خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(14؍جون۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 176,747,563
صحت یاب ہونے والے: 3,820,197
وفات یافتگان: 160,801,403
٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے پہلے بیرونِ ملک دورے کا آغاز روس کو یہ سخت تنبیہ کر کے کیا کہ اگر اس نے امریکہ کے خلاف ‘نقصان دہ کارروائیوں’ میں حصہ لیا تو اسے ‘جامع اور معنی خیز نتائج’ کا سامنا کرنا پڑے گا۔صدر جو بائیڈن نے اپنے اس ارادے کا بھی اظہار کیا کہ وہ صدر ٹرمپ کے دور میں کمزور ہونے والے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے تعلقات کو دوبارہ مضبوط کریں گے۔یاد رہے کہ بدھ 9؍ جون کو امریکی صدر اپنے پہلے بیرونِ ملک دورے کے لیے برطانیہ پہنچے تھے۔
٭…اسرائیل کی پارلیمان نے اتوار کو نئی اتحادی حکومت کے قیام کی منظوری دے دی اور اس طرح بنیامن نتن یاہو کے 12 سالہ اقتدار کا اب خاتمہ ہو گیا ہے۔ دائیں بازو کے قوم پرست نفتالی بینیٹ نئے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے اور حکومت کی تبدیلی کی قیادت کی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ سیاسی تعطل کے دو سالوں میں چار انتخابات میں حصہ لینے والی قوم کو متحد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت تمام لوگوں کے لیے کام کرے گی اور اس کی ترجیحات تعلیم ، صحت اور اصلاحات ہوں گی۔
٭…برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے تعلقات میں بگاڑ ممکن نہیں، صدر جو بائیڈن سے ملاقات لاجواب رہی۔انہوں نے کہا کہ ویکسین اور ماحولیاتی تبدیلی جی سیون کانفرنس کا ایجنڈا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ سو ملین سے زائد اضافی ویکسین غریب ممالک کو دے گا، غریب ممالک کو ویکسین کی فراہمی کا عمل آئندہ چند ہفتوں سے شروع ہوگا۔
٭…چین نے جی سیون کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دن ختم ہوچکے ہیں جب ‘چھوٹے’ ممالک کے گروپ دنیا کی قسمت کا فیصلہ کرتے تھے۔چین نے اپنے اس بیان کے ذریعے ان سات امیر ترین ممالک کو نشانہ بنایا جنہوں نے اس کا مقابلہ کرنے کیلئے اکٹھے کام کرنے کی کوشش کی ہے۔چینی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ تمام ملک چاہے وہ چھوٹے ہیں یا بڑے، کمزور ہوں یا طاقتور، امیر ہوں یا غریب، تمام معاملات کو سب کی مشاورت سے چلایا جانا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹے ممالک کے وضع کردہ نام نہاد اصول نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے اصولوں پر مبنی بین الاقوامی آرڈر واحد جائز عالمی نظام ہے۔
٭… برطانیہ میں ہونے والی جی سیون سربراہ اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ کی خاطر بجلی پیدا کرنےکے لیے کوئلے کا استعمال ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔جی سیون کی اس کانفرنس میں تمام ممبر ممالک امریکا، برطانیہ، کینیڈا، اٹلی،فرانس، جرمنی اور جاپان کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
٭…اسرائیل فوج نے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مغربی کنارے کے علاقے جنین میں 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ اسرائیلی فوج نے گرفتاری مشن کے دوران فائرنگ کی جس سے دو فلسطینی سیکیورٹی اہلکار اور ایک فلسطینی جاں بحق ہوگیا۔فائرنگ سے ایک فلسطینی شدید زخمی بھی ہوا ہے۔
٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے مقبول ایپس ٹک ٹاک اور وی چیٹ پر پابندی کی کوشش پر مبنی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈرز کو واپس لیتے ہوئے ایک نئے ایگزیکٹو آرڈر میں امریکا کے محکمہ تجارت کو ہدایت دی ہے کہ چین سے تیار یا سپلائی یا کنٹرول کی جانے والی ایپس میں ملوث لین کا ‘ثبوت پر مبنی’ تجزیہ کیا جائے۔
٭…افغان حکومت کے سینئر عہدیداروں کے مطابق ملک کے 34 میں سے 26 صوبوں میں اس وقت طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں کے نتیجے میں کشیدگی کے ساتھ ساتھ ہلاکتوں میں پریشان کن اضافہ ہوچکا ہے۔ یاد رہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان سیاسی مذاکرات بھی طویل عرصے سے تعطل کا شکار ہیں۔
٭…طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان انخلا کرنے والے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، افغان سرزمین پر کسی غیر ملکی فوج کی موجودگی ناقابل قبول ہوگی۔افغان طالبان کے ترجمان نے قطری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بہانے افغانستان میں موجود غیر ملکی فوج کو دشمن اور قابض سمجھا جائے گا۔ترجمان افغان طالبان نے کہا کہ افغانستان کا تحفظ اور سلامتی صرف افغان عوام کی ذمہ داری ہےجو ہوائی اڈوں اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔
٭…افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہفتہ کے روز دو دھماکے میں ایک خاتون سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔یہ دھماکے کابل کے ڈسٹرکٹ 13کے علاقے دشت آرچی اور ڈسٹرکٹ 6 میں 30 منٹ کے وقفے سے ہوئے۔حکام کا کہنا ہے کہ دشت آرچی میں ہونے والے دھماکےمیں ایک شہری ہلاک اور4 زخمی ہوئے جبکہ ڈسٹرکٹ 6 میں ہونے والے دھماکے میں خاتون سمیت 6 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا۔دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
٭…اسرائیل کی خفیہ ایجنسی ‘موساد’ کے ریٹائرڈ ہونے والے سربراہ یوسی کوہن نے ‘چینل’ 12 کے پروگرام ‘یوودا’ کو انٹرویو دیتے ہوئےاشارہ دیا ہے کہ تل ابیب، ایران کے جوہری پروگرام اور ایک فوجی سائنسدان کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں کے پیچھے تھا۔ یوسی کوہن نے ایران کے جوہری پروگرام میں شامل دیگر سائنس دانوں کو بھی انتباہ دیا کہ انہیں بھی ہدف بنا کر قتل کیا جا سکتا ہے۔ اگر سائنسدان اپنا پیشہ تبدیل کرنے پر راضی ہیں اور ہمارے لیے مزید تکلیف کا باعث نہیں بنتے تو یقیناً ہم انہیں ایک راستہ دیں گے۔
اگرچہ آن کیمرا، یوسی کوہن نے ایرانی سائنسدان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ نہیں کیا لیکن ایک حصے میں انہوں نے ‘ ذاتی طور پر پوری مہم پر دستخط کرنے ’ کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح ایک پک اَپ ٹرک پر موجود خودکار طریقے سے چلنے والی مشین گن سے ایرانی سائنسدان کو قتل کیا گیا اور بعد میں وہ گن خود ہی تباہ ہوگئی۔
٭…امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی مسلمان رکن کانگریس الہان عمر نے ایک ٹویٹ میں لکھا : “ہم نے امریکہ، حماس، اسرائیل، افغانستان اور طالبان کی جانب سے ناقابل تصور ظلم اور بربریت دیکھی ہے۔” انھوں نے مزید لکھا : ’ ہمارے پاس انسانیت کے خلاف جرائم کے تمام متاثرین کے لیے احتساب اور انصاف کا یکساں نظام ہونا چاہیے۔ امریکہ اور اسرائیل کے حماس اور طالبان سے موازنہ کی وجہ سے الہان عمر اس وقت شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
٭…سعودی وزارت حج نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال صرف سعودی شہری اور ملک میں مقیم افراد ہی حج کرسکیں گے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال اور وائرس کی ابھرتی ہوئی نئی اقسام کو دیکھتے ہوئے امسال صرف 60 ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت ہوگی۔ حج کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری ہےکہ وہ کسی لاعلاج مرض میں مبتلا نہ ہوں۔ عمر کی حد 18 سے 65 سال ہو اور کورونا ویکسی نیشن مکمل ہو۔
٭…کینیڈا کےصوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں ٹرک سے کچلے جانے کے بعد جاں بحق ہونے والے مسلمان خاندان سے اظہار یکجہتی اور اسلامو فوبیا اور نسل پرستی کیخلاف بین المذاہب مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مارچ میں مختلف مذاہب کے نمائندگان نے تقاریر کیں جن میں نفرت انگیزی کی مذمت اور کینیڈا میں مسلمان کمیونٹی کی حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیاگیا، جبکہ ٹورنٹو، اوٹاوا، مونٹریال اور کیوبک میں بھی ریلیز نکالی گئیں۔
٭…فرانسیسی صدر عمانویل میکرون کو تھپڑ مارنے والے شخص کو چار ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ڈیمیئن تاریل نامی اس شخص نے عدالت میں اپنا جرم قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ حرکت اچانک جذبات میں سرزد ہوئی لیکن استغاثہ نے کہا کہ یہ ‘دانستہ طور پر کیا گیا تشدد تھا’۔یاد رہے کہ فرانسیسی صدر کے جنوب مشرقی فرانس کے سرکاری دورے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا تھا۔
٭…سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر 8 جون کو نیشنل جیوگرافک نے باضابطہ طور پر بحر منجمد جنوبی کو زمین کا 5 واں سمندر قرار دینے کا اعلان کیا۔ اب تک دنیا بھر میں 4 سمندر بحرہند، بحر اوقیانوس، بحر الکاہل اور آرکٹک اوشن تھے جن کی مختلف شاخیں دنیا بھر میں موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق بحر منجمد جنوبی میں حیران کن حد تک تیز بحری لہریں موجود ہیں جو اسے شمالی سمندروں کے پانیوں سے الگ کرتی ہیں۔ ان لہروں کا بہاؤ تیز اور مغرب سے مشرق میں انٹارکٹیکا کے ارگرد حرکت کرتا ہے۔ اپنی سرحد کے اندر اس سمندر کا پانی دیگر کے مقابلے میں کم نمکین اور زیادہ ٹھنڈا ہے جس کی بدولت انٹارکٹیکا کا درجہ حرارت مخصوص سطح تک برقرار رہتا ہے جبکہ گرم پانی کو دور بہا دیتا ہے۔یاد رہے کہ بحر منجمد جنوبی موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں بہت اہم ہے۔
٭…جنوبی کوریا میں 5منزلہ عمارت کو منہدم کرنے کے عمل کے دوران عمارت سڑک سے گزرنے والی مسافر بس پر گرگئی، جس کے نتیجے میں بس میں سوار 9 افراد ہلاک اور8 شدید زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ گزشتہ دارالحکومت سیئول کے جنوب مغربی حصے میں پیش آیا۔5 منزلہ عمارت گرانے سے قبل عملےکو بھی ہٹالیا گیا تھا تاہم اچانک ایک مسافر بس آگئی اور عمارت کا ملبہ اس پر جاگرا۔حادثے کے وقت بس میں17 افراد سوار تھے۔
٭…امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں فائرنگ کے ایک تازہ واقعے میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کم از کم 14 افراد زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
٭…چین کے شہر شیان کے رہائشی علاقے میں گیس پائپ لائن دھماکے میں 12 افراد ہلاک اور 138 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی شدت سے فوڈ مارکیٹ کی عمارت بھی تباہ ہوگئی۔اس دھماکے کے بعد 150 افراد کو متاثرہ علاقے سے نکالا گیا جس میں سے 37 افراد شدید زخمی ہیں۔ دھماکا اس وقت ہوا جب لوگ خریداری میں مصروف تھے۔
٭…برطانیہ میں کورونا کے سبب عائد پابندیوں کے مکمل خاتمے میں 19 جولائی تک تاخیر کا امکان ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس کے ڈیلٹاویری انٹ کے سبب کیسزمیں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے کورونا پابندیوں میں خاتمے میں ایک ماہ کی تاخیر ہوسکتی ہے۔
٭…پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے صوبے میں جاری سمارٹ لاک ڈاؤن میں 30؍جون تک توسیع کردی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹوں کے اوقات کار رات 8 بجے تک ہوں گے جبکہ دفاتر میں اتوارکو مکمل چھٹی ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ان ڈور ڈائننگ مکمل طور پر بند رہے گی، آؤٹ ڈور ڈائننگ اور شاپنگ مالز کے فوڈکورٹس رات 12 بجے تک کھل سکیں گے جبکہ ٹیک اوے کی اجازت 24 گھنٹے ہوگی۔
٭…متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر 15؍جون سے عوامی مقامات میں داخلے پر پابندی جبکہ ویکسین لگوانے والوں اور منفی کورونا رپورٹ کے حامل افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی۔ گزشتہ تین ہفتوں میں متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
٭…نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ دو میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ڈرا ہوگیا تھا، جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنے کپتان کین ولیمسن کے بغیر انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
٭…عالمی نمبر ایک سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے رافیل نڈال کو شکست دے کر جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں اسٹیفنوس سٹسی پاس نے الیگزینڈر زیوروف کو ہرا فرنچ اوپن کے فائنل میں جگہ بنالی۔ گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں نوواک جوکووچ نے یونان کے سٹیفانوس ٹسیٹسیپاس کو ہرا کر فرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
٭…فرانس میں جاری فرنچ اوپن کے فائنل میں چیک ری بیلک کی باربورہ کریجیکوا کا مقابلہ روس کی انیسٹیسا سے ہوا۔ مقابلے کے آغاز سے ہی بار بورہ نے بہترین کھیل پیش کیا اور پہلا سیٹ چھ ایک سے جیت لیا جس کے بعد انیسٹیسا نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی اور دوسرے سیٹ میں چھ دو سے کامیابی حاصل کی۔ کھیل کا تیسرا اور فیصلہ کن سیٹ باربورہ نے چھ چار سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ باربورہ فرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی چیک ری پبلک کی پہلی کھلاڑی ہیں۔