عالمی خبریں

مختصر عالمی جماعتی خبریں

(فرخ راحیل۔مربی سلسلہ، الفضل انٹرنیشنل،لندن)

اس کالم میں الفضل انٹرنیشنل کو موصول ہونے والی جماعت احمدیہ عالمگیر کی تبلیغی و تربیتی مساعی پر مشتمل رپورٹس کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے۔

﴿بینن (مغربی افریقہ)﴾
بینن کے ریجن داسا کے ایک گاؤں ’’بوگی‘‘میں احمدیہ مسجد کا بابرکت افتتاح
(خلاصہ رپورٹ مرسلہ:مکرم مرزا انوار الحق صاحب۔مبلغ سلسلہ بینن)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بینن کو ریجن داسا (Dassa)کے ایک گاؤںبنام ’’بوگی‘‘ (Gbogui) میں مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔

یہ گاؤں ریجنل سینٹر داسا سے 45کلو میٹر مغرب کی جانب ملک ٹوگو کے بارڈر کے قریب واقع ہے۔اس علاقہ میں تبلیغی مساعی کے نتیجہ میں جماعت کا نفوذ 2016ء میں ہوا اور لوکل معلّم ’’الحاجی محمود ڈیکو‘‘(Alhaji Mahmood Dicko) صاحب کے ذریعے ان لوگوں نے احمدیت قبول کی۔ قبولِ احمدیت کے بعد بڑے اخلاص اور محبت کے ساتھ اسلام احمدیت پر قائم ہیں اور گزشتہ سال(2017ء)میں گاؤں کے لوگوں نے اتفاق رائے سے مین روڈ کے قریب 100×100میٹر پر مشتمل ایک خطہ زمین مسجد کے لئے تحفۃًپیش کیا۔قانونی کارروائیوں کے بعد22 جنوری 2018ءکو اس مسجد کے سنگِ بنیاد کی تقریب منعقد کی گئی جس میں بوگی کے تمام احبابِ جماعت اور علاقے کے سرکردہ افراد نیز اس علاقے کے سینٹرل امام صاحب نے بھی شرکت کی۔ دعا کے ساتھ مسجد کی تعمیر شروع کردی گئی۔

مقامی جماعت کے بڑے، چھوٹے، مردو زن اور بچوں نے اپنی اپنی حیثیت کے مطابق نہایت جوش و خروش کے ساتھ مسجد کی تعمیر میں حصہ لیا اور کارکنان کے کھانے اور رہائش کا بند و بست کیا۔ اس علاقہ میں خشک سالی میں پانی کی بہت قلّت ہوتی ہےلہٰذا پانی 2کلو میٹر دور ایک برساتی نالے سے لایا جاتا۔ مکرم عبدالمجیب بھٹی صاحب ڈائریکٹر احمدیہ بائی لنگول سکول داسا نے مسجد پر آیات اور اسماء باری تعالیٰ لکھنے میں مدد کی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ڈیڑھ ماہ کی مدّت میںتعمیر مکمل ہوئی۔ مسجد کا مسقّف حصّہ 100مربع میٹر ہے جس کے باہر 32مربع میٹر کا صحن بھی ہے اور مسجد کے 5 مینارہیں۔اس میں کل 200؍افراد بآسانی نماز ادا کرسکتے ہیں۔ مسجد پر کل ساڑھے پانچ ملین فرانک سیفا یعنی 7750پاؤنڈ خرچ ہوئے۔

9 مارچ 2018ء کو مسجد کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔مکرم مرزا انوار الحق۔ مبلغ سلسلہ بینن کے سُسر مکرم محمد رمضان بھٹہ صاحب مرحوم کی خواہش تھی کہ وہ اپنی طرف سے ایک مسجد صدقہ جاریہ کے طور پر تعمیر کروائیں۔ ان کی زندگی میں توان کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی ۔ چنانچہ اب ان کے بیٹے مکرم رضوان وسیم بھٹہ صاحب نے اپنے والدین کی طرف سے یہ مسجد بنوائی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔اس افتتاحی تقریب میں وہ یُوکے سے تشریف لائے۔مکرم رانا فاروق احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن مصروفیات کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں شامل نہ ہو سکے۔آپ نے ایک وفد بھجوایا جس میں مکرم راجی ابراہیم صاحب نائب امیر بنین ،مکرم شہود راجی صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم بنین اور مکرم منتظر صاحب مبلغ سلسلہ شامل تھے۔ قریب کی جماعتوں سے 300سے زائد افراد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم مع فرنچ اور لوکل زبان میں ترجمہ سے ہوا۔قصیدہ کے بعد معزز مہمانوں کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع دیا گیا۔سب نے مسجد کی تعمیر پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور مسجد کی خوبصورتی کو سراہا۔جن احباب نے زمین تحفۃً دی تھی انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت فخر ہے کہ ہماری زمین کسی اچھے مقصد کے لئے استعمال ہوئی ہے اور خوبصورت مسجد کی تعمیر سے گاؤں کی شان میں اضافہ ہوا ہے۔پولیس کمشنر کے نمائندے نے کہا کہ آپ بلاخوف وخطر یہاں عبادت کرسکتے ہیں۔ ہم ہر لحاظ سے آپ کو سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ آخر پر مکرم رضوان وسیم بھٹہ صاحب نے بھی اپنے تأثرات میں جماعت کو مبارکباد دی اور مسجد کو آباد رکھنے کی طرف توجہ دلائی نیز اپنے والدین کی طرف سے مسجد کی تعمیرکی قبولیت کے لئے دُعا کی درخواست کی۔

اس کے بعد تمام احباب جماعت ، سرکردہ افراد اور مرکزی وفد کی موجودگی میں فیتا کاٹا گیا۔ دعاکے بعد مکرم مرزا انوار الحق صاحب مبلغ سلسلہ بینن نے جمعہ پڑھایا۔ جمعہ کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا جو وہاں کی لوکل لجنہ نے تیار کیا تھا۔

پیارے آقا نے ازراہِ شفقت مسجد کا نام ’’مسجد محمود ‘‘ عطا فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو مخلص نمازیوں سے ہمیشہ آباد رکھے۔ آمین

﴿آئیوری کوسٹ﴾
مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ کے 11ویں سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد
(خلاصہ پورٹ مرسلہ: مکرم باسط احمد صاحب۔مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ 6اور7؍اپریل بروز جمعہ اور ہفتہ مہدی آباد آبی جان میں نہایت کامیابی اور جماعتی روایات کے ساتھ اپنا نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
اجتماع کے لئے ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں متعدد اجلاسات اور وقار عمل منعقد کئے۔ مہدی آباد میںانصار کی رہائش کا انتظام تربیتی سینٹر کی عمارت اور اس سے ملحقہ شیڈ کو کور (cover)کیا گیا تھا۔جبکہ مارکیز لگا کر پنڈال بنایا گیا تھا۔ورزشی مقابلہ جات کے لئے وسیع گراؤنڈکو ہموار اور صاف کیا گیا اور بیٹھنے کے لئے شامیانے اور کرسیوں کاانتظام تھا۔ملک کے 16ریجنز سے انصار کی آمد کا سلسلہ اجتماع سے ایک روز قبل 5؍اپریل بروز جمعرات سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ اجتماع میں شرکت کے لئے ملک نائیجر سے بھی دو افراد اڑھائی ہزار کلومیٹر کا فاصلہ بذیعہ بس طے کرکے تشریف لائے۔

پہلا دن۔6؍اپریل 2018ء بروز جمعہ

6؍اپریل بروز جمعہ صبح 4بجے نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی ۔ نماز ِفجر کے بعد عبادت ِ الٰہی اور اس کی اہمیت کے عنوان پردرس دیا گیا۔

پرچم کشائی اور افتتاحی اجلاس

ناشتہ کے بعد صبح 9بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم عبد القیوم پاشا صاحب امیر و مشنر ی انچارج آئیور ی کوسٹ نے انصار اللہ کا جھنڈا لہرایا جبکہ مکرم امیر صاحب نے قومی پرچم لہرایا اور دعا کروائی۔

افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ سے ہوا۔ عربی قصیدہ کے بعد تمام حاضرین نے مکرم صدر صاحب انصار اللہ کے پیچھے عہد دہرایا۔بعد ازاں مکرم الحسن تیرو صاحب صدر مجلس انصاراللہ آئیوری کوسٹ نے افتتاحی تقریر کی۔ تمام حاضرین کو خوش آمدید کہنے کے بعد آپ نے انصار کو اجتماع کے پروگرامز میں بھر پور شرکت کرنے کی تلقین کی اورمحبت، پیار، بھائی چارے کو فروغ دینے نیز اپنی ذمہ داریوں کو احسن رنگ میں ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

اس کے بعد اجتماع کے مرکزی موضوع ــ’’ خلافتِ احمدیہ اور انصار اللہ کی ذمہ داریاں ‘‘پر مکرم ڈاکٹر نظام الدین بدھن صاحب انچارج احمدیہ کلینک آبی جان نے نہایت مدلل اور پُر مغز تقریر کی جس کا رواں جولا ترجمہ مکرم عبد الرحمٰن وترا صاحب نے کیا۔ حاضرین نے اس تقریر کو نہایت توجہ سے سنا اور سراہا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سپین سے براہ راست فرنچ اور جولا ترجمہ کے ساتھ سنایا گیا۔بعد ازاں مقامی طور پر جمعہ ادا کیا گیا۔ نماز جمعہ اور عصر جمع کر کے اد ا کی گئیں۔

کھانےکے بعد اجتماع کا دوسر ا اجلاس مکرم صدر صاحب انصا راللہ کی زیر صدارت سوا تین بجے شروع ہوا۔ اس سیشن میں علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں تلاوت، نظم، اذان اور حفظِ قرآن شامل تھے۔ساڑھے چار بجے شام کھیل کے میدان میںورزشی مقابلہ جات نشانہ غلیل، گولہ پھینکنا وغیرہ منعقد ہوئے۔بعد ازاں نمازِ مغرب و عشاء جمع کرکے ادا کی گئیں جس کے معًا بعد تلقین عمل کا پروگرام ہوا۔

دوسرا دن ۔7؍اپریل 2018ء بروز ہفتہ

دوسرے دن کا آغاز نماز ِ تہجد کی باجماعت ادائیگی سے کیا گیا۔ نمازِ فجر کے بعد زکوٰ ۃ کی اہمیت پر درس دیاگیا۔ بعد ازاں ناشتہ کا وقفہ ہوا۔

صبح 9بجے ورزشی مقابلہ جات رسہ کشی ،100میٹر دوڑ،پنجہ آزمائی وغیرہ کروائے گئے۔اس کے بعد تیسرا اجلاس مکرم صدرصاحب انصاراللہ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت ِ قرآن کریم کے بعد مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ گراں بسم ریجن نے پانچ ارکان ِ اسلام اور ان کی مختصر وضاحت کے عنوان پر ایک جامع تقریر کی جس کا ساتھ ساتھ جولا زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا۔

اس کے بعد نماز ظہر و عصر و طعام کے لئے وقفہ ہوا۔

نمازوں کی ادائیگی کے بعدبقیہ علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں دینی معلومات، پیغام رسانی ، مشاہدہ معائنہ اور فی البدیہ تقریر شامل ہیں۔ انصار کو خطبات جمعہ سے لگاؤ پیدا کرنے کے لئے دینی معلومات کے مقابلہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے حالیہ خطبات سے سوالات تیار کئے گئے تھے۔

اختتامی اجلاس

شام چار بج کر پندرہ منٹ پر اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم عبد القیوم پاشا صاحب امیر و مشنر ی انچارج آئیور ی کوسٹ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔مقابلہ تلاوت میں اول آنے والے ناصر مکرم قولیبالی آدم صاحب نےتلاوت اور ترجمہ پیش کیا۔مقابلہ نظم میں پوزیشن لینے والے ناصر مکرم دمبیلے یعقوب صاحب نے حضر ت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا قصیدہ پیش کیا۔بعد ازاں نائیجر سے آنے والے مہمان مکرم لوئے سعیدو صاحب صدر مجلس انصار اللہ نائیجر نے مختصر تقریر میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعدمکرم باسط احمد صاحب مربی سلسلہ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ صدر صاحب مجلس انصار اللہ نائیجر اور آئیوری کوسٹ نے مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ کے ہمراہ انصار میں انعامات تقسیم کئے۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی جس میں نماز باجماعت کے حوالہ سے انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طر ف توجہ دلائی۔ اس سلسلہ میں آپ نے قرآن کریم کے متعدد حوالہ جات اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے اقتباسات پیش کئے۔ دعا کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔

امسال 16ریجنز کی 150سے زائد مجالس کے 490انصاراور40زائرین نے اجتماع میں شرکت کی۔ یوں کل حاضری 530رہی۔

قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ خدا تعالیٰ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو زیادہ سے زیادہ مقبول خدمت ِ دین کی توفیق عطا فرمائے اوران کی مساعی میں برکت ڈالے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button