مسیحِ پاک کا فرزند مظہر رب کی رحمت کا
مسیحِ پاک کا فرزند مظہر رب کی رحمت کا
نشاں تھا وہ خدا کی شان کا اور اس کی عظمت کا
بشیر الدین اور محمودؓ اور فضل عمرؓ تھا وہ
مسلسل ایک جلوہ تھا مسیحا کی صداقت کا
وہ عاشق تھا خدا کا اور محمدؐ اور احمدؑ کا
ادا اُس نے کیا خوبی سے حق ان کی محبت کا
خدا نے خود اسے قرآن کی تفسیر سکھلائی
منادی تھا کلامِ پاک کی عظمت کا شوکت کا
ظہور اس کا مبارک اور جلالِ حق کا موجب تھا
مقدس روح کا حامل نمونہ اس کی قدرت کا
وہ اک سالار تھا اور تیز اٹھتے تھے قدم اس کے
بجا اکناف عالم میں ہے ڈنکا اس کی شہرت کا
علومِ ظاہری و باطنی کے نور سے پُر تھا
وہ حامل تھا خدا کی خاص ہی تائید و نصرت کا
خدا کا فضل اور رحمت وہ لایا آسمانوں سے
ہمیشہ شکر واجب ہے خدا کی ایسی نعمت کا
اُتر آیا ہو جیسے خود خدا وہ مرتبہ پایا
کوئی اندازہ کر سکتا نہیں اس شان و حشمت کا
دعا ہے اعلی علییّن میں وہ محو راحت ہو
ملے اس کو وہاں اعلیٰ مقام اللہ کی قربت کا
(امۃ الباری ناصر۔ امریکہ)
مزید پڑھیں: رمضان کا فیضان




