خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
31؍ جولائی کو دنیا کے اکثر ممالک میں عید الاضحیٰ عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر سے کام لیا گیا۔ بعض ممالک پاکستان، بھارت وغیرہ میں عید یکم اگست کو منائی گئی۔
برازیل کی خاتون اول Michelle Bolsonaro کا جمعرات کے روز کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔اس سے قبل ان کے شوہر Jair Bolsonaro کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس سے وہ دو ہفتے بعد صحت یاب ہوئے تھے۔
عالمی ادارۂ صحت کو جمعہ کے روز دنیا بھر میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 292,527؍کیسز رپورٹ ہوئے۔ اموات کی تعداد 6,812؍رہی۔ 40؍ممالک ایسے تھے جن میں گذشتہ ہفتے میں ایک دن میں ریکارڈ نئے کیسز ہوئے۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اس نے فرانسیسی فارماسیوٹیکل کمپنی Sanofi سے کورونا وائرس کی 300؍ملین خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ 27 ممبر ممالک یہ ویکسین کامیاب اور محفوظ ثابت ہونے کے بعد خرید سکیں گے۔
ویتنام میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
برطانیہ میں 29؍مئی تک کے اعداد و شمار کے مطابق شرح اموات گزشتہ سالوں کی نسبت 7.5 فیصد زیادہ رہی۔ یہ یورپ بھر میں اس سال اب تک سب سے زیادہ شرح اموات ہے۔ سپین میں یہ شرح 6.7؍فیصد زیادہ رہی۔
افغانستان کی حکومت کے اس اعلان کے بعد کہ وہ قید میں موجود طالبان کو رہا کریں گے، طالبان نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی قید میں موجود افغان سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو جلد رہا کردیں گے۔
امریکہ کی خلائی کمپنی NASA نے جمعرات کے روز ایک روبوٹ Perseverance زندگی کی تلاش میں مریخ کی طرف روانہ کیا ہے۔ اس روبوٹ کا وزن ایک ٹن ہے اور یہ فروری میں مریخ پہنچے گا۔ یہ وہاں سے پتھر اور مٹی کے نمونے زمین پر بھیجے گا۔ یہ گیارہ دنوں میں مریخ کی طرف بھیجے جانے والا تیسرا مشن ہے۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کے ایک کمرۂ عدالت میں ایک امریکی شہری طاہر نعیم، جس پر توہین رسالت کا الزام، کے قتل پر پاکستان حکومت سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔ اور کہا ہے کہ ایسی اصلاحات کی جائیں کہ آئندہ ایسا واقعہ نہ ہو۔
جمعہ کے روز امریکہ میں کورونا وائرس سے 1,453؍ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جو کہ مئی کے مہینہ کے بعد ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ جولائی میں امریکہ میں کورونا وائرس سے 25,000؍ سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ 29؍جولائی کو امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ دوسری طرف بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ 57,118؍نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے اپریل سے جون کے درمیان ہونے والا مالی خسارہ 88.5؍ بلین ڈالرز رہا۔
میکسیکو میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 46,688 ہوگئی ہے اور اس فہرست میں یہ تیسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
روس کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وہ اکتوبر کے مہینہ سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے خلاف لوگوں کو ویکسین لگانی شروع کریں گے۔ یہ ویکسین حکومتی تعاون سے تیار کی گئی ہے اور اس کے طبی تجربات مکمل کئے جاچکے ہیں۔
سیسے کے زہریلے اثرات کے بارے میں عالمی سطح پر ہونے والی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ سیسے سے متأثرہ بچوں کے تعداد کے لحاظ سے بھارت پہلے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 80 کروڑ بچے سیسے سے متأثر ہیں، یعنی ہر تین میں سے ایک بچہ۔ پاکستان میں یہ تعداد چار کروڑ ہے۔
کراچی میں حالیہ دنوں میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک فوج سے مدد طلب کر لی گئی ہے۔
سندھ کے ضلع گھوٹکی کی ایک مقامی عدالت نے مرغوں کی لڑائی میں آٹھ ماہ سے تحویل میں لئے گئے مرغوں میں سے ایک مرغے کو مالک کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ مالک کو ایک عرصہ قبل ہی ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔ اس مرغے کی روزانی خوراک پر پولیس کو ایک سو روپیہ خرچ کرنا پڑتا تھا۔
اس ہفتے مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے اور درجۂ حرارت 51؍ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی دیکھا گیا۔ عالمی طور پر اس سال مئی کا مہینہ 1981ء سے 2010ء کے مئی کے مہینوں سے 0.63 ڈگری زیادہ گرم رہا۔
افریقہ
خوراک کے پروگرام کے عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی دو تہائی آبادی کو سال کے آخر تک خوراک کے لئے مدد درکار ہوگی۔ اس تشویش ناک صورتحال کی وجہ Covid-19 کی وجہ سے کئے گئے لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں ہونے والے بے روزگاری کو قرار دیا جارہا ہے۔
یوگینڈا کی ایک عدالت نے ایک نایاب گوریلا جس کا نام رفیقی تھا کو مارنے والے شخص کو گیارہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔
کینیا کے وزیر تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاو کو روکنے کے لئے کالج اور یونورسٹیاں اس سال کے آخر تک بند رہیں گیں۔
گیمبیا کے صدر Adama Barrow نے نائب صدر Isatou Turay کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر اپنے آپ کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
زمبابوے نے سفید فام زمینداروں کو ان کی زمین حکومت کی طرف سے لوگوں میں تقسیم کئے جانے کے معاملے میں ان سفید فام زمینداروں کو 3.5؍بلین ڈالر کا معاوضہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ سابقہ صدر Robert Mogabe کی حکومت نے 4,500؍سفید فام زمینداروں کو ان کی زمین سے بے دخل کرکے زمینیں 300,000؍ سیاہ فام خاندانوں میں تقسیم کردی تھیں۔
کاروبار
طیارہ ساز کمپنی Boeing کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جہازوں میں سے 747؍ماڈل کو مزید تیار نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ بعض اور ماڈلز کی پیداوار میں بھی کمی کی جائے گی۔ کمپنی کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہوائی سفروں میں کمی کی وجہ سے 2.4؍ارب ڈالرز کا نقصان ہوچکا ہے۔ پہلے سے اعلان کی گئی سولہ ہزار ملازمتوں میں کٹوتی کے علاوہ مزید ملازمین کو بھی فارغ کیا جائے گا۔
KLM فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے عملہ میں مزید 1,500؍کی کٹوتی کریں گے۔ سال کی دوسری تہائی میں کمپنی کو 1.55؍بلین یورو کا خسارہ ہوا۔
کھیل
کرکٹ
انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میں انگلینڈ نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 172 ؍ رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ نے مطلوبہ حدف اٹھائسویں اوور میں پورا کرلیا۔ انگلینڈ کے Wiley نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مین آف دی میچ ٹھہرے۔ دوسرا ون ڈے ہفتہ کو کھیلا گیا ۔ آئرلیند نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آئرلینڈ نے پہلے بیٹند کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر 212 ؍ رنز بنائے۔ انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 6 ؍ کھلاڑیوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ Jonny Bairstow کو بہترین بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔(cricinfo)
ٹینس
خواتین کی عالمی نمبر ون کھلاڑی Ashleigh Barty نے کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے یو ایس اوپن میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ (بی بی سی سپورٹس)
فٹ بال
سوئٹرزلینڈ کے وکلاء نے فٹ بال کی عالمی فیڈریشن FIFA کے صدر Gianni Infatino کے خلاف سوئٹزرلینڈ کے اٹارنی جنرل Michael Lauberکے ساتھ ایک خفیہ میٹنگ پرقانونی طور پر تحقیقات شروع کی ہیں۔ (بی بی سی سپورٹس)
سویڈن کے فٹ بال کھلاڑی Zaltan Ibrahimovic نے بدھ کے روز جب AC Milan کی طرف سے Sampdoriaکے خلاف 4-1 کی فتح میں گول سکور کیا تو وہ میلان کے دونوں کلبوں AC Milan اور Inter Milan کی طرف سے 50 ؍ گول سکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ (سی این این)
ہفتہ کو ہونے والے FA کپ کے فائنل میں Arsenal نے Chelsea کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ دونوں گول Aubameyang نے سکور کئے۔ (بی بی سی سپورٹس)
Cardiffاور Fulham کے درمیان چیمپئن شب کے میچ میں Cardiff نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی۔ (بی بی سی سپورٹس)
فارمولا ون
Racing Pointٹیم کے ڈرائیور Sergio Perez کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ برٹش گراں پری میں حصہ نہیں لیں گے۔ امکان ہے کہ ان کی جگہ Hulkenberg ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ ہفتہ کے روز ہونے والی کوالیفائنگ ریس میں Mercedesکے Lewis Hamilton نے پول پوزیشن حاصل کی اور پول پوزیشن سے ریس شروع کرکے فاتح رہے۔ آخری چکر میں ان کا ٹائر بھی پنکچر ہو گیا لیکن اس کے باوجود وہ ریس مکمل کرنے اور جیتنے میں کامیاب رہے۔ (بی بی سی سپورٹس)