جماعت احمدیہ سیرالیون کی سرگرمیاں
کینیما ریجن کی جماعت بواجے بو میں تقریب آمین
24؍فروری 2021ءکو بواجے بو جماعت میں جماعت احمدیہ سیرالیون کے صد سالہ جشن تشکر اور آمین کی تقریب ہوئی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ جس کے بعد جماعت کی تاریخ بتائی گئی کہ کس طرح سو سال قبل پہلے مبلغ سلسلہ یہاں تشریف لائے اور کس طرح مشکل حالات کے باوجود اسلام احمدیت کا پیغام اس ملک کے گوشے گوشے میں پھیلا۔
بواجے بو کے علاوہ چار اور جماعتوں سے انصار، خدام، لجنہ، ناصرات اور اطفال اوربڑی تعداد میں غیرازجماعت احباب نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ ان غیرازجماعت مہمانوں میں دو چیفڈم سپیکر، چیفڈم امام، دو کونسلر، پرنسپل اور بعض عیسائی دوست بھی شامل تھے۔
اس کے ساتھ ہی آمین کاپروگرام ہوا جس میں مکرم ڈاکٹر شیخو تامو صاحب نائب امیر اول نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآن کریم سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ پانچ بچوں کو دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی اور چھ بچوں نے یسرناالقرآن مکمل کرکے قرآن کریم کا دور شروع کیا۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا اور حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
ناظمین انصاراللہ کا ایک روزہ ریفریشر کورس
27؍فروری 2021ءکو فری ٹاؤن میں قیادت تربیت کے زیر انتظام انصاراللہ کے ناظمینِ اعلیٰ کا ایک ریفریشر کورس ہوا۔ پروگرام کا انعقاد قائد تربیت مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب مربی سلسلہ کی زیرِ نگرانی ہوا۔
ریفریشر کورس میں نماز باجماعت کا اہتمام، ہفتہ وار نفلی روزے کی ترغیب، حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ سننے، حضورِ انور کی خدمت میں باقاعدگی سے دعائیہ خطوط لکھنے، سالانہ تربیتی پروگراموں کا انعقاد کرنے ، رپورٹ سسٹم کو باقاعدہ کرنے اور وقفِ عارضی کی طرف توجہ دلائی گئی۔
امیر جماعت احمدیہ سیرالیون مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب نے ناظمین کو رشتہ ناطہ کا نظام فعال کرنے اور اس کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔
اسی موقع پر تمام ناظمین نے حضورِ انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط بھی لکھے۔
دعا کے ساتھ اس ایک روزہ ریفریشر کورس کا اختتام ہوا۔ اس پروگرام میں ناظمین اعلیٰ کی حاضری سو فیصد رہی۔ الحمدللہ
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)