عالمی خبریں

کورونا سے پیدا شدہ دنیا کے ہنگامی حالات میں جماعت ہائے احمدیہ عالم گیر کی جانب سے بے لوث خدمتِ خلق کے نظارے

جماعت احمدیہ بینن اور خدمت خلق

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بینن حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی رہ نمائی میں آج کل کے ان مشکل حالات سے نمٹنے میں حکومت بینن کے اقدامات میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

دیگر ممالک کی طرح بینن کی حکومت نے بھی تمام مساجد، سکول اور دیگر مذہبی عبادت گاہوں کو وقتی طور پر بند کرنے کا حکم دیا تھا جس کی تعمیل میں بہت سے دیگر غیر احمدی مسلمانوں کے برعکس جماعت احمدیہ نے فوری طورپر تمام مساجد کو بند کر دیا اور اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اجتماعات اور دیگر سرگرمیوں کو ملتوی کردیا تھا۔

حکومتی سطح پر جماعت کی طرف سے 2 مختلف تقریبات میں کُل 16000حفاظتی دستانے، 900ماسکس، سینیٹائزنگ پروڈکٹس (sanatizing products)اور تولیے پیش کیے گئے۔ مورخہ 26مارچ کی ایک تقریب میں جماعت کی طرف سے پیش کردہ اشیاء کا بینن کی آفیشل سائٹ پر ذکر بھی موجود ہے۔

مورخہ 22؍مئی 2020ء کو ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون سے 250 خاندانوں کو راشن اور دیگر ضروریات زندگی باہم مہیا کرنے کا پراجیکٹ شروع کیا گیا جس کے تحت ملک بھر کے تمام ریجنز میں بلا تفریقِ مذہب 250سے زائد خاندانوں کو 3ملین فرانک سیفا سے زیادہ لاگت کا سامان مہیا کیا گیا جس میں اشیاء خورونوش، ماسکس، سینیٹائزر اور دریاں وغیرہ شامل تھیں۔

Covid -19اور عید الفطر

16 مئی کوبینن میں موجود پاکستانی کونسل خانہ کی کونسل جنرل مادام سارہ کے ہمراہ مختلف جماعتی اداروں کا وزٹ کیا گیا اور بینن کے دارالحکومت پورتونوو میں ایک یتیم خانہ دارالاکرام میں 25یتیم بچوں کو جماعت کی طرف سے عید کے موقعے پر تحائف دیے گئے۔

15؍مئی کو کوتونو میں موجود معذور افراد کے لیے بنائے گئے ایک سرکاری ادارے میں اشیاء خورو نوش تقسیم کی گئیں جس سے بیسیوں مستحق افراد مستفید ہوئے۔

کوتونو شہر میں 21مئی کو 339سیکیورٹی اہلکاروں کو چھوٹے چھوٹے عید گفٹس بنا کر تقسیم کیے گئے۔ ان اہلکاروں میں پولیس اور لوکل سیکیورٹی اداروں کے اہلکار شامل تھے۔

اللہ تعالیٰ دنیا کو اس مہلک مرض سے شفا بخشے اور تمام لوگوں کو اپنے رحمان و رحیم خدا کو پہچاننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین اللھم آمین۔

(رپورٹ: منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

خدمت خلق کے میدان میں جماعت احمدیہ گھانا کی مساعی

دنیا کے افراد کورونا وائرس جیسے موذی مرض سے دوچار ہیں۔ اس مرض کا اثر غریب ممالک پر زیادہ مہلک ثابت ہو رہا ہے۔ خدا کے فضل سے گھانا کی جماعت کو اس وقت کے مشکل حالات میں غریب اور مستحقین کی مدد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اس خدمت خلق کے سلسلہ میں چند زونز میں ہونے والے کام کی رپورٹ اختصار سے پیش ہے۔

KASOA ZONE

1: زون نے Ghc 3850.00 کی رقم اکٹھی کر کے 75 غریب اور مستحقین کی مدد کی۔

2: ہیومینٹی فرسٹ گھانا نے مندرجہ ذیل کھانے کی اشیاء زون کو دیں جو مستحقین میں تقسیم کی گئیں: چاول کی 6 بوریاں، Fish Pack کے 12 ڈبے، Tomato paste کے 12 ڈبے اور کھانے پکانے والے تیل کے 3 ڈبے۔

3: ہیومینٹی فرسٹ گھانا نے زون کے سرکٹ LOMNAWA میں 500؍ افراد میں کھانا تقسیم کیا۔

4: ایک احمدی دوست نے زون کو مندرجہ ذیل اشیاء غرباء اور مستحقین میں تقسیم کرنے کے لیے پیش کیں: 5 کلو چاول کے 100 پیکٹس، Sanitizers، منہ کے ماسکس اور Ghc5000.00 نقد۔ ان اشیاء سے استفادہ کرنے والے افراد کی تعداد 100تھی۔

MANKESSIM ZONE

منقسم زون میں مکرم حافظ عبدالناصر صاحب مبلغ سلسلہ کی سر براہی میں ایک وفد نے دو ہسپتالوں میں بعض اشیاء بطور عطیہ دیں۔ ان ہسپتالوں کے نام یہ تھے۔

Abura Dunkuwa District Hospital

Salt pond Municiple Hospital

ان ہسپتالوں کی انتظامیہ نے مندرجہ ذیل اشیاء وصول کیں: سرجیکل فیس ماسکس، لوکل فیس ماسکس، ٹشوز، بلیچ، Sanitizer اور پھل وغیرہ۔

انتظامیہ نے جماعتِ احمدیہ کے اس وفد کا شکریہ ادا کیا اور ان کی دونوں ہسپتالوں کی اس خدمت ِ خلق کی مساعی کو سراہا۔ ان عطیات کی لاگتGhc: 5720.00تھی۔

ACCRA ZONE

1: زون کی طرف سے Ghc: 17,600.00 کی ایک خطیر رقم جمع کی گئی تاکہ اس مشکل کے وقت غریب اور مستحقین کی مدد کی جا سکے۔ اس رقم سے مندرجہ ذیل اشیاء خریدی گئیں۔

چاول، گھی، دودھ، چینی، چائے کی پتی اورمچھلی کے ٹن وغیرہ۔یہ راشن مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔

2: رمضان کے دوران مستحقین میں 1250 کلو چینی اور 1000 کلو چاول تقسیم کیے گئے۔

3: Ghc10,000 کی رقم مختلف مستحق افراد میں نقد تقسیم کی گئی۔

UPPER WEST ZONE

1: Ghc 30,000 کی رقم 150مستحق افراد میں تقسیم کی گئی۔ ہر ایک کے حصے میں 200 گھانین سیڈیز آئی۔

2: چینی کی 30 بوریاں اور چاول کی 30 بوریاں 220 مستحقین میں تقسیم کی گئیں۔

3: 180 قیدیوں میں Liquid Soap اور Hand Sanitizersتقسیم کیے گئے۔

ASIKUMA BEDUM ZONE

Asikuma Bedum زون میں کل Ghc 4750 کی رقم کا راشن احمدی، غیر احمدی اور غیر مسلم مستحقین میں دو بار یعنی رمضان کے ابتدائی اور آخری ایام میں تقسیم کیا گیا۔ ان اشیاء میں چاول، آٹا، کوکنگ آئل، Beans، پتی، خشک دودھ، مسالہ جات اور صابن وغیرہ شامل ہیں۔

علاوہ ازیں عید کے موقع پر جیل میں قیدیوں میں کھانا تقسیم کیا گیا جسے علاقہ کے لوگوں نے سراہا۔ اس راشن کی خرید کے لیے بعض مخیر احمدی حضرات نے رقم مہیا کی۔

اللہ تعالیI احمدی احباب کی ان قربانیوں کو قبول فرمائے اور جزائے خیر عطاء فرمائے اور جلد انسانیت کو اس مشکل سے نجات عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

کونگو برازاویل

حکومت کی طرف سے 18؍اپریل 2020ءسے لاک ڈاؤن میں جزوی نرمی کی گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دی گئی ہے۔ ماسک پہننا لازمی ہے اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ دو کی جگہ ایک سواری بٹھائیں۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

دو بڑے شہروں برازاویل اور پوائنٹ نوار میں سے بلااجازت نکلنا اور داخل ہونا منع ہے۔ باقی اندرون ملک میں یہ پابندی نہیں ہے۔

پبلک اجتماعات، چرچ اور مساجد پر بدستور پابندی ہے۔ جن کلاسوں کے بورڈ کے امتحانات ہونے ہیں۔ ان کے لیے حکومت نے یکم جون سے سکول کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ اب تک ملک میں کورونا وبا کے کنفرم کیسوں کی تعداد ایک سو سے ازئد ہے۔ جن میں معتد بہ حصہ صحت یاب ہو چکا ہے جبکہ بیس سے زائد افراد کی موت واقع ہو گئی ہے۔

عید الفطر

کونگو میں عید الفطر 24مئی کو منائی گئی۔ اجتماعات کی پابندی کی وجہ سے گھروں میں نماز عید کا اہتمام کیا گیا۔ عید کے موقع پر203گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ 40مستحقین میں 4لاکھ 34ہزار فرانک سیفا نقد رقم تقسیم کی گئی۔ 21جماعتوں میں عید والے دن تقریبا ً 1200؍افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔

صدقہ

ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کی طرف سے 10بکروں کا صدقہ دیا گیا۔ بکروں کو ذبح کر کے ان کا گوشت غرباء میں تقسیم کیا گیا۔ اسی طرح جماعت کی طرف سے دو بکروں کا صدقہ دیا گیا۔

یوم خلافت

بفضلہ تعالیٰ پانچ جماعتوں میں چھوٹے پیمانے پر جلسہ یوم خلافت منانے کی توفیق ملی۔

8پروگرامز ریڈیو پر کیے گئے جن میں اسلام میں خلافت کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں بتا یا گیا۔ وٹس ایپ کے گروپ میں حضرت مسیح موعودؑ کی آمد اور وفات اور آپؑ کے بعد قائم ہونے والی قدرتِ ثانیہ کے بارے میں مواد شیئر کیا گیا جس سے احباب کی معلومات میں اضافہ ہوا۔

(رپورٹ: سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button