افریقہ (رپورٹس)

جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں عید الفطر نیز اہالیان علاقہ میں تحائف کی تقسیم

رمضان کا بابرکت مہینہ مومنین کی روحانی و جسمانی تربیت کے حوالہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ امسال رمضان المبارک پوری دنیا میں ایسے حالات میں آیا جب ہر طرف کورونا کی وبا کی وجہ سے لوگ سماجی فاصلہ اور خود ساختہ تنہائی جیسی احتیاطی تدابیر اپنا کر اس عالمی وبا سے نبرد آزما ہیں۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے احمدیہ مسلم جماعت دنیا کے ہر کونے میں خدمت خلق کی توفیق پا رہی ہے۔ ملک تنزانیہ کے ریجن موروگورو میں واقع جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں مشرقی افریقہ کے پانچ ممالک کے طلبہ چار سالہ معلمین کورس کی تعلیم پاتے ہیں۔

اس عالمی وبا کے باعث پیدا ہونے والے نازک حالات میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو غرباء اور مساکین میں تحائف کی تقسیم کا موقع ملا۔ جس کے تحت قریبی ہمسایہ آبادی کے تین محلہ جات کے ایک سو (100) کے قریب خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

تحائف کی تقسیم کے وقت ان تین ہمسایہ محلہ جات کے مقامی سرکاری سربراہان نے اپنے تشکرانہ جذبات کا اظہار بھی کیا۔

محلہ مساموو بی (Msamvu B) کے چیئرمین جیمز صاحب نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’’میرے ساتھ ساتھ محلہ کٹاٹا (Kitata) اور نگیرینگیرے (Ngerengere) کے چیئرمینز بھی ان خوبصورت تحائف پر شکریہ ادا کرتے ہیں جو ہمارے ہم وطنوں میں تقسیم کیے گئے۔ ہمارے اس محلہ میں مستحق افراد کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ ہمارے محلہ میں جب بھی کوئی مشکل وقت آتا ہے، ہمیں کسی بھی مشکل کا سامنا ہو، احمدیہ مسلم جماعت سب سے بڑھ کر ہماری بھرپور مدد کرتی ہے۔‘‘

تقسیم تحائف کی تقریب کو مقامی ذرائع ابلاغ نے بھی کوریج دی اور اس طرح جماعت کا تعارف اور پیغام اخبار ہباری لیو Habari Leo، ریڈیو چینل عبود اور مقامی چینل عبود ٹی وی کے ذریعہ ملک بھر میں نشر ہوا۔ الحمدللہ علی ذلک

پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ مکرم عابد محمود بھٹی صاحب نے اس موقعے پر جماعت کا تعارف کرواتے ہوئے اس طرح کے عالمی مشکل حالات کے وقت میں جماعت کی خدمات سے آگاہ کیا۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں عید الفطر 24 مئی بروز اتوار ادا کی گئی۔

موجودہ عالمی وبا کے حوالے سے حکومتی احکامات کی پاسداری میں ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔ اسی تناظر میں جامعہ احمدیہ کے مقامی تنزانین طلبہ نے اپنے اپنے آبائی علاقہ جات میں رمضان اور عید کی عبادات ادا کیں۔ جامعہ میں زیر تعلیم طلبہ جو بیرونی ہمسایہ ممالک سے تعلق رکھتے ہیں وہ سرحدوں کی بندش کے باعث اپنے ممالک واپس نہ جا سکے۔

لہٰذا ان طلبہ نے جامعہ سٹاف کے ہمراہ عید الفطر جامعہ میں ہی ادا کی۔

نماز عید تمام احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ادا کی گئی۔ بعد ازاں شاملین کو ریفریشمنٹ بھی پیش کی گئی۔

عید کے روز تمام سٹاف جامعہ اور طلبہ نے پیارے آقا حضور پرنور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کا خطبہ عید براہ راست سنا۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہمارے پیارے آقا کو صحت و سلامتی والی عمر دراز عطا کرے اور ہمیں خلافت کا مطیع خادم اور سلطان نصیر بنائے آمین۔

(رپورٹ: عبدالناصر مومن باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button