خطبہ نکاح
فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 09 جنوری2016ء بروز ہفتہ مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا۔
خطبہ مسنونہ کی تلاوت کےبعدحضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا۔
اس وقت مَیں دونکاحوں کے اعلان کروں گا۔ پہلا نکاح عزیزہ عالیہ ندیم ظفر بنت مکرم ندیم احمد ظفر صاحب کینیڈا کا ہے جو عزیزم قاصد نصیر وڑائچ متعلم جامعہ احمدیہ کینیڈا ابن مکرم مبارک نذیر وڑائچ صاحب کے ساتھ پانچ ہزار کینیڈین ڈالرز حق مہر پر طے پایا ہے ۔
حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا۔
اگلا نکاح عزیزہ عمارہ احمد خان واقفۂ نو کا ہے جو بشیر احمد خان صاحب کی بیٹی ہیں۔ یہ عزیزم وقاص احمد ابن مکرم احمد جری اللہ خان صاحب جرمنی کے ساتھ چھ ہزار یورو حق مہر پر طے پایا ہے ۔
حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا
دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان نکاحوں کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور دونو ں فریقین کو، لڑکے کو بھی ، لڑکی کو بھی اور ان کے خاندانوں کو بھی اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ایک نکاح مربی سلسلہ بننے والے کا ہے اور دوسری واقفہ ٔ نَو لڑکی ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے واقفات نَو اور واقفین نَو کی تعداد ہر سال بڑھتی جا رہی ہے اور لوگ اپنے بچوں کو پیش کرتے ہیں لیکن حقیقی واقفین نَواور واقفات نَواور جامعہ میں تعلیم حاصل کرنے والے وہی لوگ ہیں جو اس بات کو ہمیشہ یاد رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق تقویٰ پر چلنا ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنے کی کوشش کرنی ہے۔ اور اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے جب بلوغت کی عمر کو پہنچتے ہیں ، جب رشتے ہوتے ہیں ، شادیاں ہوتی ہیں اس وقت اُن حقوق و فرائض کو بھی ادا کرنا ہے جو اللہ تعالیٰ نے ایک عائلی زندگی کے لئے مقرر فرمائے ہیں۔اور ایک دوسرے کی ذمہ داریوں کو نبھانا ہے۔
اللہ کرے کہ یہ آج قائم ہونے والے رشتے ان باتوں کا خیال رکھنے والے ہوں اور نہ صرف خود بلکہ آئندہ نسلوں کی بھی ایسے رنگ میں تربیت کریں جس سے نیک اور خادم سلسلہ پیدا ہوتے رہیں۔اور خلافت کے وفا دار پیدا ہوتے رہیں ۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مشن کو آگےبڑھانےوالےپیداہوتےرہیںاورآنحضرت ﷺ کے جھنڈے کو دنیا میں گاڑنے والے پیدا ہوتے رہیں۔ اب دعا کرلیں۔
(مرتبہ۔ظہیر احمد خان مربی سلسلہ۔انچارج شعبہ ریکارڈ دفتر پی ایس لندن)
٭…٭…٭ؕ