یورپ (رپورٹس)

علمی ریلی (آن لائن) مجلس انصاراللہ سویڈن

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ سویڈن کو اپنی آن لائن علمی ریلی مورخہ 25؍جولائی 2020ء منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

کورونا وبا نے جہاں پوری دنیا کے حالات کو تبدیل کیا ہے وہیں جماعتی پروگراموں کی ہئیت کو بھی متاثر کیا ہے۔ مجلس انصار اللہ کی ایک اہم تربیتی اور علمی روایت سالانہ اجتماع ہے۔ امسال حالات کی وجہ سےمتبادل کے طور پر آن لائن علمی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

صدر صاحب مجلس انصاراللہ نےخاکسار کو ناظم اعلیٰ علمی ریلی مقرر کیا۔ آن لائن علمی ریلی کا انعقاد اس لحاظ سے منفرد تھا کہ مجلس انصارا للہ کو پہلی مرتبہ اس قسم کی علمی ریلی منعقد کرنے کی توفیق مل رہی تھی۔ اس علمی ریلی کا مقصد انصار بھائیوں کی تعلیمی و علمی استعدادوںکو بڑھانے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے دنوں میں انصار بھائیوں کو جماعتی سرگرمیوں میں مشغول رکھنا بھی تھا۔

علمی ریلی کے لیے وہی نصاب مقرر کیا گیا جوکہ قیادت تعلیم نے سالانہ اجتماع کے لیے تیار کیا تھا۔ حاضری کو بہتر بنانے کے لیے زعماء مجالس، قائد صاحب تربیت اور مربیانِ کرام نے خصوصی کوششیں کیں۔

الحمد للہ اس علمی ریلی میں تمام مجالس کی بھر پور نمائندگی رہی۔ پروگرام وقتِ مقررہ پر 11بجے شروع ہوا۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے صدارت کے فرائض انجام دیے۔ تلاوتِ قرآنِ پاک کے بعد صدر مجلس نے تمام شاملین کے ساتھ مل کر عہد انصارا للہ دہرایا۔ نظم کے بعد خاکسار نے پروگرام پڑھ کر سنایا اور آن لائن پروگرام کے متعلق شاملین کو ہدایات پڑھ کر سُنائیں۔ پروگرام کے افتتاحی اجلاس میں مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج نے انصار اللہ سے خطاب کیا جس میں اُنہوں نے تقویٰ اور طہارت کے متعلق نصائح فرمائیں۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے اپنے مختصر خطاب میں تمام انصار بھائیوں کو آن لائن علمی ریلی کے موقع پر خوش آمدید کہا اور خوشی کا اظہار کیا کہ انصار بھائی اس علمی ریلی میں شامل ہیں۔

افتتاحی اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ مقابلہ جات میں تلاوتِ قرآنِ پاک، نظم اور تقریری مقابلہ جات شامل تھے۔ مربیانِ کرام نے ججنگ کے فرائض انجام دیے۔ انصار بھائیوں نے مقابلہ جات میں بڑے ذوق و شوق سے حصہ لیا۔ علمی مقابلہ جات کے بعد نماز اور طعام کا وقفہ ہوا جس کے بعد علمی ریلی اپنے اختتامی مرحلے کی طرف بڑھی۔

اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ سویڈن اور مبلغ انچارج صاحب سویڈن نے کی۔ تلاوت ، عہد اور نظم کے بعد تلقینِ عمل کا دلچسپ پروگرام تھا۔ مربیان ِکرام نے انصار بھائیوں کو کورونا کے دنوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے، باقاعدہ ورزش کرنے اور تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے علاوہ حضور انور کی انصار اللہ کو مختلف مواقع پر دی گئی ہدایات انصار بھائیوں کوسنائی گئیں۔ اس کے بعد خاکسار نے علمی مقابلہ جات کی رپورٹ پیش کی اور مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار کے اسماء کا اعلان کیا۔ بعد ازاں مکرم نیشنل امیر صاحب نے علمی ریلی کے شرکاء سے خطاب فرمایا اور مجلس انصار اللہ کے قیام کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انصار بھائیوں کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے شاملین کا شکریہ ادا کیا اور علمی ریلی کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ اختتامی دعا کے ساتھ علمی ریلی اپنے اختتام کو پہنچی۔ اللہ پاک اس علمی ریلی کے فیوض و برکات سے ہمیں مستفیض فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:اکرام الحق جنجوعہ۔ ناظم علمی ریلی مجلس انصار اللہ سویڈن)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button