حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی مصروفیات مورخہ 25؍ تا 31؍ جولائی
مورخہ 25؍ تا 31؍ جولائی 2019ءکے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات کے علاوہ ديگر امورکي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭…26؍ جولائی بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے مسجد بیت الفتوح،مورڈن ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ ميں اخلاص و وفا کے پیکر بدری صحابہ رضی اللہ عنہم کی سیرتِ مبارکہ کا دلنشین تذکرہ فرمايا۔ نیز حضور انور نے جلسہ سالانہ برطانیہ کے ہر لحاظ سے بابرکت ہونے کے لیے دعا کی تحریک فرمائی اور ڈیوٹی کنندگان کو کوشش اور دعا کے ذریعے بہترین انداز میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کرنے کی تلقین فرمائی۔
نمازِ جمعہ کے بعد حضور انور نے بیت الفتوح میں موجود جلسہ سالانہ یوکے کی نظامتوں کا معائنہ فرمایا ۔ حضور انور نے جلسہ سالانہ یوکے میں شامل ہونے والے مہمانان کرام کی طعام گاہوں اور قیام گاہوں کا جائزہ فرمایا اور ہدایات سے نوازا ۔
٭…28؍ جولائی بروز اتوار: آج حضورِ انور چاربج کر چالیس منٹ پر اپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لائے اور جلسہ سالانہ برطانیہ کے انتظامات کے معائنہ کا آغاز فرمایا۔ حضور انور نے اسلام آباد، جامعہ احمدیہ اور حدیقۃ المہدی میں موجود نظامتوں کا معائنہ فرمایا اور ہدایات سے نوازا۔ اس کے بعد حضور انور نے حدیقۃ المہدی میں موجود مرکزی پنڈال میں ڈیوٹی کنندگان سے خطاب فرمایا اور زرّیں نصائح سے نوازا۔ اس تقریب کی تفصیلی رپورٹ اس شمارے کے صفحہ نمبر 64پر ملاحظہ فرمائیں۔
٭…29؍ جولائی بروز سوموار: حضورِ انور ایّدہ اللہ نے آج ایک بجے کے قریب اپنے دفتر سے باہر تشريف لا کر مکرم شیخ منصور احمد صاحب (نیو مالڈن، لندن)کي نماز جنازہ حاضرپڑھائي اور پسماندگان سے ملاقات فرمائي۔
٭…٭…٭