جامعۃ المبشرین سیرالیون میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم کا بابرکت انعقاد
جامعہ احمدیہ سیرالیون میں طلباء کی علمی قابلیتوں کو بڑھانے اور مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے مجلس علمی باقاعدہ قائم ہے۔ اور طلباء کو تین گروپس (نور، محمود، ناصر)میں تقسیم کرکے ان کے درمیان باقاعدگی سے مختلف مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں ۔ ہر گروپ کی کارکردگی کی نگرانی اور مقابلہ جات کی تیاری کے لیے ہر گروپ پر جامعہ کے ایک استاد کو نگران بنایا گیا ہے اور ان کی ہفتہ وار میٹنگز بھی ہوتی ہیں۔
نئے تدریسی سال کے آغاز سے سال اوّل کے طلباء کو گروپوں میں تقسیم کرکے ان کے درمیان مورخہ 18ستمبر 2019ءکو پہلا مقابلہ تلاوت قرآن کریم کا کروایا گیا۔ مقابلہ کے لیے کوئی نصاب مقرر نہیں تھا ۔ مکرم مبارک احمد گھمن صاحب، پرنسپل جامعۃ المبشرین ، نے صدر مجلس کے فرائض سرانجام دیے، جبکہ مکرم حافظ نوید ربی صاحب، مکرم ادریس احمد صاحب، مکرم حافظ شیخ ظافر احمد صاحب نے منصفین کے فرائض سرانجام دیے۔
مقابلہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد قواعد پڑھ کر سنائے گئے۔ ہر گروپ سے 5منتخب طلباء نے حصہ لیا۔ مکرم پرنسپل صاحب نے نتائج کا اعلان فرمایا۔منصفین کے فیصلہ کے مطابق عزیزم سلیمان شو (نور گروپ) اوّل، عزیزم محمد ییرو کمارا (ناصر گروپ)دوم اور عزیزم محمد کمارا (نور گروپ)سوم قرار پائے۔
انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات کے پوائنٹس شریک مقابلہ اور گروپ دونوں کو ملتے ہیں، اور سال کے آخر میں اس پوائنٹ سسٹم کی بنیاد پر بہترین گروپ اور بہترین طالب علم کے انعام کا فیصلہ کیا جاتا ہے ۔
٭…٭…٭