جلسہ یوم خلافت۔ جماعت احمدیہ فن لینڈ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ نے مورخہ 30؍مئی 2021ء کو آن لائن جلسہ یوم خلافت منایا۔ جلسہ کی صدارت مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے کی۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو حافظ عطاء الاول صاحب نے مع اردو اور انگلش ترجمہ کی۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام کا پاکیزہ منظوم کلام:
لوگو سنو کے زندہ خدا وہ خدا نہیں
جس میں ہمیشہ عادت قدرت نما نہیں
مکرم حبیب اللہ غالب صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد عزیزم طاہر مسرور صاحب نے لوکل فنش زبان میں ایک تقریر خلافت احمدیہ کے موضوع پر پیش کی۔ تقریر اور نظم کے دوران احباب کو آن لائن خلفائے احمدیت کی تاریخی تصاویر بھی دکھائی جاتی رہیں۔
فنش تقریر کے بعد شاملین کو خلافت احمدیہ کے بارے میں ایم ٹی اے سے ایک مفصل ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں خلافت احمدیہ کی تاریخ اور پانچویں خلافت کے دور تک کے مسائل، اللہ تعالیٰ کے فضل اور تحریکات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی تھیں۔ احباب نے اس ویڈیو کو بہت شوق سے اور غور سے دیکھا۔ ڈاکومنٹری کے بعد مکرم علی رضا صاحب نے خلافت کے موضوع پر ایک خوبصورت ترانہ پیش کیا
خلافت کیا ہے اک فضلِ رحیمِ ربّ رحماں ہے
جلسہ کی آخری تقریرمبلغ انچارج صاحب فن لینڈ مکرم مصور احمد شاہد صاحب نے پیش کی۔ آپ کی تقریر کا موضوع خلافت کی برکات تھا۔ آپ نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کس طرح خلافت کے ذریعے اپنے معجزات کا اظہار کرتا ہے اور مختلف واقعات سے حاضرین کو خلافت کی برکات اور اہمیت اور اس کے ساتھ تعلق کو جوڑے رکھنے اور مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ جلسہ کے اختتام پر صدر صاحب جماعت احمدیہ فن لینڈ نے دعا کروائی۔
جلسے کی کل حاضری198 رہی جو کہ قریبا ً70 فیصد ہے۔ الحمدللہ۔
(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)