مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

حضور انور کی مصروفیات کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

مورخہ17؍تا 20؍ اکتوبر 2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭…17؍ اکتوبر 2019ءبروز جمعرات (فرانکفرٹ جرمنی): آج شام چھے بجے ملاقات کا سلسلہ شروع ہوا۔ ملاقات کے ختم ہوتے ہی حضور پُر نور نمازوں کی ادائیگی کے لیے مسجد میں تشریف لے آئے ۔ ایک خاتون نے جس کا جوان بچہ ایک لمبے عرصے سے بیمار ہے حضورِ انور کو دکھانے اور دعا لینے کی اجازت لے رکھی تھی۔ حضورِ انور نے مسجد میں رونق افروز ہونے سے پہلے اس بچے کو دیکھا، دعا دی اور اس کی والدہ سے ہمدردی سے گفتگو فرمائی۔ پورے آٹھ بجے نمازیں ادا کی گئیں ۔

٭…18؍ اکتوبر 2019ء بروز جمعۃ المبارک (فرانکفرٹ جرمنی): آج نمازِ جمعہ کی ادائیگی کا انتظام فرانکفرٹ سے 60کلومیٹر دور گیزن کے ایگزیبیشن سنٹر میں تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ بیت السبوح سے نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے ایک بجے سے کچھ دیر بعد روانہ ہوا۔ دو بجے کے قریب حضورِ انور کا قافلہ گیزن کے ایگزیبیشن سنٹر پہنچا توحافظ اویس احمد قمر، طالب علم جامعہ احمدیہ جرمنی نے اذان دینے کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں حضورِ انور نے اصحابِ بدر کی دل نشیں سیرت و سوانح کے واقعات پر مشتمل بصیرت افروز خطبۂ جمعہ ارشاد فرمایا اور پھر نمازِ جمعہ اور نمازِ عصر جمع کر کے پڑھائیں۔

نمازِ جمعہ کی جھلکیاں: نمازِ جمعہ کے انتظامات کے لیے گیزن کے مقامی صدرجماعت کی مدد کے لیے مکرم افسر صاحب جلسہ گاہ اور مکرم افسر صاحب خدمتِ خلق جلسہ سالانہ جرمنی 2019ء نے ساتھ دیا کیونکہ جرمنی بھر سے احمدیوں کی ایک بڑی تعداد میں متوقع آمد کے پیشِ نظر اس بابرکت اجتماع کا انتظام جلسہ سالانہ کی طرز پر کیا جا رہا تھا۔

جمعرات کے روز صبح سے وقارِ عمل شروع کر دیا گیا جس میں ڈیڑھ سو کے قریب خدام اور انصار نے شرکت کی۔ ایگزیبیشن سنٹر کے سات ہالوں میں نماز کے لیے کارپٹ بچھانے، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے ایک ہزار سے زائد کرسیوں کو معیّن جگہ پر رکھنے اور دو بڑی اور دس چھوٹی ٹی وی سکرینیں لگانے کا کام جمعرات کی رات کو مکمل کر لیا گیا۔

تیاری، وائنڈ اَپ، زیبائش اور لاؤڈ سپیکر کی ذمہ داری افسر صاحب جلسہ گاہ کے سپرد تھی جبکہ حفاظت، پارکنگ، کارڈز سکیننگ اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات افسر صاحب خدمتِ خلق نے سرانجام دیے اور وقارِعمل کرنے والے دوستوں کے قیام و طعام اورمقامِ اجتماع کی نظافت کا انتظام محترم صدر صاحب جماعت گیزن نے کروایا۔

آج اپنے پیارے امام امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت امامت میں نمازِ جمعہ کے اجتماع میں جرمنی کے دوردراز شہروں سے چار ہزار کے قریب مردوں، دو ہزار سے زائد خواتین اور پارکنگ، نظم و ضبط اور حفاظت وغیرہ کی ڈیوٹی پرمامور افراد سمیت ساڑھے چھے ہزار سے زائد افراد نے شمولیت اختیار کی۔ مکرم افسر صاحب لنگر خانہ نے سات ہزار افراد کا کھانا تیار کروا کر شعبہ ضیافت کے تعاون سے نمازِ جمعہ پر آنے والے احباب کی مہمان نوازی کا فریضہ سرانجام دیا۔

آج فیملی ملاقاتوں کا سلسلہ شام پونے سات سے آٹھ بجے تک جاری رہا۔ رات 8؍ بج کر 10 منٹ پر حضورِ انور نے مکرم مرزا عبدالمجید صاحب ابن مرزا عبدالرؤوف صاحب (مرحوم) سابق امیر جماعت اٹک کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔ مرحوم دس سال جرمنی میں بیمار رہنے کے بعد 75 سال کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

بعد ازاں رات سوا آٹھ بجے کے قریب قرآنِ کریم کا دَور پہلی مرتبہ ختم کرنے والے 36 بچوں کی تقریبِ آمین کو برکت بخشنے کے لیے حضورِ انور مسجد میں رونق افروز ہوئے۔ حضور پُر نور نے باری باری تمام بچوں سے قرآنِ کریم کا کچھ حصہ سنا اور آخر میں دعا کروائی۔

٭…19؍ اکتوبر 2019ءبروز ہفتہ(فرانکفرٹ جرمنی): آج صبح حضورِ انور کی معمول کی دفتری مصروفیات کے بعد سوا گیارہ بجے فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں جو دو بجے دوپہر تک جاری رہیں۔ دیگر ملاقاتوں کے علاوہ آج ایک عرب دوست حضورِ انور سے شرفِ ملاقات حاصل کرنے کے لیے اٹلی سے فرانکفرٹ، جرمنی پہنچےتھے۔ ملاقاتوںسے فارغ ہو کر حضورِانور مسجد کے خواتین والے حصے میں تشریف لے گئے اور قرآنِ کریم کا دَور پہلی مرتبہ ختم کرنے والی پینتیس خوش نصیب بچیوں کی تقریبِ آمین کو سرفراز فرمایا۔ تمام بچیوں نے باری باری اپنے پیارے امام کو قرآن کریم کا کچھ حصہ سنایا جس کے آخر پر حضور پُر نور نے دعاکروائی۔ سوا دو بجے حضورِ انور نے نماز ظہروعصر جمع کر کے پڑھائیں۔

آج شام بھی حضورِ انور کی معمول کی دفتری مصروفیات کا سلسلہ جاری رہا۔ چھے بجے کے بعد دوبارہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔

٭…حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کی معیّت میں ناظمین و ناظمات جلسہ سالانہ جرمنی 2019ء کا عشائیہ:حضورِ انور پونے آٹھ بجے کے قریب بیت السبوح کے احاطے میں موجود زنانہ سپورٹس ہال میں رونق افروز ہوئے جہاں جلسہ سالانہ جرمنی 2019ء میں خدمت کی توفیق پانے والے (ناظمین و ناظمات) حضورِ انور کی آمد کے منتظرتھے۔ حضورِ انور نے تشریف لانے پر دعا سے اس محفل کا آغاز فرمایا اور پھر کھانا شروع ہوا۔ عشائیے کے لیے زنانہ سپورٹس ہال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ 15گول میزوں اور صدارتی میز کو اس ترتیب سے رکھا گیا تھا کہ آقا اور خادمان ایک دوسرے کو بیک وقت دیکھ سکتے تھے۔

ہال کے درمیان میں پردہ لگا کر دوسری طرف ناظمات جلسہ سالانہ (مستورات) کے لیے بھی میزیں ترتیب دی گئی تھیں۔ صدارتی میز پر حضورپُر نور کے دائیں طرف مکرم افسر صاحب جلسہ سالانہ، مکرم افسر صاحب جلسہ گاہ، مکرم افسر صاحب خدمتِ خلق اور مکرم مبلغ انچارج صاحب جماعت احمدیہ جرمنی نے بیٹھنے کی سعادت پائی جبکہ حضورِ انور کے بائیں طرف مکرم امیرصاحب جماعت احمدیہ جرمنی،مکرم ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب،مکرم پرائیویٹ سیکرٹری صاحب اور مکرم انچارج صاحب پریس اینڈ میڈیا آفس لندن کو بیٹھنے کا مو قع ملا۔ دعوت کا انتظام ملک ابرار احمد صاحب نے جامعہ احمدیہ کے طلبہ کے تعاون کے ساتھ کیا تھا۔ حضورِ انورقریباً آدھ گھنٹہ دعوت میں موجود رہے اور سوا آٹھ بجے مغرب و عشاء کی نمازیں پڑھائیں۔

اعلاناتِ نکاح: نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور نے مندرجہ ذیل 19 نکاحوں کا اعلان فرمایا ۔ دعا کے بعد حضور نے سب کو مبارک باد دی اور السلام علیکم کہہ کر نو بجے شب قیام گاہ پر تشریف لے گئے:

اعلاناتِ نکاح کے بعد امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دعا کرتے ہوئے

٭ …عزیزہ ماہدہ ظفر بنت مکرم مشہود احمد ظفر صاحب (مربی سلسلہ۔ جرمنی) ہمراہ مکرم فہیم احمد خان صاحب (مربی سلسلہ۔ سوئٹزر لینڈ) ابن مکرم وسیم احمد خان صاحب

٭… عزیزہ عروب ناصر (واقفۂ نو) بنت مکرم طاہر احمد صاحب (مربی سلسلہ۔ جرمنی) ہمراہ مکرم صہیب ناصر صاحب (متعلم درجہ شاہد۔ جامعہ احمدیہ جرمنی) ابن مکرم محمد صادق ناصر صاحب

٭… عزیزہ فرحانہ خُلّت بنت مکرم انور احمد صاحب (لاہور۔ پاکستان) ہمراہ مکرم اسامہ ادیب صاحب (مربی سلسلہ۔ ایڈیشنل نظارت تعلیم القرآن و وقفِ عارضی پاکستان) ابن مکرم اظہر الحق صاحب

٭… عزیزہ نورین مہرو احمد (واقفۂ نو) بنت مکرم مشتاق احمد چٹھہ صاحب (فرانکفرٹ۔ جرمنی) ہمراہ مکرم عامر محمود صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم شاہد محمود صاحب (اوبرسٹ ہاؤزن۔ جرمنی)

٭… عزیزہ عِلزا خالد (واقفۂ نو) بنت مکرم ہارون احمد صاحب (فرانکفرٹ۔ جرمنی) ہمراہ مکرم قاصد احمد صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم عرفان احمد صاحب (درائے آئش۔ جرمنی)

٭… عزیزہ عمرانہ جاوید احمد (واقفۂ نو) بنت مکرم احسن جاوید صاحب (اوفن باخ۔ جرمنی) ہمراہ مکرم دانیال احمد صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم الیاس احمد صاحب (مائنز۔ جرمنی)

٭…عزیزہ حسبانہ سلیم طور (واقفۂ نو) بنت مکرم سلیم احمد طور صاحب (نوروَرشٹڈ) ہمراہ مکرم محمد راحیل حفیظ صاحب ابن مکرم محمد حفیظ صاحب (روئیڈس ہائم۔ جرمنی)

٭… عزیزہ درّمکنون انجم (واقفۂ نو) بنت مکرم اُلفت حسین انجم صاحب (مرحوم، ہیوگلز ہائم۔ جرمنی) ہمراہ مکرم ہارون احمد مبارک صاحب ابن مکرم محمود مبارک صاحب (ہیوگلز ہائم۔ جرمنی)

٭… عزیزہ منزّہ بھٹی بنت مکرم فہیم احمد بھٹی صاحب (ایڈنگٹن۔ جرمنی) ہمراہ مکرم کلیم احمد صاحب ابن مکرم نعیم احمد صاحب (ہائلبرون۔ جرمنی)

٭… عزیزہ زارا احمد بنت مکرم عامر ہمایوں احمد صاحب (کینیڈا) ہمراہ مکرم محسن امجد صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم طارق امجد صاحب

٭… عزیزہ صدف اقبال سلیم بنت مکرم نسیم اقبال صاحب (ہمبرگ۔جرمنی) ہمراہ مکرم مرزا طلحہ سلیم صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم مرزا نعیم احمد صاحب (ہمبرگ۔ جرمنی)

٭… عزیزہ ماہرہ نجیب بنت مکرم نجیب احمد ملک صاحب (رائن ہائم۔ جرمنی) ہمراہ مکرم عثمان طاہر حنیف صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم محمد حنیف صاحب (شٹوٹن سے۔ جرمنی)

٭… عزیزہ مناہل بٹ بنت مکرم وسیم احمد بٹ صاحب (ولڈ برگ۔ جرمنی) ہمراہ مکرم عقیل بابر صاحب ابن مکرم بابر جلال صاحب (مئور فیلڈن والڈورف۔ جرمنی)

٭… عزیزہ کاشفہ عزیز بنت مکرم عزیز اللہ صاحب (کرون برگ۔ جرمنی) ہمراہ مکرم تابش احمد صاحب ابن مکرم عرفان احمد صاحب (درائے آئش۔ جرمنی)

٭… عزیزہ ہادیہ احمد بنت مکرم محمود احمد صاحب (میٹمن۔ جرمنی) ہمراہ مکرم سیّد شہزاد احمد صاحب ابن مکرم سیّد حامد مقبول صاحب (نوئیس۔ جرمنی)

٭… عزیزہ فامیہ احمد بنت مکرم قدیر احمد صاحب (برلن۔ جرمنی) ہمراہ مکرم فراست احمد وڑائچ صاحب ابن مکرم بشارت احمد وڑائچ صاحب (ہوہن شٹائن۔ جرمنی)

٭… عزیزہ مبشرہ بھٹی بنت مکرم محمد علی بھٹی صاحب (ریڈ شٹڈ۔ جرمنی) ہمراہ مکرم مہران منصور صاحب ابن مکرم منصور احمد بھلّی صاحب (لاہور، پاکستان۔ حال جرمنی)

٭… عزیزہ غزالہ ارشاد بنت مکرم ارشاد احمد خان صاحب (مربی سلسلہ۔ پاکستان) ہمراہ مکرم ولید احمد خان صاحب ابن مکرم نعیم احمد صاحب (فرانکفرٹ۔ جرمنی)

٭… عزیزہ کِرن جنجوعہ بنت مکرم محمد انیس جنجوعہ صاحب (فرید رِش ڈورف۔ جرمنی) ہمراہ مکرم غضنفر علی صاحب ابن مکرم نذیر احمد صاحب (مرحوم۔ باہوم بُرگ۔ جرمنی)

٭20؍ اکتوبر 2019ءبروز اتوار (فرانکفرٹ جرمنی): آج دفتری امور کی انجام دہی کے بعد 11 بجے حضور انور کے ساتھ انفرادی و فیملی ملاقاتوں کا پروگرام شروع ہوا۔ یہ سلسلہ دو بجے تک جاری رہا۔ شام چار بجے حضور انور فلڈا کے لیے روانہ ہوئے جہاں مسجد بیت الحمید کی نقاب کشائی اور تقریبِ افتتاح کا پروگرام تھا۔(اس پروگرام کی تفصیلی رپورٹ اسی شمارہ کی زینت ہے) پروگرام کے بعد حضور انور پونے آٹھ بجے کے قریب واپس فرانکفرٹ کے لیے روانہ ہوئے۔

ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز

اس عرصے کے دوران جمعرات کو جرمنی کے دور دراز کے 25 سے زائد شہروں سے، جمعۃ المبارک کے روز 20؍ سے زائد شہروں سے، ہفتے کے روز بھی 20؍ سے زائد شہروں اور اتوار کے روز بھی جرمنی کے کئی شہروں سے تعلق رکھنے والی 169؍ فیملیز اور متعدّد احباب نے انفرادی طور پر اپنے پیارے امام سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔جرمنی کے علاوہ پاکستان اور اٹلی سے یہاں پہنچنے والے احمدی احباب بھی حضورِ انور کی ملاقات سے فیض یاب ہوئے۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

(رپورٹ: عرفان احمد خان نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button