اطفال الاحمدیہ گنی بساؤ کا عشرہ تربیتی کلاسز
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم اور پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی اور دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو اگست کے مہینہ میں ملک بھر میں اطفال الاحمدیہ کی تربیتی کلاسز منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ ملک بھر کی 56 جماعتوں میں تربیتی کلاسز منعقد کی گئیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
تربیتی کلاسز میں بنیادی دینی معلومات، قاعدہ یسرناالقرآن، قرآن کریم، سادہ نماز، نماز با ترجمہ، حفظ القرآن اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو نصاب میں شامل کیا گیا تھا۔جبکہ اطفال الاحمدیہ کو صفائی اور صحت جسمانی کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔
ملک بھر میں منعقد کردہ تربیتی کلاسز کے ہر دن کا آغاز نماز تہجد، نماز فجر اور درس قرآن مجید سے کیا گیا۔
کلاسز کا باقاعدہ آغاز صبح نو بجے تلاوت قرآن کریم سے کیا جاتا تھا۔ تیار کردہ نصاب کومختلف سیشن میں پڑھایا گیا۔
صبح نو بجے سے نماز ظہر تک دہرائی حفظ قرآن، تلاوت قرآن کریم اور تلفظ کی درست ادائیگی، قاعدہ یسرنا القرآن کے علاوہ قرآن کریم کی چھوٹی چھوٹی سورتیں بھی یادکرائی گئیں۔
نماز ظہر کی ادائیگی اور ظہرانہ کے بعد دوسرے سیشن میں نماز سادہ، نماز باترجمہ کے ساتھ ساتھ ادائیگی نماز کا صحیح طریقہ بھی سکھایا گیا۔ اور اطفال الاحمدیہ کو نماز پابندی سے ادا کرنے اور پنج وقتہ نماز ادا کرنے کی اہمیت بھی سمجھائی گئی۔ اس کے علاوہ دینی معلومات سے سوال وجواب بھی یاد کروائے گئے اور چھوٹی چھوٹی احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم بھی یاد کروائی گئی۔
نماز عصر کے بعد درس حدیث اور بعد ازاں ورزشی مقابلہ جات اور کھیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ نماز مغرب کے بعد مختلف تربیتی مضامین پر درس اور اس کے بعد سوال وجواب کے سیشن میںاطفال الاحمدیہ کے تمام سوالات کے جوابات دیے جاتےرہے ۔ نماز عشاء اور عشائیہ سے فارغ ہوکر ایک گھنٹہ تک حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مختلف اطفال کلاسز دکھانے کا اہتمام کیا جاتارہا۔
ملک بھر میں منعقد کی گئی تربیتی کلاسز میں شاملین کی تعداد 5691 رہی۔ الحمدللہ
کلاسز کے اختتام پر تمام اطفال میں حوصلہ افزائی کے لیے انعامات تقسیم کیے گئے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تمام تر ہدایات پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین