جلسہ سالانہ گوئٹے مالا 2019ء کے موقع پر حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کے خصوصي پيغام کا اردو مفہوم
پيارے ممبران احمديہ مسلم جماعت گوئٹے مالا
السلام عليکم ورحمة اللہ و برکاتہ
مجھے اس بات کي خوشي ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ21,20اور22دسمبر2019 ءکو منعقد کر رہے ہيں۔اللہ تعاليٰ اس جلسہ کو اعليٰ کاميابي سے نوازے، تمام شاملين اس سے روحاني فيوض حاصل کرنے والے ہوں اوربھلائي، نيکي و تقويٰ ميں بڑھنے والے ہوں۔
ميں آپ کو نصيحت کرتا ہوں کہ اپنے نئے امير سے مکمل تعاون کريں۔ ميں آپ کو تاکيد کرتا ہوں کہ آپ ان شرائط بيعت پر پوري کوشش کے ساتھ پيرا ہوں جن کا عہد آپ نے حضرت مسيح موعودعليہ السلام سے کيا جن کے متعلق رسول اللہ حضرت محمدﷺ نے پيشگوئي فرمائي تھي اور ‘‘ہمارے مہدي ’’کے نام سے بڑي محبت سے پکارا تھا۔
گو کہ جماعت گوئٹے مالا ميں کافي عرصے سے قائم ہے اور اب کافي حد تک پھيل جانا چاہيے تھا مگر يہ ممکن نہيں ہو سکا۔ اس ليے گوئٹے مالا کي ترقي کے ليے آپ کو خاص کوشش کرني چاہيے اور سخت جدوجہد کي ضرورت ہے۔ آپ کا کام اس علاقے ميں اسلام کا سچا پيغام پہنچانا ہے اور ہماري خوبصورت تعليمات سے لوگوں کو آگاہ کرنا ہے اور ان کو حضور ﷺ کي درگاہ ميں شامل ہونے کي دعوت دينا ہے۔
چنانچہ اس کے ليے ضروري ہے کہ آپ آپس ميں بھائي چارے کي فضا کو قائم کريں اور پر امن اور محبت بھري فضا ميں اکٹھے مل کر کوشش کرتے ہوئے گوئٹے مالا کي جماعت کي ترقي کے ليے ہر ممکن کوشش کريں۔
آپ اپنے اخلاص اور تعلق کو مضبوطي کے ساتھ خلافت کے بابرکت نظام کے ساتھ جوڑ يں اور خليفة المسيح سے ذاتي تعلق بڑھانے کي کوشش کريں۔ آپ اپني اولاد وںکو بھي خلافت کے بابرکت نظام سے آگاہ کريں اور ان کو ہميشہ نصيحت کرتے رہيں کہ وہ خليفۂ وقت کے ساتھ اخلاص کا تعلق قائم رکھنا ہے۔ آج اسلام کا احيائے نو اور دنيا کا امن خلافت کے بابرکت نظام سے وابستہ رہ کر ہي قائم کيا جاسکتا ہے۔ اس ليے اس عظيم نظام کا ہميشہ احترام کريں اور اس بات کو يقيني بنائيں کہ آپ اور آپ کي نسل ہميشہ خلافت احمديہ کي بابرکت ہدايات کے تابع، اس کے زير سائے اور حفاظت کے حصار ميں رہيں۔
ميں پھر نصيحت کرتا ہوں کہ اللہ کا بہت ذکر کريں اور جلسہ کي کارروائي کے دوران جب وقفہ ہو اور راتوں کو بھي دعائيں کريں ۔ پختہ عہد کريں کہ ‘اے اللہ! ہم اس جلسے ميں، جس کا آغاز محض تيرے ارادے اور تائيد سے ہوا تھا، نيک نيتي کے ساتھ شامل ہو رہے ہيں ۔ ہم جلسے ميں صرف تيري رضا کے حصول کے ليے اور تيرے ذکر کو بڑھانے کے ليے اورتيري محبت کے حصول کي خاطرشامل ہو رہے ہيں۔ ہميں ان تمام برکات کا وارث بنا جو تو نے اس جلسہ کے ليے مختص کي ہيں۔ ہمارے اندر وہ پاک تبديلي پيدا کر دے جو تو چاہتا ہے جس کے ليے تو نے حضرت محمد ﷺ کے غلام صادق کو اس دنيا ميں مبعوث فرمايا تاکہ ہم حقيقي طور پر آپ کي بيعت کرنے والوں ميں شامل ہو سکيں۔
اللہ تعاليٰ آپ کو حضرت مسيح موعود عليہ السلام کي تعليمات پر عمل پيرا ہونے کي توفيق عطا فرمائے ،آپ کے جلسہ سالانہ کو اعليٰ کاميابيوں سے نوازے ،آپ کو بيعت کے تقاضے پورا کرنے والا بنائے ،ہميشہ نظام خلافت کا وفادار بنائےرکھے اور آپ کو اپني زندگيوں ميں ايسي حقيقي تبديلي لانے والا بنائے جس سے آپ نيکي ،تقويٰ ،خدمت انسانيت اور اسلام ميں بڑھنے والےہوں۔ اللہ تعاليٰ آپ سب پر اپنا فضل فرمائے۔ آمين
والسلام
خاکسار
(دستخط) مرزا مسرور احمد
خلیفة المسیح الخامس