ہندوستان کے دار الحکومت نئی دہلی میں پیس سمپوزیم کا انعقاد
مورخہ 23؍ نومبر 2019ء جماعت احمدیہ نئی دہلی کی جانب سے ہندوستان کے دار الحکومت نئی دہلی میں پیس سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ اس پیس سمپوزیم کا عنوان ‘انسانی اقدار قیام امن کی ضامن ہیں’ مقرر کیا گیا۔ یہ پیس سمپوزیم نئی دہلی کے Constitutional Club میں منعقد ہوئی۔
اس پیس سمپوزیم میں مختلف مکاتب ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد مہمانان کرام نے شرکت فرمائی جن میں سیاسی و سرکاری عہدیداران، تعلیمی ادارہ جات کے پروفیسر صاحبان و طلباء اور مختلف مذاہب کے لیڈران بھی شامل تھے۔
تلاوت قرآن مجید کے بعد جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں مختلف مقرر صاحبان نے موضوع سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جماعتی نمائندہ نے اسلامی تعلیمات اور سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں انسانی اقدار قیام امن کی ضامن ہیں کے متعلق اپنی تقریر پیش کی۔
اس پیس سمپوزیم میں قیام امن کے حوالہ سے سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی زریں نصائح پر مشتمل ڈاکومنٹری حاضرین کو دکھائی گئی جو شاملین کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
صدارتی خطاب اور دعا سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ نئی دہلی پیس سمپوزیم کا مکمل پروگرام فیس بُک پر لائیو سٹریم کیا گیا۔
اس موقع پر ہال میں بُک سٹال بھی لگایا گیا جس سے شاملین بھرپور استفادہ کرتے رہے۔ معزز مہمانان کرام کو جماعتی لٹریچر تحفۃً پیش کیے گئے۔ پروگرام کے بعد شاملین کے لیے عشائیہ کا بھی اہتمام تھا۔
پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے 20 سے زائد نمائندگان نے اس پیس سمپوزیم میں شرکت کرکے کوریج دی۔ اگلےروز مختلف صوبائی اخبارات میں اس پیس سمپوزیم کی خبریں شائع ہوئیں۔
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)