امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات 20 تا 26؍ مئی 2019ء
مورخہ20؍تا26؍ مئی 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:
٭…24؍ مئی بروز جمعۃ المبارک:حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجدمبارک اسلام آباد، ٹلفورڈ میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں خلافتِ احمدیت کے قیام اور اہمیت کا تذکرہ فرمایا۔
دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لیے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent)میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔
ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، ذیلی تنظیموں کے صدور ، مربیانِ سلسلہ اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔
اس عرصہ کے دوران66؍ فیملیز اور44؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لیے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق11؍ ممالک سے تھا جن میں امریکہ، کینیڈا، جرمنی، ڈنمارک، ہالینڈ، یونان، نائیجیریا، انڈیا، نیپال، پاکستان اور یوکے شامل ہیں۔
اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا