نیشنل وقفِ نو اجتماع جماعت احمدیہ کینیڈا
اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
دینی و تربیتی پروگرامز پر مشتمل اجتماع۔535؍واقفینِ نَو کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ وقف نو جماعت احمدیہ کینیڈا کو مورخہ 27؍ اکتوبر 2019ء کو اپنا چوتھا سالانہ اجتماع برائے واقفین نو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
یہ ایک روزہ اجتماع جماعت احمدیہ کینیڈا کے مرکز مسجد بیت الاسلام کے احاطہ میں منعقد ہوا جس میں 535؍واقفین نو نے شرکت کی۔
اجتماع کی افتتاحی تقریب کی صدارت مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے کی۔ تلاوت و نظم کے بعد تحریک وقف نو پر ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔
واقفین نو میں سے جن بچوں نے سورۃ البقرہ کی پہلی سترہ آیات، قرآن کریم کی آخری پچیس سورتیں اور قصیدہ حفظ کیا تھا انہیں انعامات دیے گئے۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب کی ہدایت پر مکرم کلیم احمد ملک صاحب نائب امیر جماعت کینیڈا نے واقفین نو سے خطاب کیا اور آخر میں مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔
افتتاحی تقریب کے بعد واقفین نو کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کر دیا گیا اور پھر ان چاروں گروپس کے بیک وقت مسجد بیت الاسلام کے احاطہ میں ہی مختلف جگہوں پر پروگرام شروع ہوئے۔ واقفین نو سے ان کی عمروں کے مطابق مختلف موضوعات پر بات کی گئی اورانہیں سوالات کا بھی موقع دیا گیا۔ اس اجتماع کا مرکزی موضوع سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا وہ تاریخی خطبہ جمعہ تھا جو حضورِانور نے مورخہ 28؍اکتوبر 2016ءکو مسجد بیت الاسلام میں ارشاد فرمایا تھا۔
مکرم امیر صاحب اور سیکرٹری صاحب وقف نو نے 19 سال سے زائد عمر والے واقفین نو سے گفتگو کی جس میں انہوں نے واقفین نو کو جماعت کے مختلف شعبہ جات میں خدمت کرنے نیز عبادتوں میں اعلیٰ معیار قائم کرنے کی طرف توجہ دلائی ۔
اسی طرح اس گروپ کی کچھ نوجوان واقفین زندگی کے ساتھ بھی ایک دلچسپ نشست ہوئی جس میں ان واقفین زندگی نے وقف سے پہلے اور پھر وقف کے بعد اپنی زندگیوں کے کچھ احوال بتائے اور بتایا کہ کس طرح ان پر اللہ تعالیٰ کے بے شمار فضل ہوئے اور کس طرح وہ خوش کن اور پر سکون زندگی گزار رہے ہیں۔
اجتماع کا اختتام ظہر و عصر کی نمازوں پر ہوا جس کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے بعد واقفین نو کے جامعہ احمدیہ کینیڈا، ایم ۔ٹی ۔اے انٹرنیشنل کینیڈا سٹوڈیو اور جماعت کے مختلف دفاتر کے دورہ جات کا پروگرام بھی رکھا گیا۔
اس کے علاوہ شعبہ اشاعت کی مدد سے واقفین نو کے لیے رسالہ جات مریم اور اسماعیل، نصاب وقف نو اور دیگر کتب خریداری کے لیے دستیاب کی گئیں۔ اجتماع کے دوران مختلف تنظیموں، شعبہ جات، اداروں اور احباب کی خاص معاونت حاصل رہی۔
قارئین سے ان واقفین نو کے لیے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کا وقف قبول فرمائے اور انہیں مقبول خدمت دین کی توفیق دے!
٭…٭…٭