Covid-19 بلیٹن (نمبر 55، 22؍مئی 2020ء)
ویکسین کے ٹرائلز کا دوسرا مرحلہ
قرنطینہ کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا
چیچن لیڈر کورونا وائرس سے بیمار
پاکستان نے کی امریکہ کی مدد
جھوٹے طبی سرٹیفکیٹ کی وجہ سے مشکلات
وینزویلا برطانیہ پر مقدمہ کریگا
مصر تنخواہوں میں کٹوتی کررہا ہے
جماعت احمدیہ انڈونیشیا کی خدمت خلق کی رپورٹ
دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 210 مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔ جنوبی افریقہ میں صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔امریکہ میں لاک ڈاؤن میں دیری سے ہزاروں اموات ہوئیں۔
Worldometers.infoکی طرف سے جاری کئےگئے اعداد و شمار کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 5,268,582؍ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے338,101؍اور 2,128,607؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں ۔
ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔
https://www.worldometers.info/coronavirus/
(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے۔)
یورپ
برطانیہ
آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے کی جانے والی کورونا وائرس کی ویکسین کی تحقیق دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور اس تحقیق میں 10,260لوگوں پر تجربات کئے جائیں گے۔ اب اس تحقیق میں زیادہ عمر کے بالغ افراد اور بچوں کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔ (سی این این)
برطانیہ کی مسلم کونسل نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یہ عید اپنے گھروں میں منائیں۔ برطانیہ میں نو ہفتے سے مساجد بند ہیں۔ (بی بی سی)
برطانیہ کا کہنا ہے کہ عالمی پروازوں سے آنے والے مسافروں میں سےاگر کسی مسافر نے 14 ؍دن کے قرنطینہ کی خلاف ورزی کی تو اسے 1,000پاؤنڈز کا جرمانہ ہوگا۔ (بی بی سی)
سپین
سپین میں گذشتہ سال اپریل کے مہینے میں فضائی سفروں کے ذریعے سات ملین سے زائد لوگ ملک میں داخل ہوئے جبکہ اس سال اپریل کے مہینے میں یہ تعداد 21,327 رہی۔ (الجزیرہ)
چیچنیا
روسی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق چیچن لیڈر Ramzan Kadyrov کو ممکنہ طور پر Covid-19 سے متأثر ہونے کے بعد بذریعہ ہوائی جہاز ماسکو منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت تسلی بخش بتائی جارہی ہے۔ (الجزیرہ)
ایشیا
پاکستان
پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 50,000 سے تجاوز کرگئی ہے ۔(ڈان)
امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ پاکستان کی طرف سے امریکہ کو حفاظتی طبی سامان کا عطیہ دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔ (ڈان)
https://twitter.com/SecPompeo/status/1263566077822414849?s=20
بھارت
بھارت میں ایک دن میں سب سے زیادہ 6,000سے زائد کورونا وائرس کے نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ (سی این این)
امریکہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ملک بھر میں اگلے تین دن قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ (سی این این)
https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1263600794290417670
امریکہ نے روس کو امدادی طور پر 5.6ملین ڈالرز مالیت کے 200 وینٹی لیٹرز میں سے 50 وینٹی لیٹرز فراہم کردئے ہیں۔ (الجزیرہ)
https://twitter.com/USEmbRuPress/status/1263487653871222784
امریکہ کے ایک شخص Santwon Antonio Davis کو اپنے کام کے افسر کو اس جھوٹے ڈاکٹری سرٹیفکیٹ کے بھیجنے پر مقدمے کا سامنا ہے کہ اسے کورونا وائرس ہے۔ اس کے ایسا کرنے پر کاروبار کو روکنا پڑا تھا۔ کام کی جگہ کو جراثیم پاک کیا گیا تھا۔ کچھ کارکنان کو قرنطینہ ہونا پڑا تھا اور کمپنی کو 100,000 ڈالرز کا نقصان ہوا تھا۔ (بی بی سی)
وائٹ ہاؤس کے ایک سابقہ ملازمWilson Roosevelt Jermanکی جس کو 11صدور کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے کی کورونا وائرس سے91سال کی عمر میں ہلاکت ہوئی ہے۔ (بی بی سی)
اقوام متحدہ کے مطابق لاطینی امریکہ میں کورونا وائرس کے نتیجے میں بے روزگار ہونے والے افراد کی تعداد میں 11.5؍ملین کا اضافہ ہوا ہے۔ (الجزیرہ)
وینزویلا
وینزویلا کے مرکزی بنک کے وکلاء کا کہنا ہے کہ وہ بنک آف انگلینڈ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ برطانوی بنک ان کے ملک کا سونا واپس کرے تاکہ وہ اس کے ذریعے اپنے ملک میں کورونا وائرس کی وباء کے متعلق اقدامات کرسکیں۔ (الجزیرہ)
برازیل
برازیل میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد20,000سے تجاوز کرگئی ہے۔ جبکہ مصدقہ کیسز کی تعداد بھی اضافے کے ساتھ تین لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔ (الجزیرہ)
آسٹریلیا
آسٹریلیا نے اپنے ملک میں کروز شپس کے داخل ہونے پر عائد پابندی کو 17ستمبر تک بڑھا دیا ہے۔ (سی این این)
افریقہ
افریقہ میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔39,481؍افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور 3,098ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)
مصر کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لئے ایک سال کے لئے ہر کام کرنے والے مصری شہری کی تنخواہ میں ایک فیصد کی کمی کی جائے گی اور بوڑھے لوگوں کی پنشن میں آدھے فیصد کی کمی ہوگی۔ 125 ڈالرز سے کم آمدنی والے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ (بی بی سی)
جنوبی سوڈان کے وزیر اطلاعات کے مطابق ملک کی کیبنٹ کے دس وزراء میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ (بی بی سی)
جماعت احمدیہ انڈونیشیا میں خدمت خلق
کورونا وائرس جیسی عالمی وبا جسکے اموات تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ عالمی معیشت پر بہت گہرا اثر ہوا ہے۔ اسی طرح انڈونیشیا نے جو آبادی کے لحاظ سے چوتھا بڑا ملک ہے اس وبا کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کئے لیکن پھر بھی سماجی دوری کی پابندیوں کی وجہ سے کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص کر طبی میدان میں خون کی قلت محسوس ہو رہی ہے۔ اکثر لوگ جو رضاکارانہ طور پر باقاعدگی سے عطیہ خون میں شامل ہوتے ہے ان میں سے ایک تہائی حصہ بھی بمشکل خون دیتے رہے۔ لہذا خدمت انسانیت کی خاطر جماعت احمدیہ انڈونیشیا نے ہیومینٹی فرسٹ کے تحت انڈونیشیا کے طول وعرض میں فاسٹ سروس برائے عطیہ خون کے پروگرام کا اعلان کیا ۔ اور جماعت کے مختلف سینٹرز میں عطیہ خون کے پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔
شہر بوگور جو مغربی جاوا کی لوکل جماعت ہے نے مورخہ16مئی 2020ء بروز ہفتہ یہ پروگرام بخیر و خوبی منعقد کیا۔ ماہ رمضان میں یہ پروگرا م شام چار بجے سے افتار تک جاری رہا۔ علاوہ ازیں دوسرے جگہوں میں بھی یہ عطیہ خون کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں ۔ ان میں سے زیادہ قابل ذکر شہر کا ڈی ری ہے جو مشرقی جاوا میں واقع ہے۔ یہاں پر نہ صرف عطیہ خون کا پروگرام کیا گیا بلکہ ضلعی سرکار اور مختلف مذاہب کی تنظیموں کو مدعو کرکے ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں اسلام کی خوبصورت تعلیم پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ کس طرح جماعت اس پر عمل کرتے ہوئے خدمت انسانیت کے فریضہ کو احسن طریق پر ادا کر رہی ہے۔ (رپورٹ: فضل عمر فاروق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل انڈونیشیا)
(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ سیرالیون)