جماعت احمدیہ مارشل آئی لینڈز کا پانچواں جلسہ سالانہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جماعت احمدیہ مارشل آئی لینڈز کا پانچواں جلسہ سالانہ مورخہ 14 تا 15 جون 2019ء کو منعقد ہوا۔ اس جلسے کا عنوان( theme) ‘خدا تعالیٰ کی وحدانیت ’ رکھا گیا تھا۔
جلسہ سالانہ کی تیاریاں
جلسہ سالانہ کی تیاریاں تقریباً دو ماہ قبل شروع ہو گئی تھیں۔ جیسے کے پچھلے سالوں میں کوشش ہوتی رہی کہ لوکل ممبران کے سپرد زیادہ سے زیادہ انتظامات کیے جائیں اسی طرح اس سال بھی یہی کوشش تھی۔ اس سال افسر جلسہ سالانہ کی خدمات Dial Jr. Gideon صاحب نے ادا کیں۔ اسی طرح افسر جلسہ گاہ کی خدمات Martha Alson صاحبہ اور افسر خدمت خلق کی خدمات John Nena صاحب نے ادا کیں۔ ہر ناظم کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں ان کو اپنی ذمہ داریاں سمجھائی گئیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام ممبران نے بڑی محنت اور ذمہ داری کے ساتھ کام کیا۔
جلسہ سے ایک دن پہلے جب stage بن رہا تھا عیسائی فرقہ Baptistکے نمائندے کا فون آیا کہ وہ بھی کوئی تقریب اسی جگہ کرنا چاہتے تھے جہاں ہمارا جلسہ ہونے والا تھا۔ ان کو بتایا گیا کہ ہم نے کافی دیر پہلے سے یہ جگہ لوکل گورنمنٹ کے ذریعہ سے بُک کر رکھی ہے لیکن وہ نہیں مانے۔ لوکل میئر سے بھی بات ہوئی لیکن وہ بھی نہیں مانا اور کہنے لگا کہ وہ جلسہ شروع ہونے سے پہلے اپنا پروگرام ختم کر لیں گے۔ اس وجہ سے کافی پریشانی ہوئی ۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ کے دن کوئی ایسی بات نہیں ہوئی۔ Baptist فرقہ کے ممبران میں سے کوئی ایک بھی حاضر نہیں ہوا۔
جلسہ سالانہ کی تقاریراور پروگرام
اس سال کوشش تھی کے زیادہ سے زیادہ تقریریں لوکل زبان میں ہوں۔ نیز دیگر تمام تقریروں کا لوکل زبان Marshallese میں ترجمہ کیا گیا تھا۔ اطفال اور ناصرات نے نظمیں اور قصیدہ تیار کیا تھا۔
مہمانوں کی آمد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال جلسہ سالانہ مارشل آئی لینڈزمیں شامل ہونے کے لیے Kiribati اور Micronesia سے کل 7 مہمان تشریف لائے۔
جلسہ کا آغاز
14؍جون کو جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا آغاز مکرم John Nena صاحب کی زیرِ صدارت دو بجے Delap Park میں ہوا۔ تلاوت قرآن کریم Donner Herbing صاحب نے کی اور ساتھ پڑھی جانے والے آیتِ استخلاف کا Marshallese زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ تلاوت کے بعد خاکسار نے حضور انور کی جانب سے جلسہ سالانہ کے لیے بھجوایا گیا پیغام پڑھا جس کی ساتھ ساتھ لوکل زبان میں ترجمہ بھی ہوا۔
پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
بسم الله الرحمن الرحيم
نحمده ونصلى على رسوله الكريم وعلىٰ عبده المسيح الموعود
خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ
هو الناصر
عزیز ممبران احمدیہ مسلم جماعت مارشل آئی لینڈ
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و بر کاتہ
مجھے خوشی ہے کہ آپ اپنا پانچواں جلسہ سالانہ خدا تعالیٰ کی وحدانیت کے موضوع پر14؍ اور 15؍جون 2019ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کا جلسہ بہت کامیاب فرمائے اور تمام شاملین جلسہ بے انتہا روحانی فوائد اور ان گنت برکتیں اس منفرد مذہبی اجتماع سے حاصل کریں۔
اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو دو عظیم بنیادی کام سپرد کیے، اول یہ کہ آپ اللہ اور بندے کے درمیان تعلق قائم کریں۔ آپ کا مقصد حیات یہ تھا کہ بنی نوع انسان کو یہ باور کروایا جائے کہ ہمارا خالق خدائے واحد ہے جو تمام جہانوں کا رب ہے جو تمام طاقتوں کا منبع ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی ساری زندگی ہمیں اسی بات کی نصیحت کرتے اور ترغیب دیتے ہوئے گزاری کہ ہم اللہ تعالیٰ کے جو واحدو یگانہ اور سب طاقتوں کامالک ہے فرمانبردار ہوتے ہوئے اسی کے آگے جھکیں۔
دوسرا مقصد جس کے لیے اللہ تعالیٰ نے بانئ جماعت احمدیہ مسلمہ کو مبعوث فرمایا یہ تھا کہ انسان کو ایک دوسرے کے حقوق سے آگاہ کیا جائے۔ اور اس بات پر آپ نے اپنی پوری زندگی زور دیا۔ حضرت مسیح موعود علیہ ا لسلام نے نہایت ہی عمدہ طور سے سمجھایا کہ اگر آدمی اپنے دوسرے ساتھی کے حقوق اچھے طریقے سے ادا کرے تو یہ بات قدرتی طور پر بہترین انسانی اقدار کو قائم کرنے والی ہوگی ۔ جب انسانی اقدار قائم ہو جائیں گی تو انسان اپنے ہم جنسوں پر ظلم کرنا چھوڑ دے گا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تمام تعلیمات آج کی دنیا میں حقیقی امن اور معاشرتی ہم آہنگی کے قیام کے حصول کے لیے ہیں۔
ان عظیم مقاصد کے حصول کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نےاللہ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ مسلمہ کا قیام فرمایا اور مزید یہ کہ اللہ تعالیٰ نے ہم پر احسان فرماتے ہوئے ہمیں خلافت جیسی عظیم روحانی نعمت سے نوازہ۔ اس لیے آپ کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ جماعت کی ترقی ، اسلام کی نشأۃ ثانیہ اور دنیا کے امن کا حصول یقینا ًبنیادی طور پر خلافتِ احمدیہ کے ساتھ ہی جڑا ہوا ہے۔
اس سلسلہ میں مَیں تمام ممبران جماعت احمدیہ مارشل آئی لینڈ کو نصیحت کرتا ہوں کہ ہمیشہ ثابت قدمی ، اخلاص اور وفا کے ساتھ خلافت سے جڑے رہیں۔اپنے بچوں کو خلافت کی برکات سے آگاہ کریں اور ہمیشہ خلیفہ وقت کے ساتھ تعلق قائم رکھیں۔ میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ ہمیشہ اس عظیم حبل اللہ کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اور آپ کی آئندہ نسلیں ہمیشہ خلافت احمدیہ کی بابرکت رہ نمائی، پناہ اورحفاظت میں رہیں۔
یاد رکھیں کہ ہر احمدی مسلمان کا یہ بنیادی فرض ہے کہ وہ ہمارے پیارے حضرت محمد ﷺ کے حقیقی اور پر امن پیغام کو زمین کے کناروں تک پہنچائے۔ لہٰذا یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے عقائد کی تبلیغ اپنے علاقے کے تمام افراد تک پہنچائیں اور اپنے خالق خدائے واحد کو پہچاننے کی طرف بلائیں تا کہ وہ اس کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کریں اور مزید یہ کہ اپنے دوسرے ساتھیوں کے حقوق بھی ادا کریں۔ اللہ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ آپ کا جلسہ سالانہ بہت کامیاب فرمائے، آپ کو تقویٰ میں بہت بڑھا ئے، آپ روحانیت میں ترقی کریں اور اللہ تعالیٰ سے قرب کا تعلق قائم ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی زندگیوں میں نیکی ، بہترین اخلاقی ، اپنے لوگوں اورتمام انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر بہت فضل فرمائے۔ آمین
والسلام
خاکسار
(دستخط)مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس
……………………
دوران جلسہ کافی بارش ہو رہی تھی اور تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔ اس سال جلسہ باہر کھلی جگہ پر کیا جا رہا تھا ،بارش اور ہوا کی وجہ سے کچھ مشکلات پیش آئیں۔ جلسے کے شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد بارش مزید تیز ہوئی اور ہوا کی وجہ سے مارکیاں اپنی جگہ سے ہلنا شروع ہو گئیں۔ چنانچہ ہنگامی طور پر مہمانوں اور ممبران کی حفاظت کے لیے تمام ممبران اور مہمانوں کو مسجد بیت الاحد لے جانے کا انتظام کیا گیا جہاں جلسہ کی کارروائی جاری رہی ۔ تقریباً تیس منٹ کے وقفہ کے بعد مسجد میں جلسہ دوبارہ شروع ہو گیا۔ جلسہ کے پہلے دن کی کارروائی کے بعد تمام ممبران نے ظہر اور عصر کی نماز باجماعت ادا کی اور مہمانوں کے لیے کھانے کا انتظام تھا۔
بارش اور ہوا کی وجہ سے Delap Park سے سارا کا سارا سامان مسجد بیت الاحد منتقل کرنا پڑا۔ اس کے نتیجہ میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ جلسہ کا دوسرا دن مسجد بیت الاحد میں ہی ہو گا۔ اور جو تقریریں پہلے دن کی رہ گئی تھیں وہ بھی دوسرے دن کی جائیں گی۔ پہلے دن کی کارروائی کے بعد جلسہ کے دوسرے دن کے لیے تیاریاں شروع ہو گئیں۔ مرد وں کا انتظام مارکی میں جبکہ خواتین کے لیے مسجد کے ہال میں انتظام تھا۔
جلسہ سالانہ کا دوسرا دن
جلسہ کے دوسرے دن یعنی 15؍ جون کو مرد اور خواتین کا الگ الگ پروگرام ہوا۔
جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کی کارروائی تلاوت قرآن کریم کے ساتھ دوپہر بارہ بجےشروع ہوئی۔ مردوں اور خواتین کے پروگرام الگ الگ شروع ہوئے اور آخر میں اختتامی سیشن تمام ممبران کے ساتھ مسجد میں ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام تقریریں جو پہلے دن نہیں ہو سکیں جلسہ کے دوسرے دن مکمل ہو گئیں۔
خلاصہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ مارشل آئی لینڈز میں تقریباً 130احباب شامل ہوئے جس میں سے تقریباً 15 غیر احمدی مہمان تھے۔ اس کے علاوہ دوران جلسہ Live stream بھی کیا گیا تھا جس کے ذریعے پہلے دن تقریباً 210 لوگ جبکہ دوسرے دن تقریباً 90 لوگ شامل ہوئے۔ جلسہ کی تیاریوں میں احمدی ممبران نے نہایت اخلاص اور عزم سے کام کیا۔ بظاہر محسوس ہوا کہ اکثر ممبران میں ایک خاص جذبہ پیدا ہوا جس کے نتیجہ میں وہ زیادہ سے زیادہ قربانیاں دینے کے لیے تیار ہوئے اور جلسہ میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہ رہے تھے۔الحمد للہ ۔
(رپورٹ : ساجد اقبال نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )