یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مالٹا کےپہلے جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد

(لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا)

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام اور
احباب جماعت کو زرّیں نصائح۔ مختلف موضوعات پر تقاریر۔ 60 افراد کی شرکت

(رپورٹ لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ وصدر جماعت مالٹا)

خداتعالیٰ کے خاص فضل وکرم اور پیارے آقا کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ مالٹا کو مؤرخہ 10 دسمبر 2017ء بروز اتوار پہلے جلسہ سالانہ کے کامیاب انعقاد کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک۔

جلسہ سالانہ کا انعقادایک مقامی ہوٹل The Waterfront Gzira میں کیا گیا ۔ ہال کو قرآنی تعلیمات پر مشتمل Roll-Up Banners کے ذریعے سجایا گیا تھا۔ ہال کا ایک حصہ لجنہ کے لئے اور ایک حصہ طعام کے لئے مختص کیا گیا تھا

پہلااجلاس

جلسہ کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، اس کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کا منظوم کلام پیش کیا گیا۔اس جلسہ سالانہ کے لئے حضرت سیدنا خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اپنا خصوصی پیغام عطافرمایا جو لئیق احمد عاطف مبلغ سلسلہ و صدرجماعت مالٹا نے پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں مکرم حسیب رحمان صاحب نے ’حضرت مسیح موعود ؑ کی بعثت کا مقصد‘ کے عنوان پر انگریزی زبان میں اور مکرم اویس احمد صاحب نے ’ذکرالٰہی‘ کے عنوان پر اردو زبان میں تقریر کی۔ اس کے بعد مالٹا جماعت کے پہلے واقف نو مکرم نعمان عاطف صاحب نے، جن کی عمر دس سال ہے، ’سچائی کی اہمیت‘ کے عنوان پر انگریزی زبان میں تقریر کی۔ اس اجلاس کی اختتامی تقریر خاکسار لئیق احمد عاطف مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا کی تھی۔ اس تقریر میں احباب جماعت کو اخلاقی تربیت اور بطور احمدی ہماری ذمہ داریوں کے حوالہ سے نصائح پیش کیں۔ اس تقریر کے بعد اجلاس برخواست ہوا اور نمازِ ظہر و عصر اداکی گئیں۔

دوسرا اجلاس

دوسرے اجلاس میں غیراز جماعت اور عیسائی دوستوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد تین مہمان مقررین مکرم Ivan Bartolo Hon.صاحب ممبر آف پارلیمنٹ، مکرمہGraziella Schembri صاحبہ کاؤنسلر اورحزب ِاختلاف کی جماعت میں چیئرپرسن Equal Opportunities Forumاور مکرم Bryan Corlett چیئرپرسن UPF نے خطاب کیا۔ اس کے بعد مکرم حامد راجہ صاحب نے ـ’مذہب کی ضرورت اور اہمیت ‘ کے عنوان پر خطاب کیا۔ اس اجلاس کا اختتامی خطاب مبلغ سلسلہ مالٹا کا تھا۔ ’اسلام کیا ہے؟ اور غیر مسلموں کے ساتھ حسن سلوک کے بارہ میں اسلامی تعلیمات‘ کے عنوان پر اور قرآنی آیات اور سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں اسلام کی خوبصورت تعلیم پیش کی۔ اختتامی دعا کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔ اس جلسہ کی تمام کارروائی جماعت احمدیہ مالٹا کے یُوٹیوب چینل پر دیکھی جاسکتی ہیںجس کے لئے مالٹا جماعت کی ویب سائٹ www.ahmadiyya.org.mt وزٹ کریں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کی کل حاضری 60 رہی۔ جس میں 32 احمدی، 8 غیر از جماعت مسلمان اور 20 عیسائی دوست شامل ہوئے۔ الحمدللہ

پیغام حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ

برموقع جلسہ سالانہ مالٹا

بسم اللہ الرحمن الرحیم

نحمد ہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم وعلیٰ عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ ھوالناصر

پیارے احباب جماعت احمدیہ مالٹا

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمدللہ کہ جماعت احمدیہ مالٹا کو اپنے پہلے جلسہ سالانہ کے انعقاد کی سعادت مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ جلسہ کے تمام انتظامات میں برکت ڈالے۔ اور اس جلسہ کو ہر لحاظ سے خیروبرکت کا باعث بنائے اور آپ کو اس کی روحانی برکات سے پوری طرح فیضیاب ہونے کی توفیق دے۔ آمین

اللہ تعالیٰ کا حقیقی عبد بننے کے لئے ضروری ہے کہ اس کی عبادت کا حق ادا کیا جائے اور نماز عبادت کی ایک بہترین شکل ہے۔ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا اعلیٰ ذریعہ ہے اور مومن کی روحانی زندگی کی حفاظت کے لئے ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ کی عبادت ہی وہ طاقت ہے جس کے بل بوتے پر احمدیت نے دنیا میں اسلام کو غالب کرنا ہے۔ یہی وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعہ احمدیت کی گاڑی رواں دواں ہے۔

آپ جو جلسہ کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں یہ عہد کریں کہ نماز اپنے وقت پر ادا کریں گے۔ میں نے پہلے بھی اس طرف کئی دفعہ توجہ دلائی ہے کہ کوشش کریں کہ مسجد جاکر باجماعت نماز ادا کی جائے۔ اگر مسجد نہیں ہے تو جہاں کچھ احمدی ہیں وہاں نماز سنٹر بنائیں اور وہاں احمدی اکٹھے نماز ادا کریں۔ گھروں میں اپنے بیوی بچوں کے ساتھ نماز باجماعت کا اہتمام کریں۔ اپنے گھروں کو اس طرح سجائیں کہ وہ عبادتِ الٰہی سے معمور ہوجائیں۔ اللہ آپ کو اس کی توفیق عطافرمائے۔

پھر دوسری بات یہ ہے کہ ہر احمدی جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت میں شامل ہوتا ہے وہ دینی، اخلاقی و علمی بہتری کے لئے ایک عہد کرتا ہے۔ میرا آپ کو یہ بھی پیغام ہے کہ ہروقت شرائط بیعت کو اپنے سامنے رکھیں۔ اپنے اندر پاک تبدیلیاں پیداکریں۔ آپ نے جھوٹ سے بچناہے، خیانت سے بچناہے، تکبر سے بچنا ہے اور اپنے روحانی معیاروں کو بڑھانا ہے اور عبادات کے اعلیٰ معیار قائم کرنے ہیں۔

اللہ تعالیٰ کا آپ پر بڑا احسان ہے کہ اس نے آپ کو خلافت کی نعمت سے نوازا ہے جس کے ذریعہ ہر لمحہ آپ کو اپنے عہد بیعت کی طرف توجہ دلائی جاتی ہے۔ اس نعمت کی قدر کریں اور اس کی ہدایات اور راہنمائی کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ سے ہمیشہ ڈرتے رہیں۔ عاجزی و انکساری اختیار کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خلافت احمدیہ کا کامل فرمانبردار بنائے۔ اطاعت کے اعلیٰ نمونے پیش کرنے کی توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو اور آپ کو بے شمار فضلوں سے نوازے۔ آمین۔

والسلام

خاکسار

مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المیسح الخامس

اللہ تعالیٰ کے بے پناہ فضل واحسان اور محبوب آقا کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ مالٹا کا پہلا جلسہ نہایت کامیاب رہا اور ہم اس تاریخی موقع پر خداتعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہیں۔ اس جلسہ کے انعقاد پر تمام احبابِ جماعت نہایت خوش تھے اسی طرح مہمانوں نے بھی اس جلسہ کے انتظامات اور تقاریر کو بہت سراہا اور پہلے جلسہ کے انعقاد پر جماعت کو مبارکباد پیش کی۔ چند مہمانوں کے تاثرات حسب ذیل ہیں

٭ مکرم Ivan Bartolo صاحب ممبر آف پارلیمنٹ نے کہا کہ

ـ’’علامہ اقبال نے ایک دفعہ بیان کیا کہ’ اسلام بنیادی طور پر امن کا مذہب ہے اوردہشتگردی کا مذہب نہیںہے جو کہ تلوار سے پھیلاہو‘۔ یہ ہے وہ اسلام کی تصویر جو میں احمدیہ کمیونٹی میں دیکھتاہوں۔ میں برسلز اور لندن میں بھی جماعت احمدیہ کے پروگراموں میں شامل ہوا ہوں اور ہمیشہ امن و سلامتی کا پیغام ہر جگہ پر مشترک پایا ہے۔ احمدیہ مالٹا کا جلسہ کی دعوت پر شکریہ۔ اس جلسہ میں شامل ہونا میرے لئے اعزاز ہے۔ میں احمدیت کو گزشتہ آٹھ سالوں سے جانتا ہوں اور میں نے جماعت احمدیہ سے بہت کچھ سیکھا ہے۔میں یہ سمجھتا ہوں کہ احمدیت مالٹا کے لئے ایک asset ہے ۔ ہم سب انسان ہیں مگر ہم میں سے بعض نے روحانیت کا راستہ اختیار کیا ہے تاکہ خداتعالیٰ کا قرب حاصل ہوسکے۔ جب میں جماعت احمدیہ کے پروگراموں میں شامل ہوتا ہوں تو میں اس جماعت میں خداتعالیٰ کی موجودگی کو محسوس کرتا ہوں۔‘‘

٭ ایک مہمان مکرم Franklin Wilmot صاحب اپنی اہلیہ کے ساتھ اس جلسہ میں شریک ہوئے تھے کہنے لگے کہ ـ’’میں officially تو جماعت احمدیہ مالٹا کا ممبر نہیں ہوں مگر دلی طور پر میں اپنے آپ کو اس جماعت کا ممبر تصور کرتاہوں۔ ممبران جماعت نے بڑی محبت سے ہمیں خوش آمدید کہا۔ میں جماعت احمدیہ کے متعدد پروگراموں میں شامل ہوا ہوں مگر یہ پروگرام نہایت significant تھا۔ جماعت احمدیہ دوسرے لوگوں کو بھی ساتھ engage کرتی ہے۔ خاص طور پر میری خواہش ہے کہ مجھے لئیق احمد عاطف کی تقریر کی کاپی مل جائے کیونکہ یہ بہت ہی اہم خطاب تھا اور بجائے اس کے کہ اسلام کیا نہیں ہے آج ہمیں یہ سننے کا موقع ملا ہے کہ درحقیقت اسلام ہے کیا؟ It was a very powerful message. اور میں یقین رکھتا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یہ تقریر سننی چاہئے کیونکہ یہ تقریر اسلام کی وہ تصویر پیش کرتی ہے جو عا م طور پر ہمیں میڈیا میں سننے کو نہیں ملتی۔ اور میں اس کی بہت حوصلہ افزائی کرتاہوں۔‘‘

٭ لوکل کاؤنسلر نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہـ’’سب سے پہلے جماعت احمدیہ مالٹا کو نہایت کامیاب جلسہ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتی ہوں۔اس جلسہ کے انعقاد سے جہاں ہمیں معلومات share کرنے کا موقع ملا وہیں ہمیں ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کا بھی موقع ملا ہے۔ اس طرح کے جلسوں کے انعقاد سے ہم معاشرے میں ہم آہنگی کے قیام کے لئے مضبوط طریقے تلاش کرسکتے ہیں۔‘‘

٭ ایک مہمان نے بیان کیا کہ ’’آج کے تاریخی جلسہ میں جو کہ جماعت احمدیہ کا پہلا جلسہ ہے، مجھے شامل ہو کر بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے۔ میںجلسہ کی روح اور جاذبیت سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ میری خواہش ہے دوسری مذہبی جماعتیں بھی ایسے پروگراموں کا حصہ بنیں تاکہ ہم سب مل کر ایک خاندان کی طرح کا ماحول پیدا کریں اور تمام رکاوٹیں ختم کرکے بڑے مقاصد کے لئے ایک ہوجائیں۔‘‘

٭ ایک مہمان نے بیان کیا کہـ ’’پہلا جلسہ سالانہ بہت کامیاب رہا۔ تقاریر بھی دلچسپ اور معلوماتی تھیں اور خاص طور پر صدرجماعت احمدیہ مالٹا کی تقریر بہت متاثر کن تھی ،انہوں نے اسلام کی حقیقت بیان کی ہے اور بانی اسلام کی سیرت کی روشنی میں عملی نمونے بھی پیش کئے ہیں۔‘‘

٭ ایک مہمان نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ’’میں اپنے لئے یہ اعزاز سمجھتا ہوں کہ مجھے اس جلسہ میں اپنی فیملی کے ساتھ شامل ہونے کا موقع ملا۔ احمدیہ مسلم کے ساتھ میرا محبت،دوستی اور احترام کا رشتہ ہے۔ جو میں نے اس جماعت میں دیکھا ہے میں خداتعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ جن لوگوں سے میں اپنی روزمرہ کی زندگی میں ملتا ہوں اْن سب میں بھی اس جماعت کی خصوصیات پیدا ہوجائیں۔ خداتعالیٰ آپ کے ساتھ ہو۔ ‘‘قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں جلسہ کی برکات سے مستفیض فرمائے، ہمیں نیکی و تقویٰ میں ترقی کرنے کی توفیق دے، ہمیں مال ونفوس میں بڑھائے، ہمیں بیعتیں عطافرمائے اورہمیں اپنا سینٹر اور مسجد عطافرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button