مجلس انصار اللہ تنزانیہ کے زیر اہتمام قرآن نمائش اور بُک سٹال
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ تنزانیہ کو مورخہ 21تا 28جون 2019ء قرآن کریم کی نمائش اور بُک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ یہ نمائش حال ہی میں مکمل ہونے والی مسجد سلام کے مرکزی دروازے کے سامنے لگائی گئی۔ مسجد سلام ، دارِسلام شہر کی صدر شاہراہ پر واقع ہےاورروزانہ ہزاروں افراد کا یہاں سے گزر ہوتا ہے۔
مورخہ 21جون صبح 9بجے نمائش کا آغاز ہوا ۔ مکرم علی حمیسی مبامبوا صاحب (صدر مجلس )نے افتتاحی تقریب میں شامل مہمانوںکا شکریہ اداکیا اور نمائش کا تعارف کروایا۔ افتتاحی تقریب میں لوکل گورنمنٹ کے ایک نمائندہ بھی شریک تھے جنہیں اس سے قبل بھی جماعت کی کتب پڑھنے کا موقع مل چکا تھا۔ انہوں نے جماعت کے بارہ میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے جماعتی کتب کے علمی معیار کی تعریف کی۔ مکرم صدر صاحب مجلس کی طرف سے مہمانوں کی خدمت میں کتب کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔
اس نمائش کو دیدہ زیب فلیکس شیٹس اور بینرز سے سجایا گیا تھا۔ جماعت احمدیہ کے بنیادی عقائد مختصراً ایک بینر پر آویزاں کیے گئے ۔ نیز اختلافی مسائل کےمفید حوالہ جات پر مشتمل ایک الگ بینر بھی آویزاں کیا گیا۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تصویر بھی لگائی گئی جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ اس نمائش کا ایک حصہ دنیا بھر کی زبانوں میں جماعت احمدیہ کی طرف سے شائع کردہ تراجمِ قرآن کریم پر مشتمل تھا۔ اس کے علاوہ سواحیلی اور انگریزی زبانوں میں شائع کردہ جماعتی کتب اور سواحیلی ماہنامہ Mapenziya Mungu بھی رکھا گیا تھا۔
مسلسل 8دن جاری رہنے والی اس نمائش سے تقریباً دس ہزار سے زائد لوگوں نے فائدہ اٹھایا۔ اس دوران میں تقریباً 5500 کی تعداد میں پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ ممبران مجلس انصار اللہ دن کے مختلف اوقات میں ڈیوٹی دیتے رہے اور زائرین کو جماعتی کتب کا تعارف کرواتے اور جماعت کے متعلق سوالات کے جوابات دیتے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے نمائش کے متعلق بہت سے لوگوں کے اچھے تأثرات تھے۔ ایک صاحب نےنمائش دیکھنے کے بعد جماعتی عقائد سےآگاہی حاصل کی اور بیعت کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
مورخہ 28 جون بروز جمعۃ المبارک اس نمائش کا اختتام دعا سے ہوا ۔ مجلس انصا ر اللہ کے سینئر ممبر مکرم حمیدی شیخ Ubwa صاحب نے اس موقع پر دعا کروائی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام معاونین کو جزائے خیر سے نوازے اور اس نمائش کے بابرکت اثرات پیدا فرمائے ۔ آمین
٭…٭…٭