’اور آج میں ایک دنیا کو کھلانے والا بن گیا ہوں‘
وَصِرْتُ الْیَوْمَ مِطْعَام الْاَھَالِی
حدیقۃ المہدی میں جاری مسیحؑ کا لنگر
(جلسہ سالانہ یوکے 2019ء)
(حدیقۃ المہدی، الفضل انٹرنیشنل) چالیس ہزار کے لگ بھگ افراد کسی ایک مقام پر تین روز کے لئے اکٹھے ہوں تو ان کے لئے دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ، بروقت اور دن میں تین بار خوراک کا انتظام کرنا کوئی آسان کام نہیں ۔ اسی مقصد کے لئے جلسہ سالانہ کے شعبہ جات میں سے ایک بنیادی شعبہ لنگر خانہ کا ہے جو محض للہ اکٹھے ہونے والے ان چالیس ہزار کے قریب عشاقِ خلافتِ احمدیہ کی جسمانی غذا کی تیاری کا کام بے لوث کرتا ہے۔ الفضل انٹرنیشنل کے قارئین کو اس شعبہ کا تعارف کروانے کے لئے ہم نے اس شعبہ کا وزٹ کیا اور وہاں موجود ذمہ دار احباب سے بات کی۔
مکرم ناظم صاحب نے ہمیں بتایا کہ خوراک کی پکوائی سے پہلے خوراک کی تیاری کے لئے ایک علیحدہ نظامت قائم ہے جو ان لنگر خانوں میں پکنے والی خوراک کو تیار کرکے پکنے کے لئے بھجواتی ہے۔ چنانچہ ہم اس شعبہ کے ناظم صاحب سے بھی ملے۔ ترتیب کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے اس شعبہ کے ناظم مکرم عبدالقدوس صاحب سے حاصل کی جانے والی معلومات پیش ہیں۔ موصوف نے ہمیں بتایا کے اس شعبہ میں 20 کارکنان کام کررہے ہیں اور Inauguration and INSPECTION سے لے کر جلسہ کے آخری دن تک کی خوراک کی تیاری کے لئے انہوں نے اب تک 7 ٹن آلو، 7 ٹن پیاز، 6 ٹن ٹماٹو ٹن کا پیسٹ، 400 کلو گرام سبز مرچ اور 500 کلو گرام دھنیا تیار کرکے لنگر خانہ کو فراہم کیا۔
مکرم لئیق احمد صاحب ناظم لنگر خانہ نے ہمیں بتایا کہ کل 7 لنگر خانے جلسہ کے دنوں میں کام کر رہے ہوتے ہیں جن کے ذمہ مختلف وقتوں میں مختلف کھانے تیار کرنا ہوتا ہے۔ ان لنگر خانوں میں کام کرنے والے رضاکاران و کارکنان کی تعداد 150 سے 200 تک ہوتی ہے جو صبح 1بجے سے لے کر رات 11 بجے تک بلا توقف کام کرتے ہیں۔ اتنے بڑے پیمانے پر کام کرنے کے لیے اسے مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور مختلف ٹیموں کے ذمہ ان کے کام لگا دیے گئے ہیں۔ یہ سب کام ایک شیڈیول کے مطابق چل رہے ہوتے ہیں تا کہ ہمارا مقصد پورا ہو سکے اور حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کو کھانا بروقت اور تازہ بتازہ مہیا ہو سکے۔
جمعہ، ہفتہ اور اتوار کےتین دنوں میں تیار ہونے والے مختلف کھانوں کی دیگوں کی تعداد قارئین کی دلچسپی کے لئے درج کی جارہی ہے
آلو گوشت:489
دال:372
چاول:388
پاستا:329
پرہیزی دال:29
جلسہ سالانہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل کی ویب سائیٹ www.alfazl.comسے استفادہ کیجیے۔ اور موبائل فون پر الفضل کی ایپلیکیشن انسٹال کرنے کے لیے Google Play Store یا Apple App Store پر جا کر alfazl لکھ کر تلا ش؍ سرچ کیجیے اور جلسے کے متعلق تازہ بتازہ خبروں سے لطف اندوز ہوئیے۔
(رپورٹ: عبد الہادی قریشی)