یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لٹویا کا پہلا اجتماعی وقارعمل

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ عالمگیر دنیا کے مختلف ممالک میں خدمت انسانیّت کے کاموں میں مشغول ہے اور رات دن ضرورت مندوں کی ضروریات کو پورا کرنے کی توفیق پارہی ہے۔

ماہ جولائی میں مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب مال جماعت احمدیہ لٹویا کے ساتھ خاکسار ایک مقامی ضرورت مند غیر مسلم فیملی کو راشن وغیرہ دینے اُن کے گھرگیا تواُن سے دریافت کیا گیا کہ ہم آپ کی مزید کیا خدمت کرسکتے ہیں؟ اس پراُنہوں نے بتایا کہ یہاں کئی لوگ ہماری مدد کرنے آتے ہیں مگر ہمارا ایک کام ہے جس کو کرنے کے لیے کوئی بھی تیار نہیں۔ ہم نے اُن سے کام کی نوعیّت کا پوچھا تو اُنہوں نے بتایا کہ ہمارے بچّوں کا ایک کمرہ ہے جس کو اندر سےرنگ کرنا ہے۔ ہم نے جواباً کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ کے خدّام آپ کی یہ ضرورت بھی پوری کردیں گے۔

چنا نچہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے عید الاضحٰی کے اگلے روز مورخہ یکم اگست کو اہل خانہ سے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہم ایک مقامی مارکیٹ سے رنگ وروغن کا سامان، برش، دستانے وغیرہ خریدنے کے بعد وقارعمل کے لیے اُن کے گھر پہنچ گئے۔ یہ جماعت احمدیہ لٹویا کی جماعتی تاریخ کا پہلا اجتماعی وقارعمل تھا۔ اس کارِخیر میں حصّہ لینے والے تمام دوست وقت مقررہ پر پہنچ گئے اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے اجتماعی دعا کے بعداس کام کا آغاز کیا گیا اور شام چار بجے یہ کام اپنے انجام کو پہنچا۔ تین گھنٹے اس کام پر صرف ہوئے۔ خاکسار کے ساتھ مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال، مکرم محمد وقاص اصغر صاحب نیشنل سیکرٹری ضیافت، مکرم محمد طلحہ احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا، مکرم محسن سلطان خان صاحب طالب علم کمپیوٹر سائنس Riga ٹیکنیکل یونیورسٹی لٹویا اور عزیزم خاقان احمد صائم صاحب طالب علم ہائی سکول Vilnius لتھوانیا نے وقار عمل میں حصّہ لیا۔ اللہ تعالیٰ ان سب دوستوں کو جزائے خیر دے۔ آمین

جب ہم وقارعمل کررہے تھے تو گھر والے بار بار آکر دیکھ رہے تھے۔ اس فیملی کی سربراہ محترمہ آیا وائتوا (Aija Voitova) صاحبہ بڑی حیرت سے ہمارا کام دیکھ رہی تھیں اور اُنہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ ’’آپ کو یہ کام کرتے دیکھ کر مجھےبڑی خوشی ہورہی ہے اوربڑا عجیب سا بھی محسوس ہورہا ہے کہ بظاہر ہمارا آپ لوگوں سے کوئی رشتہ اور تعارف بھی نہیں تھا مگر آپ کہاں پاکستان سے آکر ایک لٹوین کے گھر میں اُن کی مدد کررہے ہیں‘‘۔ خاکسار نے اُنہیں بتایا کہ ان وقارعمل کرنے والے دوستوں میں ایک سکول کے طالب علم کے علاوہ باقی تمام دوست یونیورسٹی میں BS اور MS کے طالب علم ہیں اور خدمت خلق اور خدمت انسانیّت کا یہ کام بڑی خوشی اور بڑے جذبے سے محض ِللہ سرانجام دے رہے ہیں۔

وقارعمل کے اختتام پر اہل خانہ نے بڑی محبّت سے تمام دوستوں کاشکریہ ادا کیا۔ وقارعمل کے بعد تمام دوست مشن ہاؤس آئے اورنماز ظہر وعصر ادا کی گئیں۔ اُس کے بعد تمام دوستوں کوکھانا پیش کیا گیا اور ہمارا یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ محض اپنے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا کو بڑی ترقیات سے نوازے اور ہمیں خدمت انسانیت کی توفیق دیتا چلاجائے۔ آمین

(رپورٹ: بشارت احمد شاہدؔ ۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لٹویا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button