بینن کے Nikkiریجن میں مسجد کا افتتاح اور جُگّو ریجن میں تین روزہ تربیتی کلاس
افتتاح مسجد Nikki ریجن
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بینن کو Nikki (نِکّی)ریجن کے ایک گاؤں Kouladje (کولاجے) میں ایک نہایت خوبصورت مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی اس مسجد کا افتتاح مورخہ 19؍ جون 2020ء کو کیا گیا۔
مکرم امیر صاحب بینن نے افتتاحی تقریب میں شمولیت کے لئےمکرم الحاجی محمود صاحب کو نمائندہ بنا کربھیجا۔ ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم آدم ناصر صاحب نے ان کا استقبال کیا۔ نا مساعدت حالات، جماعتی مخالفت اور covid-19 ہونے کے باوجود 213؍احباب نے اس پُر مسرت تقریب میں شرکت کی۔
تلاوتِ قرآن کریم اور اس کے ترجمہ کے بعد مکرم الحاجی محمود صاحب نے آمد امام مہدیؑ کے موضوع پر تقریر کی۔ دوسری تقریر ریجنل مبلغ سلسلہ نے مساجد کی اہمیت کے بارے میں کی۔
تیسری اور آخری تقریر لوکل مشنری مکرم Tabe Qasim صاحب نے باجماعت نماز کی اہمیت کے موضوع پر کی۔ رسمی افتتاحی تقریب کے بعد الحاجی محمود صاحب نے نماز جمعہ کی امامت کروائی اور اس طرح یہ بابرکت تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
تربیتی کلاس۔ جُگّو ریجن
اللہ تعالیٰ کے فضل سے بینن کے Djougou (جُگّو) ریجن میں مورخہ 24؍تا 26؍ جون 2020ء تین روزہ تربیتی کلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں جُگّو ریجن کے 6 داعیان الی اللہ سمیت 3 ریجنل عہدیداران، صدر جماعت جُگّو، ریجنل قائد خدام الاحمدیہ اور سیکرٹری فنانس نے بھی شرکت کی۔
بینن میں جُگّو ریجن مسلمانوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور ہر گلی محلہ میں ہر خاندان کی اپنی بنائی ہوئی مساجد اور عربی مدرسوں سے پڑھے ہوئے امام بکثرت مل جاتے ہیں۔ اس ماحول کے پیشِ نظر کلاس کا مقصد شاملین کو تربیتی اور اختلافی مسائل کے بارے میں آگاہی دینا تھا۔ چنانچہ لوکل مبلغ مکرم الحاجی محمود صاحب نے بہت محنت سے قرآنِ کریم، احادیث اور اقتباسات حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفاء کی مدد سے وفاتِ مسیح، آمد امام مہدیؑ اور احمدی ،غیر احمدی میں فرق اور ایک احمدی کی ذمہ داریاں کے موضوعات پر لیکچر تیار کر کےشاملین کو یہ موضوعات ذہن نشین کروائے۔(رپورٹ: منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭