جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے مسرورؔ ہوسٹل کے نئے فیز کی تعمیر
جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں نئے تعلیمی سال کا باقاعدہ آغاز 03؍ستمبر 2019ء کو ہو گیا ہے۔ امسال گھانا اور دیگرممالک سے داخلہ لینے والے طلباء کی کل تعداد 41؍ہے۔ اس طرح اس وقت جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میںچوبیس (24) ممالک سے تعلق رکھنے والے دوسو آٹھ(208) طلباء زیر تعلیم ہیں جن میں پاکستانی نژاد طلباء کی تعداد سترہ (17) ہے۔
طلباء جامعہ کی اس بڑھتی ہوئی تعدادکے پیشِ نظر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کی پُر شفقت منظوری سے مؤرخہ 17؍دسمبر2018ء بروز سوموار مسرور ہاسٹل جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے دوسرے فیز کی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔ حضور ِانور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے اس پراجیکٹ کے تکنیکی امور طَے کرنے کی ذمہ داری مکرم فائزنوشیروان احمد (واقفِ زندگی۔آرکیٹیکٹ) کو سونپی تھی جو اس مقصد کے لیے گھانا تشریف لائے۔ موصوف نے ضروریات کا جائزہ لے کر نقشہ بنا یا اور کام کا آغاز کروایا۔ اس نئی تعمیر میں ہوسٹل کی انتظامیہ کے کمروں کے ساتھ ساتھ کامن روم، ملٹی پرپز (Multi Purpose) ہال اور رہائشی کمرے شامل ہیں۔ مرحلہ وار ہونے والی یہ تعمیرات اب مکمل ہو چکی ہیں۔ فالحمد للہ علی ذلک ۔
اس فیزکی تکمیل سے طلباء کی رہائشی ضروریات پوری ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک وسیع اور کشادہ ہال بھی میسر آگیا ہے جس میں قریباً پانچ سو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ طلباء جامعہ اس ہال کو حضورِ انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کے خطبات وخطابات سننے نیز دیگر تقاریب وغیرہ کے لیے استعمال کر سکیں گے۔ ہال میں بڑی سکرین اور ساؤنڈ سسٹم کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
اس ہال کا افتتاح مؤرخہ 08؍ستمبر 2019ء بروز اتوار طلباء جامعہ احمدیہ کو حضورِ انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کے مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے سالانہ اجتماع سے اختتامی خطاب کو براہِ راست سنواکر کیا گیا۔ اس موقع پر تمام طلبہ جامعہ اس ہال میں موجود تھے۔ اللہ تعالیٰ جامعہ احمدیہ گھانا کے اس سنگِ میل کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: مرزا خلیل احمد بیگ۔ وائس پرنسپل جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا)
٭…٭…٭