یورپ (رپورٹس)

شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ جرمنی کے زیر اہتمامHannoverمیں اسلام اور قرآن کریم کی نمائش کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اور حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں شعبہ تبلیغ جرمنی کو ملک بھر میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق مل رہی ہے جس کے لیے مختلف ذرائع اوروسائل کو بروئے کار لایا جاتا ہے۔جہاں جدید ایجادات اور سوشل میڈیاکو استعمال کیا جاتا ہے وہاں پر علم محمدِعربی صلی اللہ علیہ و سلم کی سر بلندی کے لیے اسلام وقرآن نمائشوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ جرمنی میں اسلام وقرآن نمائشوں کا آغاز 2008میں شروع ہوا۔ گذشتہ 7سالوں میں جرمنی کے مختلف شہروں میں کُل183نمائشیں لگائی جا چکی ہیں۔

زیر نظر رپورٹ میں جرمنی کے شہر ہنوفر میں لگنے والی حالیہ نمائش کا ذکر کیا جائے گا ۔

اللہ کے فضل سے نمائش لگانے کے دوران ہی لوگوں نے اس کے قدآدم پوسٹرز پڑھنا شروع کردیے تھے ۔ اس نمائش میں مندجہ ذیل مضامین کے 16بڑے بڑے پوسٹر لگائے گئے مثلاًذات باری تعالیٰ،قرآن کریم، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم، مقدس شہر، اسلام، ارکان اسلام،جہاد، اسلامی سائنس، اسلام کی امن پسندتعلیمات، تعارف حضرت مسیح موعود علیہ السلام، تعارف خلفاء حضرت مسیح موعود علیہ السلام، اسلام کی دنیا، ڈاکٹر عبدالسلام ، مذہبی آزادی اور اسلام میں عورت کا مقام وغیرہ ۔ ان کے علاوہ قرآنی آیات ،احادیث مبارکہ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات کے چھوٹے بینرز بھی لگائے گئے ۔

اسی طرح ٹیلی ویژن پر جماعت احمدیہ کا تعارف اور حضورِانور کے دورہ جات اور مساجد کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی ویڈیوزچلائی جاتی رہیں۔ حضورِانور کے ممالکِ بیرون کے دورہ جات اور یورپین پارلیمنٹ سے خطاب قابل ذکر ہیں ۔ اسی طرح خلفائے احمدیت کا مع تصاویر تعارف نیز جرمنی میں احمدیہ مساجد کی تصاویر اور اُن کے مختصر تعارف پر مشتمل بینرز بھی لگائے گئے جسے لوگوں نے بہت پسند کیا ۔بے شمار لوگوں نے نمائش کی تصاویر لیں اور خوشی کا اظہار کیا کہ اسلام کی یہ تصویر تو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ۔اسی طرح بعض شریف النفس مسلمانوں کی خوشی دیدنی تھی کہ اسلام کی تبلیغ اس انداز میں کی جارہی ہے۔کثیر تعداد میں لوگوں نے لٹریچر حاصل کیا۔

امسال جماعت احمدیہ ہنوفر کو یہاں چوتھی بار اسلام وقرآن نمائش لگانے کی توفیق ملی سب سے پہلی نمائش 26تا 31جولائی 2016ء کو لگائی گئی تھی جسے 6645؍احباب نے وزٹ کیا۔ دوسری نمائش 8تا 12اگست 2017ءکو لگائی گئی اس نمائش کو 6200؍افراد نے وزٹ کیا جس میں ترک اور عرب مسلمانوں کی واضح تعداد بھی تھی۔تیسری نمائش 25جون تا یکم جولائی 2018ءکو لگائی گئی اس وقت اس جگہ تعمیراتی کام ہو رہے تھے ٹرام اسٹیشن وغیرہ کو اچھے اور خوبصورت انداز میں بنایا جا رہا تھا اس وجہ سے زائرین کی تعداد کم رہی پھر بھی اسے 6800؍احباب نے وزٹ کیا۔ امسال یہ نمائش 10تا 15ستمبر2019ءکو لگائی گئی جسے 14247 افراد نے وزٹ کیا۔

ہر سال ہی مختلف سیاسی ،سماجی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے احباب اس نمائش کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں گذشتہ سال کی نمائش میں لجنہ اماء اللہ نے بھی اپنی مہم ‘‘میں ایک مسلم عورت ہوں ’’کے عنوان سے یہاں سٹال لگایا جسے خواتین نے بہت پسند کیا اور ہماری لجنہ سے سوالات کیے۔ امسال بھی اللہ کے فضل سے اس نمائش کی افتتاحی تقریب میں شہری انتظامیہ کی فرسٹ سیکرٹری صاحبہ،ریجن کے پریذیڈنٹ،آئندہ انتخابات میں بننے والےممکنہ میئر صاحب،اسی طرح اسرائیل جرمن ریلیشن شپ کے نمائندہ بھی شریک ہوئے ان کے علاوہ بے شمار اہل علم احباب تشریف لائے اور اسلام کے متعلق سوالات کئے ۔اس موقع پر جہاں مقامی احباب نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا وہاں مقامی مبلغ سلسلہ کے علاوہ اردگرد کی جماعتوں سے بھی مربیان ڈیوٹی دیتے رہے ۔

تأثرات

٭…ایک جرمن مرد اور خاتون نمائش میں آئے ۔ دوران گفتگو اُنہوں نے کہا کہ یہ جو کام آپ لوگ کررہے ہیں یہ پوری دنیا میں پھیلنا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ اگر اس طرح ہر سطح پر ایسا کام ہو اور نمائش لگے تو دنیا سے خوف اور ڈر بھی ختم ہوجائے ۔اُنہوں نے پوچھا کہ اسلام آج کل تشدد والا مذہب نظر آتا ہے لیکن اگر یہ تصویر بھی دنیا میں جائے تو لوگ سوچنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ آخر پر انہوں نے دعا دی کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کومزید ترقی عطا فرمائے اور کامیابیوں سے نوازے۔ (آمین)

٭…دو افغانی مہمان اور ایک ترکی مہمان نے کہا کہ یہ کام جو آپ لوگ کررہے ہو بہت اچھا ہے اور آج اِس کی ضرورت ہے ۔

ایک جرمن بزرگ خاتون نے کہا آج کل میڈیا میں اسلام کی جو تصویر دکھائی جارہی ہے خوف ناک ہے ۔جماعت کی تصویر بھی اگر دکھائی جائے تو یقینا ًبہتر ہوگا۔

(رپورٹ:صفوان احمد ملک شعبہ تبلیغ جرمنی)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button