حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(28؍ستمبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 33,327,897

صحت یاب ہونے والے: 24,646,808

وفات یافتگان: 1,002,665

٭…اتوار 27؍ ستمبر کے روزآرمینیا اور آزربائیجان کے درمیان متنازعہ علاقہ ناگورنو کارباخ کی وجہ سے شدید جھڑپوں کا آغاز ہو گیا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو اس کارروائی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

٭…فرانس کے شہر پیر س میں گستاخانہ خاکے بنانے والے طنزیہ میگزین چارلی ہیبڈو (Charlie Hebdo)کے سابقہ دفاتر کے قریب چاقو کے حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں مرکزی ملزم سمیت سات افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ گرفتار شخص نے ان دفاتر کو دانستہ طور پر ہدف بنانے کا اقرار کر لیا ہے۔ پاکستان میں پیدا ہونے والے 18 سالہ حملہ آورنے مبینہ طور پر اپنے اقدامات کو میگزین کی جانب سے پیغمبرِ اسلام ؐکے خاکوں کی حال ہی میں دوبارہ اشاعت کا نتیجہ قرار دیا۔

فرانس کے وزیر داخلہ نے اسے دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ملک اور اس کے صحافیوں کے خلاف ایک خونی حملہ ہے۔ فرانس کے وزیر اعظم نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد کی زندگیاں خطرے سے باہر ہیں۔

٭…امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد کی گئی یکطرفہ پابندیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی نے اسے امریکی بربریت قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے دو روز قبل امریکہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے ایران کے ججز سمیت کئی عہدیداروں اور اداروں کو بلیک لسٹ کردیا تھا۔

٭…اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب کے دوران سعودی عرب کے شاہ سلمان نے ایران پر تندوتیز لفظی حملے کیے جس کے جواب میں اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر مجید تخت روانچی نے سعودی عرب پر یمن کی جنگ میں ’دہشت گردی اور جرائم کی حمایت‘ کرنے کے الزامات عائد کیے۔ تاہم ایرانی سفیر نے الزامات عائد کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کو ’جامع علاقائی مذاکرات‘ کی پیشکش بھی کی ہے۔

٭…فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوامِ متحدہ سے کہا ہے کہ وہ خلیجی ممالک کی جانب سے اسرائیل کے تسلیم کیے جانے کے بعد اگلے سال کے شروع میں امن کے قیام کے لیے ایک عالمی کانفرنس کا انعقاد کرے اور اس میں تمام فریقین شامل ہوں۔

٭…متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات فلسطینیوں کی حمایت اور ان کے لیے امن کے حصول کا خواہاں رہے گا۔ انہوں نے دو ریاستی حل کی حمایت میں متحدہ عرب امارات کے موقِف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای اور اسرائیل کے مابین امن معاہدہ دوطرفہ تعلقات کا نیا باب ہے جس کے نتیجے میں خطے کے استحکام کو فروغ اور امن کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔

٭…لبنان کے نامزد وزیر اعظم مصطفیٰ ادیب نے ایک متوازن کیبنٹ کی تشکیل میں خاص طور پر اس معاملہ میں کہ وزارت مال کس کے سپرد کی جائے، پیش آنے والی مشکلات کی وجہ سے ہفتے کے روز استعفیٰ دے دیا ہے۔

٭…شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ہمسایہ ملک جنوبی کوریا میں اپنے ہم منصب مون جے اِن سے ایک اہلکار کو قتل کر کے ان کی لاش کو آگ لگانے پر معافی مانگی ہے اور کہا کہ یہ ’خوفناک واقعہ‘ پیش ہی نہیں آنا چاہیے تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس طرح کے کسی واقعے پر کم جونگ اُن کی طرف سے ذاتی طور پر معذرت کی گئی ہو۔ جنوبی کوریا کے مطابق ان کا 47سالہ اہلکار شمالی کوریا کے پانیوں میں تیرتا پایا گیا تھا جس کے بعد شمالی کوریا کے فوجیوں نے اس کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا اور اس کی لاش کو آگ لگا دی۔

٭…اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ سے اسلامو فوبیا سے لڑنے کا عالمی دن منانے کا مطالبہ کردیا، انہوں نے کہا کہ انڈیا میں حکومتی سرپرستی میں اسلامو فوبیا کو فروغ دیا جارہا ہے۔ یہ عالمی وبا ہمارے لیے بہترین موقع تھی کہ انسانیت کو قریب لایا جاتا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا بلکہ آپس کی نفرتوں میں اضافہ سے اسلامو فوبیا کو عروج ملا۔ دنیا بھر میں ہمارے مزارات تباہ کیے گئے، نبی کریمﷺ کی توہین کی گئی، قرآن پاک کو جلایا گیا، حال ہی میں چارلی ہیبڈو نے توہین آمیز خاکے جاری کیے، یہ سب کچھ آزادیٔ اظہار رائے کے نام پر کیا جارہا ہے۔

٭…ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اور کہا کہ ’کشمیر کا مسئلہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے بہت اہم ہے۔ یہ اب بھی ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے۔ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہونے کے بعد سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔‘

جبکہ انڈیا نے ترک صدر کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ میں انڈیا کے نمائندے ٹی ایس تریمورتی نے کہا کہ ’مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے بارے میں ہم نے صدر اردگان کا تبصرہ انڈیا کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔ یہ بات انڈیا کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ ترکی کو کسی دوسرے ملک کی خودمختاری کا احترام کرنا سیکھنا چاہیے۔

٭…وزیراعظم پاکستان عمران خان نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے رابطہ کرکے افغان امن عمل کے لیے ایک بار پھر پاکستان کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

٭…امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں شکست کی صورت میں پُرامن انداز میں اقتدار کی منتقلی کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر پوسٹل بیلٹ پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تاہم اکثر امریکی ریاستیں اپنے شہریوں کو کورونا کے وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے ای میل یا پوسٹل ووٹنگ کا ذریعہ اپنانے پر زور دے رہی ہیں۔

٭…ویٹیکن کے ایک اعلیٰ عہدے دار کارڈینل Giovanni Angelo Becciu نے غیر متوقع طور پرا پنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ایسا انہوں نے پوپ فرانسس کے کہنے پر کیا ہے۔ ان پر شبہ ہے کہ انہوں نے چرچ کے پیسے اپنے بھائیوں کو دیے جس کی وہ تردید کرتے ہیں۔ وہ پوپ فرانسس کے ایک قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں اور ویٹیکن میں اہم عہدے پر بھی کام کرچکے ہیں۔

٭…جرمنی کی ایک عدالت نے بڑا فیصلہ دیتے ہوئے اذان پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ مغربی جرمنی کے شہر میونسٹر کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مقامی مسجد کو نماز جمعہ کے لیے اذان دینے کی اجازت ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ اوہرایر کنشویک قصبے کی انتظامیہ کی اس اپیل پر سنایا جس میں مسجد کو اذان دینے پر عائد پابندی کے سابقہ فیصلے کو منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ 2018 میں جرمنی میں ایک مقامی عدالت نے مسجد کے قریب رہنے والے ایک مقامی مسیحی جوڑے کی شکایت پر جمعے کی نماز کے لیے مسجد میں اذان دینے پر پابندی لگا دی تھی۔ یہ جوڑا مسجد سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر رہتا تھا۔

٭…پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کہا ہے کہ انکوائری اور تصدیق کے عمل کی تکمیل اور 82 پائلٹوں کے خلاف کارروائی کے بعد مشتبہ پائلٹوں کے لائسنسوں کا معاملہ اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔ لائسنس منسوخ یا معطل کرنے سے متعلق متعدد احکامات کے بعد سی اے اے نے مختلف ائیرلائنز میں خدمات انجام دینے والے 180 پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس کی تصدیق / جانچ پڑتال کے بعد کلیئرنس دے دی۔ خیال رہے کہ پائلٹس کے مشکوک یا جعلی لائسنسز کے معاملے کا آغاز 24 جون کو اس وقت ہوا جب وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ 860 پائلٹس میں سے 262 ایسے پائے گئے جن کی جگہ کسی اَور نے امتحان دیا تھا۔

٭…پشاور ہائی کورٹ کے ایک رکنی بینچ نے انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں زیر سماعت توہین مذہب کے مقدمے میں مشتبہ قاتل کی عمر کا تعین کرنے کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے جو وینائل جسٹس سسٹم ایکٹ 2018ء (نابالغوں کے لیے موجود قانون) کے تحت ملزم کے ٹرائل کا حکم دے دیا۔ نوعمر لڑکے نے مبینہ طور پر امریکی شہری اور توہین مذہب و رسالت کے ملزم طاہر احمد نسیم کو 29 جولائی کو جوڈیشل کمپلیکس میں کمرہ عدالت میں مبینہ طور پر قتل کیا تھا۔

٭…سپریم کورٹ پاکستان نے سانحہ آرمی پبلک سکول سے متعلق جوڈیشل کمیشن رپورٹ پبلک کرنے کا حکم دیاہے۔ یہ کمیشن پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ابراہیم خان پر مشتمل تھا اور اس نے 500 سے زائد صفحات پر مشتمل سانحہ آرمی پبلک سکول کی رپورٹ جولائی 2020ء میں چیف جسٹس آف پاکستان کو بھیجی تھی۔ پشاور میں 2014ء میں آرمی پبلک سکول پر ہونے والے شدت پسندوں کے حملے کے بارے میں حقائق معلوم کرنے کے لیے تشکیل پانے والے عدالتی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں اس واقعے کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس واقعے نے ہمارے سکیورٹی نظام پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے جبکہ دھمکیوں کے بعد سکیورٹی گارڈز کی تعداد میں کمی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

٭…یوکرین میں ایک فوجی طیارہ اینتونوو26 چوہوئیف نامی شہر میں ایک فوجی ایئرپورٹ سے تقریباً دو کلومیٹر دور گر کر تباہ ہونے کے باعث 26؍افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس طیارے میں خرکیو ایئر فورس یونیورسٹی سے 20کیڈٹس اور سات افسران سوار تھے اور یہ تربیتی پرواز پر تھا۔ صرف ایک شخص حادثے میں زندہ بچ پایا ہے۔

٭…مہاجرین کی عالمی تنظیم کے مطابق جمعرات کو لیبیا کے ساحلوں کے قریب پناہ گزینوں اور مہاجرین کی ایک کشتی الٹ جانے سے تین سوار ہلاک اور تیرہ افراد لاپتہ ہو گئےجبکہ تیرہ افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

٭…فنانشل کرائمز انفورسمنٹ نیٹ ورک کی رپورٹ میں 44 بھارتی بینکوں کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی ممکنہ مالی معاونت کا انکشاف ہوا ہے جن میں پنجاب نیشنل بینک، کوٹک مہاندرا، ایچ ڈی ایف سی، کنارہ بینک، انڈس لینڈ بینک، بینک آف بروڈا شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی بینکوں نے 3201 غیر قانونی ٹرانزیکشنز کے ذریعے 1 ارب 53کروڑ ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی ہے۔

٭…جاپانی کمپنی ٹویوٹا اور امریکی کمپنی جنرل موٹرز کے بعد موٹر سائیکل بنانے والی امریکی کمپنی بارلے ڈویوسن نے بھی دیگر کمپنیوں کی طرح بھارت میں کاروبار بند کرنے کا اعلان کر دیاہے۔ جاپانی کار سازکمپنی نے کہا تھا کہ وہ انڈیا میں ٹیکس کی زیادتی کے باعث اپنے کاروبار کو مزید وسعت نہیں دیں گے۔ ہارلے ڈیوڈسن کے فیصلے کے بعد انڈیا سے 75 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ سینکڑوں افراد کی نوکریاں ختم ہونگی اور بوال میں اس کا موٹر سائیکل بنانے والا پلانٹ بھی بند ہوگا۔ ہندوستان میں سالانہ 17 ملین موٹر سائیکلز اور سکوٹرز فروخت کیے جاتے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے سپین کے حکام نے میڈرڈ اور اس کے اطراف میں لاک ڈاؤن وسیع کردیا ہے جس کے بعد قریبا ًدس لاکھ افراد اس کے دائرہ میں آ گئے ہیں۔

٭…چین کے صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس ویکسین کی آزمائش شروع کرنے کے لیے تعاون کیا، تاہم آزمائش ابھی بھی چل رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہزاروں افراد کو آزمائشی طور پر ویکسین دی گئی ہے اور تیسرے مرحلے کے نتائج تاحال موصول نہیں ہوئے۔

٭…عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ جب تک کوئی ویکسین مکمل طور پر استعمال کے لیے دستیاب نہیں ہوجاتی کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بیس لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جنم لے رہی ہے، جس میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

٭…جاپانی کمپنی یوشیو کے ماہرین نے ایک ایسا لیمپ تیار کیا ہے جس میں موجود الٹرا وائلٹ شعاعیں انسانوں کو نقصان پہنچائے بغیر کورونا وائرس کا خاتمہ کرسکتی ہیں۔

٭…میکسیکو سے تعلق رکھنے والے دنیا کے سب سے وزنی اور فربہ 36 سالہ ہوآن پیڈرو فرانکو، جن کے پاس موٹاپے کا عالمی ریکارڈ بھی ہے، بالآخر کوروانا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ 2017ء میں ان کا وزن 595کلو تھا۔ اب ان کا وزن 208کلو ہے۔

٭…سعودی عرب نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے انڈیا برازیل اور ارجنٹائن سے آنے اور جانے والی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ پابندی ان تمام مسافروں پر عائد ہوتی ہے جو سعودی عرب کے مجوزہ سفر کے دن سے چودہ دن پہلے تک اس ملک میں موجود تھے۔ یہ پابندی حکومتی دعوت پر آنے والوں پر لاگو نہیں ہوگی۔

٭…بھارت میں کورونا وائرس میں مبتلا حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنما اور وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڈی نئی دہلی کے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ 65سالہ سریش میں دو ہفتے قبل کورونا کی تصدیق ہوئی تھی اور وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

فٹبال: ہفتے کے روز ہونے والے انگلش پریمئر لیگ کے میچوں میں Chelsea اور West Brom کا میچ تین تین گول سے برابر رہا۔ Everton نے Crystal Palace کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ مانچسٹر یونائیٹڈ نے برائٹن پر دو کے مقابلے میں تین گول سے فتح حاصل کی۔

جرمنی کی BundesLiga کے میچ میں Augsburg نے B Dortmund کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

کرکٹ:زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کو اکتوبر اور نومبر میں تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کے لیے حکومت کی طرف سے دورۂ پاکستان کی اجازت مل گئی ہے۔ میچز ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button