آئیوری کوسٹ میں ہیومینٹی فرسٹ کے تحت سکولوں کی تعمیر
الحمد للہ جماعت احمدیہ خدمت انسانیت کے جذبہ سے سر شار ہر لمحہ بنی نوع انسان کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ہیومینٹی فرسٹ کے پروگرام Knowledge for lifeکے تحت ہیومینٹی فرسٹ یوکے کے تعاون سے آئیوری کو سٹ میں تین پرائمری سکولوںکی تعمیر عمل میں لائی گئی جس کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
امسال مندرجہ ذیل ریجنز San- Pedro ، Zouan-Hounien اور Kablan Ahissikro میں تین پرائمری سکولز کی تعمیر ہوئی جن کا افتتاح بالترتیب 16، 23 اور31 ؍اکتوبر 2019ءکو مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ نے کیا۔
ان افتتاحی تقریبات میں سکول کے بچوں کو ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے مفت بستے بھی تقسیم کیے گئے ۔ان مواقع پر بچوں کے والدین کے علاوہ حکومتی انتظامیہ کے ممبران اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی جن میں علاقے کے گورنر ،نائب گورنر، پولیس کمشنر،انسپکٹر تعلیم ،قبائلی چیف اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔
بیرونی میڈیا جس میں مختلف ریڈیو چینلز کے ڈائریکٹرز ، آن لائن اخبار AIP اور انٹرنیشنل چینل Buisness 24 نے وسیع پیمانے پر پروگرامز کو کوریج دی۔
حکو متی انتظامیہ نے علاقے کی طرف سے جماعت اور ہیومینٹی فرسٹ کا بہت شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سکول کی تعمیر سے اب ان علاقہ جات کا ہر بچہ اپنے بنیادی حق یعنی تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔
اس وقت ان سکولز میں 120 کے قریب بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ تمام احباب کو جنہوں نے کسی بھی رنگ میں اس سکول کی تعمیر میں حصہ لیا اس کی بہترین جزا عطافرمائے۔ آمین
٭…٭…٭