر انتظام 28؍اکتوبر 2016ء کو مسجد بیت الاوّل میں ایک انٹرفیتھ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
مکرم منصور احمد زاہد صاحب صدر جماعت و مبلغ سلسلہ ساؤتھ افریقہ کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق اس پروگرام میں کیپ ٹاؤن کے علاقہ کے مقامی چیف Zwelidanile Eric V. Galada تشریف لائے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں اپنے مقامی مذہب میں امن کی تعلیمات اور روایات کے بارہ میں بتایا۔اسلام کی نمائندگی مکرم توفیق ہارگے صاحب نے کی۔آپ نے اپنی تقریر میں اسلام کی پُر امن تعلیمات پر بات کی ۔ بعد ازاں انہوں نے مہمانوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔
﴿فِجی﴾
جلسہ سیرت النبی کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ فجی کو نیشنل جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ و سلم 13؍نومبر 2016ء بمقام مسجد محمود ماروؔمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔
پروگرام چونکہ انصار اللہ کے تحت تھا اس لئے مقررین بھی انصار بھائیوں سے ہی چُنے گئے۔
مکرم سیف اللہ مجید صاحب مبلغ سلسلہ ناندی فجی کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق پروگرام کا آغاز ساڑھے دس بجے امیر و مشنری انچارج فجی مکرم محمود احمد صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ درج ذیل عناوین پر تقاریر ہوئیں
1.&Holy Prophet’s teachings on family values.اطاعت ِرسول صلی اللہ علیہ و سلم
Holy Prophet’s kindness to humanity.
رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا بے مثال توکّل علی اللہ
پروگرام کی اختتامی تقریر مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب فجی نے کی۔آپ نے احادیث نبویہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ارشادات عالیہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے درود شریف کے فضائل و برکات بیان کئے۔ آخر پر آپ نے دعا کروائی۔
پروگرام کی کُل حاضری 168 رہی۔
﴿کروشیا﴾
کروشیا کی سالانہ عالمی بُک فیئر 2016ء میں جماعت احمدیہ کی کامیاب شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کروشیا کو ملک کے سالانہ اور عالمی بُک فیئر بنام Interliberمیں حصّہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ اس کا انعقاد کروشیا کے دار الحکومت زاغرب کے مشہور Exhibition Hall میں ہوتا ہے۔ دو بڑے ہالوں میں سینکڑوں لوگوں اور تنظیموں نے اپنے اپنے بُک اسٹال لگائے ہوتے ہیں جن سے استفادہ کرنے کے لئے ایک لاکھ سے زیادہ افراد کی آمد و رفت چھ دنوں کے لئے جاری رہتی ہے۔
2016ء میں بھی جماعت احمدیہ کروشیا نے بفضلہٖ تعالیٰ مؤرخہ 8تا13نومبر 2016ء اس بُک فیئر میں حصّہ لیا اور اسلام احمدیت کی تبلیغ و تشہیر کی۔ الحمد للہ علی ذالک۔
مکرم باسل بھٹی صاحب مربیٔ سلسلہ کروشیا کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کے علاوہ جماعت کی پچاسی مختلف کتب ، پمفلٹ اور بروشرز کو کروشین اور بازنین زبان میں لوگوں کے استفادہ کے لئے پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں roll-ups کے ذریعہ سے اسلام اور احمدیت کے بنیادی مضامین کو جامع طریق پر نمایاں کیا گیا کہ لوگ گزرتے گزرتے بھی کم از کم اسلام اور احمدیت کے نام اور بنیادی تعلیم سے آشنا ہو سکیں۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام اور آپؑ کے پانچوں خلفاء کی ایک ایک بڑی تصویر بھی نمائش کی زینت تھی۔ بہت سے لوگ انہی تصاویر کو دیکھ کر رُکتے تھے اور ان میں دلچسپی پید اہوتی تھی کہ ذرا دیکھیں کہ یہ کون ہیں۔ اس کے علاوہ قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں نسخے جو نمایاں طور پر اور خاص وقار کے ساتھ مزیّن کئے گئے تھے وہ بھی لوگوں کی دلچسپی کا باعث بنے۔
Interliber کا ایک حصّہ بُک فیئر کا ہوتا ہے اور ایک حصّہ کتب کے تعارف اور دیگر لیکچرز کے لئے مختص ہوتا ہے۔ چنانچہ اس غرض کے لئے انتظامیہ کی طرف سے ایک سٹیج کے ساتھ ساتھ سامعین کے لئے تقریباً ڈیڑھ سو کرسیوں کا بھی انتظام ہوتا ہے اور ان ایام میں دن بھر کوئی نہ کوئی لیکچر ہوتا رہتا ہے۔جماعت احمدیہ کروشیا نے بھی اس سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے ایک لیکچر کروشین زبان میں ’’اسلام میں عورت کا مقام اور اس بارہ میں تعصبات کا ردّ‘‘ کے موضوع پر پیش کیا۔ اس لیکچر میں اس عنوان پر قرآنِ کریم کی تعلیم پیش کی گئی اور حاضرین کی آسانی کے لئے ایک presentation بھی ساتھ ساتھ دی گئی۔ لیکچر کے بعد مختلف احباب نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مل کر اپنی آراء بھی بتائیں، سوال بھی کئے اور مزید رابطہ کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
اس سٹال میں گیارہ نئے brochures بھی فراہم کئے گئے جو حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف مقامات پر خطابات کے تراجم پر مشتمل تھے اور اسی طرح مندرجہ ذیل چھ نئی کتب بھی شامل کی گئیں:
1۔ ضرورۃ الامام، 2۔سراج الدین عیسائی کے چار سوالوں کے جواب، 3۔ ایک عیسائی کے تین سوال اور اُن کے جوابات،4۔اسلامی معاشرہ میں عورت کا کردار، 5۔ اسلام میں عورت کا مقام، 6۔ An Elementary Study of Islam۔
سب سے زیادہ قرآن کریم کا بازنین ترجمہ لوگوں نے خریدا۔ تقریباً پندرہ ہزار کی تعداد میں کتب اور رسائل تقسیم کئے گئے۔
﴿برطانیہ﴾
برطانیہ کی جماعت تھورنٹن ہیتھ میں امن کانفرنس کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سےبرطانیہ کے ساؤتھ ریجن کی جماعت تھورنٹن ہیتھ کو مورخہ 20؍نومبر 2016ء امن کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پروگرام کا آغاز شام ساڑھے پانچ بجے مہمان خصوصی مکرم عطاء المجیب راشد صاحب مبلغ انچارج یوکے کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم فیض احمد زاہد صاحب مبلغ سلسلہ کیٹ فورڈ یوکے نے جماعت کا تعارف پیش کیا اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب یوکے نےقرآنی آیات اور احادیث کی روشنی میں ’’معاشرہ میں امن کس طرح ممکن بنایا جا سکتا ہے‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں مہمانوں کو سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔ سوال و جواب کا سلسلہ تقریباًایک گھنٹہ تک جاری رہا۔
مہمانوں کے تأثرات
بعد ازاں کچھ مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا
٭…ایک مقامی سیاستدان نے کہا کہ آج کے پروگرام میں شامل ہو کر انہوں نے اسلام کے متعلق بہت کچھ سیکھا ہے اور جماعت کو چاہئے کہ اس امن کے پیغام کو جلد دنیا میں پھیلائے۔
٭…ایک پادری صاحب نےپروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے اسلام کے متعلق وہ باتیں سنی ہیں جن کا انہیں پہلے علم نہیں تھا نیز پروگرام میں شامل ہو کر بڑی شدّت سے احساس ہوا ہے کہ اسلام کے خلاف دہشتگردی کا الزام لگانا بہت بڑی زیادتی ہے اور اس الزام کو دور کرنے کے لئے جماعت کو اپنی تمام کوششیں بروئے کار لانی چاہئیں۔
پروگرام کے آخر پر مکرم عطاء المجیب راشد صاحب نے دعا کروائی ۔ اس کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔
کانفرنس میں 35 غیر مسلم مہمانوں نے شرکت کی جن میں دو چرچوں کے پادری صاحبان، ایک لوکل سیاستدان اور ’’آج‘‘ ٹی وی چینل کا ایک نمائندہ بھی شامل تھا