برازیل کے شہر Rio de Janeiro میں خدمت خلق
برازیل میں کورونا وائرس ابھی تک شدت اختیار کیے ہوئے ہے اور دن بہ دن اس سے متاثر ہونے والے مریضوں میں اضافہ ہو رہاہے جس کے پیش نظر یہاں پر بھی بڑے پیمانہ پر کاروبار متاثر ہوئے ہیں اور غریب عوام میں سے ایک بڑا طبقہ نہ صرف اپنے ذریعہ معاش سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے بلکہ ان کی رہائش کے لیے بھی کوئی مستقل جگہ نہیں رہی۔ یہی وجہ ہے کہ بے گھر لوگوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہونے کی وجہ سے یہاں پر مزدور پیشہ افراد میں سے ایک بڑا طبقہ سڑکوں پر سونے پر مجبور ہے۔
ایسے حالات میں جماعت احمدیہ برازیل نے Rio de Janeiro شہر میں ایک نرسری کے تعاون سے ایسے 100بے گھر افراد کے لیے کھانا تیار کیا۔ نیز اُن کی روز مرہ کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے بعض بنیادی استعمال کی چیزیں جن میں صابن، برش، پیسٹ وغیرہ شامل تھیں ان پر مشتمل پیک بھی تیار کیے چنانچہ مورخہ 28؍ فروری 2021ء کو ان بے گھر افراد میں کھانے پینے اور روز مرہ کی ضرورت کی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ دکھی انسانیت اپنے خالق و مالک کو پہچان کر حقیقی امن اور سکون پائے۔ آمین
(رپورٹ: حافظ احتشام احمد مومن۔ مربی سلسلہ رِیو دِی جَنیرُو۔برازیل)