مصروفیات حضور انور

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات مورخہ 18؍ تا 28؍ مارچ 2019ء

مورخہ 18؍ تا 28؍ مارچ 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:

٭… 18 مارچ بروز سوموار: آج دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ فارغ التحصیل مبلغین جامعہ احمدیہ یوکے کی حضور انور کے ساتھ ملاقات تھی۔ یہ مربیان حضور انور کی ہدایت پر ایک ماہ کے لیے سپین میں تقسیم لٹریچر ( Leafletting)کے لیے جارہے ہیں۔

…اس ملاقات میں حضور انور نے مربیان کو کم از کم 8 لاکھ لیف لیٹس تقسیم کرنے کا ٹارگٹ دیا ۔
…ایک مربی صاحب کے سوال کرنے پر کہ لیف لیٹس کیسے تقسیم کیے جائیں ؟حضور انور نے ہدایت فرمائی کہ بہتر یہی ہے کہ لیف لیٹس لوگوں کے ہاتھ میں دیے جائیں۔

…حضور انور نے نمازوں کے حوالہ سے فرمایا کہ اس میں سستی نہیں کرنی۔ نمازِ فجر ہر حالت میں پڑھنی ہے۔

…ایک مربی صاحب نے سوال کیا کہ اگر سپین میں لوگ ہم سے New Zealand attacks کے بارہ میں پوچھیں تو ہم کیا کہیں؟ حضور انور نے فرمایا کہ ہم تمام مذاہب کے خلاف ہر قسم کے ظلم کی مذمّت کرتے ہیں۔

٭… حضور انور نے نمازِ ظہر سے قبل مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرمہ رابعہ طاہر احمد صاحبہ(اہلیہ مکرم توصیف احمد صاحب۔ مچم لندن) کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 5مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی پڑھائی۔

٭… 19؍مارچ بروز منگل:آج صبح اخبار ٹیلی گراف کی ایک نمائندہ نے حضور انور کا انٹرویو کیا۔

٭…حضور انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ عصر پڑھانے کے بعد درج ذیل 2 نکاحوں کا اعلان فرمایا اور ان نکاحوں کے بابرکت ہونے کے لیے دعا کروائی۔ نیز فریقین کو شرف مصافحہ بخشا اور مبارکباد دی۔

٭…عزیزہ ندا مختار بنت مکرم مختار احمد صاحب (ربوہ) ہمراہ مکرم آصف گلزیب احمد قیصر صاحب (مربی سلسلہ وکالت دیوان ربوہ) ابن مکرم ذو الفقار احمد صاحب (ربوہ)

٭… عزیزہ طوبیٰ عامر بنت مکرم محمد عامر صاحب (جرمنی) ہمراہ مکرم تلمیذ احمد صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم ندیم احمد صاحب (صدر جماعت باد ہمبرگ، جرمنی)

٭… 20مارچ بروز بدھ:آج حضور انور نے نمازِ ظہر سے قبل مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرمہ قمر حمید باجوہ صاحبہ(اہلیہ مکرم حمید الدین باجوہ صاحب۔ آلڈر شاٹ، یوکے) کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز ایک مرحوم کی نماز جنازہ غائب بھی پڑھائی۔

٭… 22مارچ بروزجمعہ : حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح مورڈن میں 23؍ مارچ (یومِ مسیح موعودؑ) کے حوالہ سے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضورِ انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں خلافت کے وفادار، نيک اور وفاشعار بزرگان مولانا خورشيد احمد انورصاحب (وکيل المال تحريک جديد انجمن احمديہ قاديان)، مکرم طاہر حسين منشي صاحب (نائب امير جماعت احمديہ فجي) اور مالي کے مخلص باشندے مکرم موسيٰ سسکو صاحب کي وفات پر ان کا ذکرِ خير فرمایا اور نمازِ جمعہ اور عصر کے بعد ان کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لیے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ مختلف زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔

٭… 23 مارچ بروز ہفتہ : حضور انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ عصر پڑھانے کے بعد درج ذیل 2 نکاحوں کا اعلان فرمایا اور ان نکاحوں کے بابرکت ہونے کے لیے دعا کروائی۔ نیز فریقین کو شرف مصافحہ بخشا اور مبارکباد دی۔

٭…عزیزہ امۃالشافی بنت مکرم ثناء اللہ صاحب (امریکہ) ہمراہ مکرم شرجیل احمد ساجد صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم عبد القدیر ساجد صاحب (لندن)
٭… عزیزہ الماس ممتاز بنت مکرم طاہر انصار احمد صاحب (لندن) ہمراہ مکرم محمد نصر احمد صاحب (واقفِ نو۔لندن) ابن مکرم نصیر احمد شاد صاحب (مرحوم۔ مربی سلسلہ)

٭… 24مارچ بروز اتوار:آج نمازِ عصر کے بعد حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن میں ایک تقریب آمین کو رونق بخشی۔ حضور انور نے تقریب میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کرنے والے30؍بچوں اوربچیوں سے باری باری قرآن مجید کی ایک ایک آیت یا اس کا کچھ حصہ سنا۔ بعد ازاں حضور انور نے دعا کروائی۔

٭…آج شام فیملی ملاقاتوں کے بعد حضور انور مکرم عمران سلام صاحب (فارغ التحصیل جامعہ احمدیہ یوکے)اور عزیزہ در شہوار احمد بنت مکرم مسرور احمد صاحب کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے لیے مسجد ‘بیت الفتوح ’ تشریف لے گئے۔ حضور انور نے نمازِ عشاء مسجد بیت الفتوح میں پڑھائی۔ اور پھر دعوتِ ولیمہ کو رونق بخشی۔

٭… 25مارچ بروزسوموار: حضورِ انورایدہ اللہ نے آج اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں ہونے والی نئی تعمیرات کا معائنہ فرمانے اور ہدایات عطا فرمانے کی غرض سے 10بج کر 50منٹ پر سفر اختیار فرمایا۔ حضورِ انور نے اسلام آباد میں نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں جس کے بعد سوا چار بجے کےقریب لندن واپسی ہوئی۔

٭… 26مارچ بروزمنگل:حضورِ انور نمازِ عصر کے بعد ازراہِ شفقت حلقہ اِنر پارک(لندن) کے ایک احمدی دوست مکرم سمیع اللہ چوہدری صاحب کی درخواست پر ان کی گاڑی میں رونق افروز ہوئے اور اسے متبرک فرمایا۔ حضورِ انور نے ان سے نئی گاڑی لینے پر صدقہ دینے کی بابت استفسار بھی فرمایا۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اس عرصہ کے دوران حضورِ انور نے 8روز دفتری جبکہ دس روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، بعض امرائے جماعت، ذیلی تنظیموں کے صدور، نیشنل سیکرٹریان، مربیانِ سلسلہ اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔

اس عرصہ کے دوران176؍ فیملیز اور110؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لیے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق14؍ ممالک سے تھا جن میں پاکستان، امریکہ،کینیڈا، جرمنی، ناروے، فرانس، سوئٹزرلینڈ، برازیل، مالٹا، سویڈن، تنزانیہ، آسٹریلیا ، کبابیر اور یوکے شامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button