قادیان دارالامان میں جماعت احمدیہ کے 124 ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت اور کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بھارت کو بستان احمد قادیان دار الامان میں اپنا 124واں جلسہ سالانہ مورخہ 30،29،28 دسمبر2018ءبروز جمعہ ،ہفتہ ،اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں84ممالک کی نمائندگی ہوئی اور حاضری کُل 46881 رہی ۔جلسہ کی تیاری پورا سال جاری رہتی ہےتاہم ماہ دسمبر کے شروع ہوتے ہی اجتماعی وقار عمل کے ذریعہ پورے قادیان کی صفائی کی جاتی ہے۔ جلسہ سے کچھ دن پہلے ہی نظامت بجلی وروشنی کی طرف سے محلہ کی تمام گلیوں اور سڑکوں کو ٹیوب لائٹس کے ذریعہ روشن کردیا گیا ۔ بہشتی مقبرہ،دارالمسیح ، مسجد مبارک ، مسجد اقصیٰ اور منارۃ المسیح کو چھوٹے چھوٹے رنگین برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ جُوں جُوں جلسےکے دن قریب آتے گئے قادیان دارالامان کی رونق میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔
معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ
24 دسمبر 2018ءبروز سوموار دس بجے جلسہ گاہ بستان احمد میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نمائندگی میں مکرم جلال الدین نیّر صاحب ،صدر صدر انجمن احمدیہ قادیان کی زیر صدارت معائنہ انتظامات کی تقریب عمل میں آئی۔ تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ کے بعد نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مہمان نوازی کے دلنشین واقعات کے حوالہ سے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بابرکت الفاظ میں تمام کارکنان و افسران کو نصائح کیں۔
پہلادن28؍دسمبر2018ءبروزجمعۃ المبارک
پرچم کشائی
صبح دس بجکرآٹھ منٹ پر محترم مولانا جلال الدین نیّر صاحب، صدرصدر انجمن احمدیہ قادیان نےلوائے احمدیت لہرایااور پھر اجتماعی دعاکروائی۔
افتتاحی اجلاس
اس کے بعد آپ کی صدارت میں افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا ۔ مکرم قاضی عثمان پاشا صاحب معلم سلسلہ نظارت اصلاح وارشادجنوبی ہندنے تلاوت کی اور مکرم مولوی طاہراحمد طارق صاحب نائب ناظر اصلاح وارشاد مرکزیہ نے اِن آیات کا ترجمہ پیش کیا۔
بعدازاں مکرم صدراجلاس نے افتتاحی خطاب میںجلسہ سالانہ کے اغراض ومقاصدکے متعلق حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے اقتباسات پیش کیے۔اورسیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں شاملین جلسہ کو بعض نصائح فرمائیں۔
اس کے بعد آپ نے اجتماعی دعا کروائی۔
افتتاحی خطاب کے بعد مکرم رضوان احمدصاحب ظفر مبلغ سلسلہ قادیان نے نہایت خوش الحانی سے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کےمنظوم کلام؎
کس قدر ظاہر ہے نور اُس مبدء الانوار کا
بن رہا ہے سارا عالَم آئینہ اَبصار کا
میں سے منتخب اشعار پڑھ کر سنائے۔بعدازاںاس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم مولانا محمد کریم الدین صاحب شاہد نے ‘‘منکرین ہستی باری تعالیٰ کےاعتراضات اوران کے جوابات’’ کے عنوان پر کی۔
اجلاس کی دوسری تقریر محترم مولانامحمد انعام غوری صاحب ناظر اعلیٰ وامیر مقامی قادیان نے بعنوان ‘‘سیرت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ، احترام انسانیت کے حوالہ سے’’ کی۔
اس تقریر کے ساتھ پہلے دن کے پہلے اجلاس کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔
نماز جمعہ
پہلے دن کے دوسرے اجلاس سے قبل جلسہ گاہ میں جمعہ ادا کیا گیا۔مکرم مولانا محمد کریم الدین شاہد صاحب صدر قضاء بورڈ قادیان نےخطبہ میںحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ 21؍دسمبر2018کا خلاصہ پڑھ کر سنایا اور نماز جمعہ ونماز عصر جمع کر کے پڑھائیں۔
پہلا دن، دو سرا اجلاس
پہلے دن کے دوسرے اجلاس کا آغازمکرم شیراز احمد صاحب ایڈیشنل ناظر اعلیٰ جنوبی ہند کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔مکرم ڈاکٹر شمس الدین صاحب آف بنگال نے تلاوت کرنے کی سعادت پائی اور متلو آیات کا اُردو ترجمہ مکرم سفیر احمد شمیم صاحب نائب ناظم وقف جدید ارشاد نے پڑھ کر سنائے۔اس کے بعد سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاکیزہ منظوم کلام
؎ ہر طرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے
کوئی دیں، دین محمدؐ سا نہ پایا ہم نے
میں سے منتخب اشعار مکرم رضوان احمد صاحب متعلم جامعہ احمدیہ ربوہ نے خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم مولانا منیر احمد خادم صاحب ایڈیشنل ناظر اصلاح وارشاد جنوبی ہندنے بعنوان ‘‘سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام -عائلی زندگی کو بہترین بنانے کے حوالہ سے واقعات کی روشنی میں’’کی۔
اس اجلاس کی دوسری تقریر مکرم مولانا مظفر احمد ناصر صاحب ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ وافسر جلسہ گاہ نے ‘‘پنجوقت نمازیں، دُعا، استغفاراور ذکر الٰہی کی اہمیت’’ کے موضوع پر کی۔
اس اجلاس کی تیسری اور آخری تقریر محترم مولانا سلطان احمد ظفر صاحب ناظم ارشاد وقف جدید قادیان نے ‘‘خلافت علیٰ منہاج ِنبوت ،حقیقی آسمانی نظام اور اس کی برکات’’ کے عنوان پر کی۔
اس تقریر کے ساتھ پہلے دن کا دوسرا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
دوسرا دن29دسمبر2018ءبروز ہفتہ
دوسرے دن کاپہلا اجلاس
دوسرے دن کے پہلے اجلاس کی کارروائی مکرم سیّد تنویر احمد صاحب صدرانجمن وقفِ جدید بھارت کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سےشروع ہوئی۔مکرم حافظ امان علی صاحب معلم سلسلہ نےتلاوت کی جس کا اُردو ترجمہ مکرم مولوی زین الدین حامد صاحب ناظم دارالقضاء قادیان نےپڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد مکرم تنویر احمد ناصر صاحب نائب مدیر بدر نے سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام
؎ دیں کی نصرت کے لیے اک آسماں پرشور ہے
اب گیا وقت خزاں آئے ہیں پھل لانے کے دن
میں سے منتخب اشعار خوش الحانی سے پیش کیے۔ اجلاس کی پہلی تقریرمکرم مولانا محمد حمید کوثر صاحب ناظر دعوت الی اللہ مرکزیہ قادیان نے‘‘حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ایمان افروز واقعات’’کے عنوان پر کی۔ آپ نے حضور انور کی قبولیت دعاکے بعض ایمان افروز واقعات پیش فرمائے۔
اجلاس کی دوسری تقریرمکرم مولانا طارق احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھارت نے‘‘باشرح چندہ و نظام وصیت کی اہمیت و برکات’’کے عنوان سے کی۔
اس کے بعد مکرم حافظ عبد الغنی صاحب مربی سلسلہ نائیجیریانے جلسہ قادیان کے بارہ میں تعارفی تقریرو تأثرات بیان کیے۔
اجلاس کی تیسری تقریرمکرم حافظ مظفر احمد صاحب ناظر اصلاح و ارشاد مقامی ربوہ نے ‘‘سیرت حضرت جعفربن ابی طالب رضی اللہ عنہ اور حضرت میر ناصر نواب صاحب رضی اللہ عنہ ’’کے عنوان پر کی۔
اس تقریر کے ساتھ دوسرے دن کےپہلے اجلاس کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔
دوسرا دن، دوسرا اجلاس
دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کی کارروائی محترم منیر احمد صاحب حافظ آبادی وکیل اعلیٰ تحریک جدید قادیان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی ۔ مکرم حافظ مظفر عالم صاحب متعلم جامعہ احمدیہ ربوہ نے تلاوت کرنے کی سعادت پائی اور متلو آیات کا اُردو ترجمہ مکرم عطاء اللہ نصرت صاحب نائب ناظر بیت المال آمد قادیان نےپڑھ کر سنایا۔مکرم عصمت اللہ صاحب آف جاپان نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام ؎
اک نہ اک دن پیش ہوگا تو فنا کے سامنے
چل نہیں سکتی کسی کی کچھ قضا کے سامنے
میں سے منتخب اشعارخوش الحانی کے ساتھ پڑھے ۔
اس کے بعد مکرم مولانا تنویر احمد خادم صاحب نائب ناظر دعوت الی اللہ شمالی ہند نے ‘‘محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں’’کے عنوان پر پنجابی زبان میں تقریر کی۔
آپ کی تقریر کے بعد درج ذیل سیاسی ومذہبی شخصیات نے اپنے تأثرات بیان کیے۔
1) جناب سنت بابا سُکھ دیو سنگھ جی بیدی صاحب۔
2)جناب فتح جنگ سنگھ باجوہ صاحب، MLAحلقہ قادیان ۔ 3) جناب فادر سمنت رائے صاحب ، بشپ نارتھ انڈیا آف امرتسر۔4) جناب بلوندر سنگھ لاڈی صاحب، MLAحلقہ شری ہرگوبند پور۔5) جناب راماسوبو جی ، نائب صدرآل انڈیا کانگریس کمیٹی و سابقہ ایم پی آف ترنلویلی، تامل ناڈو۔6)جناب سنت بابا سنتوکھ سنگھ جی آف امرتسر۔7) جناب پرم جیت سنگھ جی کلسی(نیشنل ایوارڈی فار بیسٹ ٹیچنگ)۔8)جناب سنیل جاکھڑ صاحب، ایم پی حلقہ گورداسپور و صدر کانگریس پارٹی، پنجاب۔ 9) جناب سُکھ جندر سنگھ رندھاواصاحب، ایم.ایل.اے حلقہ ڈیرہ بابانانک و وزیرحکومت پنجاب۔
اس کے ساتھ ہی آج کے دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔
تیسرا دن 30 دسمبر 2018ءبروز اتوار
تیسرا دن، پہلا اجلاس
تیسرے دن کے پہلے اجلاس کی کارروائی محترم سیّد خالد احمد شاہ صاحب ناظر اعلیٰ صدر انجمن احمدیہ ربوہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔ مکرم مرشد احمد ڈار صاحب استاذ جامعہ احمدیہ قادیان نے تلاوت کی اورمکرم عطاء المجیب لون صاحب نائب ناظر نشرواشاعت قادیان نے متلوآیات کا اردو ترجمہ پڑھ کر سنایا۔
اس کے بعد حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا پاکیزہ منظوم کلام
ذکر خداپہ زور دے ظلمت دل مٹائے جا
گوہر شب چراغ بن دنیا میں جگمگائے جا
میں سے منتخب اشعارمکرم نصرمن اللہ صاحب استاذ جامعہ احمدیہ قادیان نے خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔
پہلی تقریر ‘‘صداقت حضرت مسیح موعودؑ ضرورت زمانہ اور تائیدات سماویہ کی روشنی میں’’ کے عنوان پر مکرم و محترم منصور احمد مسرور صاحب نے کی ۔
اجلاس کی دوسری تقریر‘‘تیسری عالمی تباہی سے بچنے کے لیے حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دردمندانہ نصائح ’’کے عنوان سے محترم شیرازاحمد صاحب ، ایڈیشنل ناظر اعلیٰ ،جنوبی ہندنے کی۔
اجلاس کی تیسر ی تقریر محترم مولانا ظہیر احمد خادم صاحب ایڈیشنل ناظر دعوت الی اللہ جنوبی ہند نے ‘‘موجودہ زمانے کے حالات اور دعوت الی اللہ کی اہمیت ’’کے موضوع پر کی۔
تأثرات مہمانان کرام
اس کے بعد درج ذیل مہمانوں کو اپنے تأثرات کا اظہار کرنے کا موقع ملا۔
٭٭ مکرم ڈاکٹر اسامہ عبدالعظیم صاحب آف مصر
٭٭ مکرم ولیری اسماعیل صاحب آف ماسکو
٭٭ قادیان کے باسی اور پنجاب گورنمنٹ کے منسٹر ترپت راجندر سنگھ باجوہ صاحب
٭٭ مکرم عبدالرحمٰن چام صاحب مربی سلسلہ گیمبیا
اس کے ساتھ تیسرے دن کے پہلے اجلاس کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔
تیسرا دن ، اختتامی اجلاس
اختتامی اجلاس کے ابتدائی حصہ کا آغاز محترم مولانا محمد انعام غوری صاحب ناظر اعلیٰ وامیر مقامی قادیان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہواجومکرم حافظ فاروق اعظم صاحب آف قادیان نے کی۔تلاوت کی گئی آیات کااُردو ترجمہ مکرم قمرالحق خان صاحب نائب پرنسپل جامعہ احمدیہ قادیان نے پیش کیا۔اس کے بعد مکرم عبدالواسع صاحب آف بریلی نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاکیزہ منظوم کلام‘‘اسلام سے نہ بھاگو راہ ہدیٰ یہی ہے’’سے کچھ اشعار خوش الحانی کے ساتھ پیش کیے۔
بعد ازاں مکرم صدر اجلاس نے شکریہ احباب پیش کیااور اجتماعی دعا کروائی۔بعدہٗ سامعین مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ انٹرنیشنل کی نشریات سے مستفیض ہونے کی غرض سے جلسہ گاہ میں لگائی گئی بڑی سکرین کی جانب متوجہ ہوئے۔جلسہ سالانہ قادیان سے متعلق ایک خوبصورت دستاویزی پروگرام ایم ٹی اے انٹرنیشنل سے نشر ہوا۔ تقریباً35منٹ پر مشتمل اس پروگرام میں جلسہ سالانہ قادیان کے تعارف کے ساتھ ساتھ جلسے کے انتظامات اور شاملین کے تأثرات بھی بتائے گئے نیز انتظامی شخصیات کے انٹرویوز کے علاوہ جلسہ سالانہ کے پروگرام اور تقاریر کی مختصر جھلکیاں بھی اس کی زینت بنیں۔
قادیان دارالامان اورجلسہ سالانہ قادیان کے روح پرور مناظر پر مشتمل اس دستاویزی پروگرام کے اختتام کے ساتھ ہی لندن سے جلسہ سالانہ قادیان کی براہ راست نشریات کا آغاز ہوا۔ امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز لندن میں قائم جلسہ سالانہ قادیان کے لیے بنائے گئے سٹیج پر رونق افروز ہوئے ۔لندن میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ اختتامی اجلاس کی مفصّل رپورٹ الفضل انٹرنیشنل 11؍جنوری 2019ء میں شائع ہو چکی ہے۔
اختتامی خطاب کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے پرسو ز دعاکروائی۔ دعا کے بعد حضورانور نے شاملین کی تعداد کا ذکر فرمایاکہ قادیان میں اس وقت 48ممالک سے کل 18864؍اور لندن سے 5345؍احباب جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس میں شامل ہوئے۔اس کے بعد قادیان کے اسٹیج سے مختلف ترانے پیش کئے گئے اور توحید اور تکبیر کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ یہ جلسہ اپنی تمام برکتوں کو سمیٹتے ہوئے اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔اللہ تعالیٰ یہ مبارک ایام بار بار ہماری زندگی میں لائے آمین۔
جلسہ مستورات
جلسہ سالانہ قادیان 2018ءکے موقع پر دوسرے دن کے دوسرے اجلاس میں لجنہ اماء اللہ بھارت نےجلسہ گاہ مستورات میں اپنا پروگرام منعقدکیا۔ اجلاس کی صدارت صاحبزادی امتہ القدوس بیگم صاحبہ آف ربوہ اہلیہ صاحبزادہ مرزا غلام احمد صاحب (مرحوم ) سابق ناظر اعلیٰ ربوہ نے فرمائی۔ تلاوت قرآن مجیدمحترمہ نیّرہ تنویر فارعہ صاحبہ نے کی۔ متلوآیات کا اُردو ترجمہ محترمہ تحمیدہ عمر صاحبہ نے پیش کیا۔محترمہ راشدہ تنویر صاحبہ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کامنظوم کلام؎
مرے مولیٰ مری یہ اک دعا ہے
تیری درگاہ میں عجزوبکا ہے
کے کچھ اشعار خوش الحانی سے پیش کیے۔ بعدہ محترمہ طیبہ رزاق صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ حیدرآباد نے ‘‘سیرت حضرت صاحبزادی امتہ الحفیظ بیگم صاحبہؓ ’’کے موضوع پر تقریرکی۔ اس کے بعد محترمہ قرۃ العین صاحبہ نے سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کےمنظوم کلام؎
ہمیں اس یار سے تقویٰ عطا ہے
نہ یہ ہم سے کہ احسان خدا ہے
میں سے منتخب اشعارخوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔ بعدہٗ محترمہ بشریٰ پاشا صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ بھارت نے ‘‘حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں لجنہ اماء اللہ کی ذمہ داریاں’’ کے عنوان سے تقریر کی۔ آخر پر صدر اجلاس نے اختتامی دعا کروائی اور اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
نظامتیں و قیام گاہیں
امسال جلسہ سالانہ قادیان کے انتظامات اور مہمانوں کے قیام و طعام ودیگر ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 31 نظامتیں اور25قیام گاہیں بنائی گئیں اور 4لنگر جاری کیے گئے۔قادیان کے تمام حلقہ جات میں گھروں میں ٹھہرنے والے مہمانوں کے لیے 7 مقامات پر ‘‘فیملیز’’کے تحت کھانا تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا ۔ امسال تعلیم الاسلام ہائی اسکول کے احاطہ میں تین بڑی بڑی واٹرپروف مارکیاں لگائی گئیں جن میں کم و بیش دو ہزار مہمانوں نے رہائش اختیار کی۔ تینوں مارکیوں کا فرش اس طرح کا تھاکہ بارش ہونے کی صورت میں مہمانوںکو کوئی پریشانی نہ ہو۔ ان مہمانوں کی سہولت کے لیے 50 بیوت الخلابنائے گئے جس میں ہر وقت گرم پانی کی سہولت موجود تھی۔امسال دو ہزار فوم کے اعلیٰ قسم کے گدّے خریدے گئے جنہیں مختلف قیامگاہوں میں بچھانے کے لیے مہمانوں کو مہیا کیا گیا۔
نظامت خدمت خلق
اس نظامت کے تحت بنیادی طور پر نظم و ضبط اور حفاظتی ڈیوٹیاں دی جاتی ہیں۔امسال اس شعبہ کے تحت ڈیوٹی دینے کے لیے ہندوستان کے مختلف صوبہ جات سے تعلق رکھنے والے 688 خدام رضاکاران اور 29 صف دوم کے انصار نے ڈیوٹی دی۔
نظامت تربیت
اس نظامت کے تحت جلسہ سالانہ قادیان کے ایام میں مورخہ22؍دسمبر 2018ءتا2؍جنوری 2019ء مسجد اقصٰی ، مسجد مبارک اور مسجد انوار واقع محلہ دارالانوار میں باجماعت نماز تہجد کا انتظام کیا گیا ۔اسی طرح قادیان کے محلہ جات کی دیگر 9مساجد میں بھی جلسہ سالانہ کے تین ایام میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا ۔ نیز سبھی مساجد میں نماز فجر کے بعد تفسیر کبیر سے درس کا انتظام کیا گیا۔نماز تہجد کے لیے احباب کرام کوبذریعہ لاؤڈ اسپیکر درود شریف پڑھ کر جگایا جاتا رہا۔ اس شعبہ کے تحت قادیان کی مختلف گلیوں اور سڑکوں میں تعلیمی وتربیتی نوعیت کے خوبصورت بینرز لگائے گئے۔ علاوہ ازیں اردو اور انگریزی زبان میں جلسہ سالانہ کے پروگرام پر مشتمل کتابچہ شائع کیا گیا ۔
بیت الدعا میں نوافل کی ادائیگی اور مقامات مقدسہ کی زیارت
ہر سال کی طرح امسال بھی ہندوستان اور دیگر ممالک سے آنے والے مہمانان کرام کے لیے باقاعدہ منظم طریق پر بیت الدعا میں نوافل کی ادائیگی کا انتظام کیا گیا تھا۔مہمان بڑے ذوق و شوق سے بیت الدعا میں نوافل کی ادائیگی کے لیے دیر تک لمبی لمبی قطاروںمیں اپنی باری کا انتظار کرتے اور اس اثنا میں تسبیحات و درود شریف کا ورد کرتے ۔ اسی طرح مقامات مقدسہ میں بھی مہمانوں کی کثرت رہی اور بڑے ذوق و شوق سے مہمانوں نے ان مقامات مقدسہ کی زیارت کی ۔
جلسہ کے ایام میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ قادیان کی تمام مساجد میں سننے اور دیکھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ مورخہ 28؍ دسمبر کا خطبہ جمعہ مسجد انوار میں Projectorکے ذریعہ دکھانے کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ مستورات کے لیے سرائے طاہر میں انتظام کیا گیا۔
نظامت ترجمانی
امسال جلسہ سالانہ قادیان 2018ءکے موقع پرمندرجہ ذیل9زبانوںمیںجلسہ کی تقاریراورجملہ کارروائی کے رواں تراجم کا انتظام تھا۔ عربی، روسی، انڈونیشین، انگریزی، ملیالم،تامل، تیلگو، بنگلہ اور کنّڑ۔ خصوصاً حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اختتامی خطاب کا مذکورہ 9 زبانوں میں ترجمہ کیا گیا اور کثیر تعداد میں مردو زن نے ترجمانی کے انتظام سے استفادہ کیا ۔ مستورات کے خصوصی اجلاس کا بھی 5 زبانوں (عربی، انگریزی،انڈونیشین ، ملیالم اور بنگلہ ) میں ترجمہ کا انتظام موجود تھا۔
اعلانات نکاح
احباب جماعت کی خواہش ہوتی ہے کہ جب وہ جلسہ سالانہ قادیان میں شریک ہوں تو اُن کے بچوں کا نکاح مسیح موعود ومہدی معہود کی مقدس وبابرکت بستی میں پڑھا جائے۔ اللہ کے فضل سے امسال جلسہ سالانہ کے موقع پر مورخہ 29؍دسمبر 2018ءبروز ہفتہ مسجد دارالانوار میں مکرم مولانا مظفر احمد ناصر صاحب ناظر اصلاح وارشاد مرکزیہ قادیان نے بعد نماز مغرب و عشاء 22نکاحوں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر آپ نے آیات مسنونہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے شادی بیاہ کےمتعلق زرّیں ارشادات پڑھ کر سنائے۔ بعد کے ایام میں مزید12نکاحوں کے اعلانات بھی ہوئے۔
نمائشیں
نمائش ‘‘ اسلام اور امن عالم ’
سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے کوٹھی دارالسلام میں واقع مکان حضرت نواب محمدعلی خان صاحب رضی اللہ عنہ میں اس نمائش کا انتظام کیا گیا۔
‘‘النور’’ نمائش، کوٹھی‘‘دارالسلام’’
اس نمائش میں جماعت احمدیہ کی تاریخ کے مختلف ادوار کو تصاویر اور پوسٹرز کے ذریعہ دکھایاگیاہے ۔ ویسے تو یہ نمائش سارا سال کھلی رہتی ہےلیکن جلسہ سالانہ کے موقع پر زائرین کی سہولت کا خاص انتظام کیا جاتا ہے۔چارہزارسے زائد افراد نے ‘‘النور ’’نمائش کی زیارت کی ۔ 570زائرین نےنمائش کی زیارت کےبعد اپنے تاثرات درج فرمائے ۔
‘‘مخزن تصاویر’’ اور قرآن نمائش
نظارت نشرواشاعت کے تحت نشر و اشاعت کی عمارت کے احاطہ میں ہی قرآن نمائش اور‘‘ مخزن تصاویر’’ کا شعبہ قائم ہے ۔‘‘مخزن تصاویر’’ کو6ہزارسے زائد افراد نے دیکھااور سو سے زائد لوگوں نے اپنے تأثرات درج فرمائے۔ قرآن نمائش کوبھی 6ہزارسے زائد افراد نے دیکھاجس میں اٹھارہ ممالک کے لوگ شامل تھے۔ 247؍افراد نے اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
ہیومینٹی فرسٹ نمائش
جلسہ سالانہ قادیان 2018ءکےموقع پر سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے ہیومینٹی فرسٹ انڈیاکی طرف سے احمدیہ مرکزی لائبریری قادیان کے ہال میں نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس نمائش میں گزشتہ تین سالوں میں ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے انڈیا کے مختلف صوبہ جات میں کیے گئے فلاحی کاموں کوتصاویرکے ذریعہ دکھایا گیا۔ ہیومینٹی فرسٹ انڈیا کی طرف سے خدمت انسانیت کے کاموں پر مشتمل ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی جاتی رہی۔ اسی طرح ہیومینٹی فرسٹ انڈیا کی طرف سے تیارکی گئی کچھ چیزیں مثلاً قلم، چابیاں ڈالنے والے چھلےاورکافی کی پیالیاں وغیرہ فروخت کی غرض سے رکھے گئے۔ جلسہ سالانہ قادیان کے موقع پر یہ نمائش مورخہ 22؍دسمبر 2018ءسے 4؍جنوری 2019ء تک جاری رہی۔ تقریباً چھ سے سات ہزار افراد نے اس نمائش سے استفادہ کیا۔ نمائش میں مہمانوں کے لیے تاثرات لکھنے کے لیے رجسٹربھی رکھا گیا تھا جس میں زائرین نے اپنی آرابھی تحریرکیں۔
MTAپر‘‘اسمعواصوت السماء’’ عربی پروگرام کی براہِ راست نشریات
مورخہ19تا21؍دسمبر2018ءقادیان دارالامان سے عربی پروگرام ‘‘اسمعوا صوت السماء جاء المسیح جاء المسیح’’کی ایم ٹی اے کے لیے براہِ راست نشریات ہوئیں۔ الحمد للہ علیٰ ذلک۔
افریقہ کے لیےThe Messiah of the Ageکے عنوان سے براہِ راست پروگرام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے قادیان اسٹوڈیو سے مورخہ 3 تا 5؍جنوری 2019ء
The Messiah of the Age کے عنوان سے افریقن ممالک کے لیے براہِ راست پروگرام نشر ہوا۔ پروگرام کا دورانیہ ایک گھنٹے پر مشتمل تھا جو بزبان انگریزی پیش کیا گیا اور اس میں شامل ہونے کے لیے افریقن ممالک سے مہمانان کرام قادیان تشریف لائے۔پروگرام کےدوران درج ذیل مختصر دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں۔
٭قادیان کے مقامات مقدسہ کا مختصر تعارف٭جلسہ سالانہ قادیان کی تیاریاں اور انتظامات اور جلسہ سالانہ قادیان میں شامل افریقن مہمانان کرام کے تاثرات٭حضرت مسیح موعود ؑ کی سیرت طیبہ کے واقعات کو انٹریوز کی شکل میں پیش کیا گیا۔٭بعض نومبائعین کے قبولیت احمدیت کے واقعات ٭خلافت حقہ اسلامیہ کے تعارف پر مشتمل ویڈیو٭خلافت احمدیہ کی برکات اور جماعت احمدیہ عالمگیر کی ترقی٭قصیدہ فی مدح النبی ﷺ۔
اللہ تعالیٰ تمام خدمت کرنے والوںکو سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائےجو آپ نے شاملین جلسہ کے حق میں کی ہیں ۔ آمین ۔
٭…٭…٭