برازیل میں ہیومینٹی فرسٹ کا قیام اور افتتاحی تقریب
ہیومینٹی فرسٹ برازیل میں کینیڈا کے زیر انتظام ہے اور اس کے پہلے صدر مکرم ندیم احمد طاہر صاحب مقرر کیے گئے ہیں۔ کافی عرصہ سے کوشش ہو رہی تھی کہ یہاں ہیومینیٹی فرسٹ رجسٹر ہو جائے تا کہ قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے منظم طور پر کام شروع کیا جاسکے۔ چنانچہ 16؍دسمبر 2018ء کا دن جماعت احمدیہ برازیل کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ اس روز رجسٹریشن کے بعد ہیومینٹی فرسٹ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں شرکت کے لیے مکرم ڈاکٹر اسلم دائود صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا نے بطور خاص اس پُروقار تاریخی تقریب کے لیےایک دعوت نامہ تیار کیاگیا۔ ہال اور ہال کے ارد گرد بینرز، فوٹوز اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا ۔ یہ جھنڈیاں لجنہ اماء اللہ برازیل نے خود تیار کی تھیں۔ ان مہمانوں میں شہر کی کونسل کے صدر جناب Roni Medeiros ، کونسلر Luizinho Sorriso اور سیکرٹری تعلیم Marcia Palma نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے کم و بیش 150 افراد بھی موجود تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم ندیم احمد طاہر صاحب نے کی اور اس کا پُرتگیزی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام ترنم سے پڑھ کر سنایا بعد ازاں خاکسار نے ہیومینٹی فرسٹ کے حوالہ سے بتایا کہ یہ جماعت احمدیہ کا ہی قائم کردہ ادارہ ہے جو بلاتفریق مذہب، قوم، رنگ و نسل کے انسانیت کی خدمت کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؓ نے قائم فرمایا تھا۔ انہوں نے برازیل میں ہیومینٹی فرسٹ کے اجراکے لیے خصوصی تعاون کرنے پر جماعت احمدیہ کینیڈا کا بھی شکر یہ ادا کیا۔ مکرم ندیم احمد طاہر صاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ برازیل نے بھی بعض کوائف پیش کیے اور بتایا کہ پہلے بھی ضرورتم ند شہریوں کی مدد کی جاتی رہی ہے لیکن اب زیادہ منظم رنگ میں کام کیا جائے گا۔ اس کے بعد مکرم اسلم دائود صاحب چیئر مین ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا نے بھی حاضرین سے خطاب کیا اور تفصیل سے اس کا تعارف کروایا اور مقاصد بیان کیے اور بتایا کہ یہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن ہے جو اب 53 ممالک میں کام کر رہی ہے اسکے پروجیکٹس کا تعارف کرواتے ہوئے آپ نے بتایا کہ اس کے تحت قدرتی آفات سے متأثر لوگوں کی مدد کرنا ، جہاں پانی نہیں ان کو پانی مہیا کرنا ۔ کمپیوٹر ٹریننگ اسکول کھولنا۔ طلباء کی پڑھائی کے سلسلہ میں مددکرنا ۔ ہیلتھ پروگرام کا انعقاد کرنا۔ آنکھوں کے آپریشن کرنا اور خاندانوں کو اشیا خورونوش مہیا کرنا ہے ۔ آپ نے مختلف لوگوں کے سوالوں کے جواب بھی دیے اور بتایا کہ ہیومینٹی فرسٹ اس شہر کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ہے جہاں بھی ضرورت ہوئی اپنی توفیق کے مطابق مدد کریں گے ۔ کونسل کے صدر ۔ جناب کونسلر صاحب اور سیکرٹری تعلیم نے بھی باری باری اسٹیج پر آ کر خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی خاکسار نے تقریب کے اختتام پر دعا کروائی۔ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے اپنے اپنے طریق پر دعا کی جس کے بعد ایک گروپ فوٹو ہوئی اور اس کے بعد سب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا ۔
اس یادگار تاریخی تقریب کے موقع پر100 خاندانوں کے لیے اشیائے خوردو نوش کے امدادی پیکٹس تیار کر کے تقسیم کیے گئے نیز بچوں میں بھی شیرینی کے پیکٹ بانٹے گئے ۔ دو لوکل اخبارات نے تقریب سے پہلے اور بعدمیں رپورٹس بھی شائع کیں ۔ الحمدللہ پروگرام بہت کامیاب رہا اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالے ۔ آمین۔
(وسیم احمد ظفر۔مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل)
٭…٭…٭